PIB Headquarters
azadi ka amrit mahotsav

جی ایس ٹی میں معقولیت: مدھیہ پردیش میں ترقی اور روزگار میں اضافہ

Posted On: 28 SEP 2025 10:59AM by PIB Delhi

 اہم نکات  

  • اندور کے نمکین مرکز کے  ساتھ 3.5 لاکھ روزگار جڑے ہیں، جی ایس ٹی میں کمی سے مصنوعات 6–7فیصد سستی ہو گئیں۔
  • زرعی آلات اب 7–13فیصد سستے ہوگئے ہیں، جس سے چھوٹے اور حاشیہ پر موجود کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔
  • مہیشوری ساڑیاں، گونڈ پینٹنگز، ٹیراکوٹا، بانس اور پیتل کی دستکاری پر لاگت میں 6–10فیصد راحت ملی ہے۔
  • سیمنٹ اور ریتیلے پتھر کے سیکٹروں میں قیمتیں 8–10فیصد کم ہوئیں، جس سے مکانات اور بنیادی ڈھانچے کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔

 

تعارف       

اندور کی فوڈ اسٹریٹس سے لے کر ستنا کے سیمنٹ مراکز اور مہیشور کے ہتھ کرگھوں تک مدھیہ پردیش کی معیشت زراعت، دستکاری اور صنعت سے گہری جڑی ہوئی ہے۔ حالیہ جی ایس ٹی شرح میں اصلاحات سے توقع ہے کہ ان متنوع شعبوں میں لاگت میں کمی آئے گی، گھریلو صارفین کے لیے ضروری اشیاء زیادہ قابلِ برداشت ہوں گی اور مال بنا نے والوں کے لیے مسابقت میں اضافہ ہوگا۔

اپنی بھرپور تنوع کے لیے مشہور جی آئی ٹیگ شدہ نمکین اور ساڑیاں ہوں یا قبائلی دستکاری، پتھر کا کام اور سیمنٹ، مدھیہ پردیش اب مختلف اشیاء پر کم شرحِ ٹیکس سے فائدہ اٹھانے کے قابل ہے۔ یہ اصلاحات کسانوں، دستکاروں، ایم ایس ایم ایز اور بڑی صنعتوں سب کے لیے سہارا ثابت ہوں گی اور ترقی و روزگار کے نئے مواقع کھولیں گی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0041GVA.jpg

 خوراک کی پروسیسنگ اور زراعت      

اندور نمکین

اندور ایک جی آئی ٹیگ شدہ مرکز ہے جہاں سیو، لونگ سیو، مکسر اور چیوڑا جیسے نمکین تیار کیے جاتے ہیں۔ یہ شعبہ تقریباً 1 لاکھ براہِ راست اور 2.5 لاکھ بالواسطہ روزگار فراہم کرتا ہے جبکہ اس کی برآمدات مشرقِ وسطیٰ، برطانیہ اور امریکہ تک پہنچتی ہیں۔ نمکین پر جی ایس ٹی 12فیصد سے کم کر کے 5فیصد کرنے سے مصنوعات تقریباً 6–7فیصد سستی ہو جائیں گی۔ اس سے گھریلو فروخت میں اضافہ اور برآمدات کی مسابقت میں بہتری متوقع ہے۔

زرعی مشینری

مدھیہ پردیش، بھارت کا دوسرا سب سے بڑا سویا بین پیدا کرنے والا صوبہ، زرعی مشینری کے شعبے میں بھی اہم مرکز ہے۔ اندور، بھوپال، دیواس، گوالیار، اجّین اور وِدیشا کے کلسٹر زیادہ تر ایم ایس ایم ایز کے ذریعے چلائے جاتے ہیں، جو بیج بونے والے آلات، تھریشر، ہارویسٹر اور آبپاشی پمپ تیار کرتے ہیں جو مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور اتر پردیش کے کسانوں تک پہنچتے ہیں۔

یہ شعبہ تقریباً 25,000 افراد کو براہِ راست اور 60,000 افراد کو بالواسطہ روزگار دیتا ہے، جن میں ڈیلرشپ، مکینکس اور سپیئر پارٹس فراہم کرنے والے شامل ہیں۔ ٹریکٹر، پمپ اور زرعی آلات پر جی ایس ٹی کو 12/18فیصد سے کم کر کے 5فیصد کرنے سے مشینری کی قیمتیں تقریباً 7–13فیصد کم ہونے کی توقع ہے۔ اس سے چھوٹے اور حاشیہ پر موجود کسانوں کے لیے جدید زرعی آلات زیادہ قابلِ خرید بن جائیں گے اور مقامی ایم ایس ایم ایز کی درآمدات کے مقابلے میں مسابقت بہتر ہوگی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image005DC50.jpg

 

 ہتھ کرگھا اور دستکاری

یہ ریاست مختلف روایتی دستکاروں کا مرکز بھی ہے، جن میں سے کئی کو جی آئی ٹیگ حاصل ہے اور عالمی سطح پر پہچانا جاتا ہے۔

مہیشوری ساڑیاں

کھرگون ضلع میں مہیشوری ہتھ کرگھا کا شعبہ تقریباً 8,000 بُنکروں کو 2,600 کرگھوں کے ذریعے روزگار فراہم کرتا ہے، جس میں خواتین کے رول بھی اہم ہیں، خاص طور پر دھاگہ لپیٹنے، اسپننگ اور رنگائی میں۔ یہ دستکاری گہری تاریخی جڑیں رکھتی ہے اور اسے 18ویں صدی میں اہیلیہ بائی ہولکر نے دوبارہ زندہ کیا اور فروغ دیا، جن کی شاہی سرپرستی نے مہیشور کو ایک معروف بُنائی مرکز کے طور پر قائم کیا۔

ہلکے وزن کے ریشم-کپاس کے امتزاج، نرم رنگوں اور منفرد الٹا کناروں (بگڈی) کے لیے مشہور، مہیشوری ساڑیاں اب بھی گھریلو مارکیٹ میں مضبوط طلب اور مخصوص برآمدات کے لئے جانی جاتی ہیں، جسے 2010 سے جی آئی ٹیگ کے ذریعے سہارا ملا ہے۔ برآمدات اکثر این جی اوز اور بوتیک شراکت داری کے ذریعے یورپ اور امریکہ تک پہنچتی ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image00682RU.jpg

تکمیل شدہ ٹیکسٹائل مصنوعات پر 2,500 روپے تک جی ایس ٹی کو 12فیصد سے کم کر کے 5فیصد کرنے کی توقع ہے کہ یہ ساڑیاں عام اور متوسط رینج کے شعبے میں تقریباً 6فیصد سستی ہو جائیں گی۔ اس سے شہری خریداروں کے لیے استطاعت بڑھتی ہے، مصنوعی متبادلات کے مقابلے میں مسابقت بہتر ہوتی ہے اور بُنکروں کے خاندانوں کو آمدنی میں زیادہ استحکام ملتا ہے۔

 قبائلی اور لوک دستکاری

گوند پینٹنگز

دو ہزار پندرہ سے جی آئی ٹیگ شدہ فن، گوند پینٹنگز منڈلا، ڈنڈوری، اومریا اور سیونی میں زیادہ تر گھریلو یونٹس تیار کی جاتی ہیں۔ لوک کہانیوں اور اساطیری مواد سے جڑی یہ پینٹنگز مقامی نباتات، حیوانات اور داستانوں کو پیش کرتی ہیں اور اس دستکاری میں خواتین کا کردار بھی برابر کا ہے۔ ملکی سطح پر یہ ہنرکاری میلوں، گیلریوں اور شہری سجاوٹی اسٹوروں میں فروخت ہوتی ہیں جبکہ بین الاقوامی طلب یورپ اور امریکہ کے مجموعہ کاروں، میوزیموں اور آن لائن خریداروں سے آتی ہے۔ گوند آرٹ کو پیرس اور لندن میں بین الاقوامی نمائشوں میں بھی پیش کیا گیا، جس سے اس کی عالمی پذیرائی نمایاں ہوئی۔

جی ایس ٹی کو 12فیصد سے کم کر کے 5فیصد کرنے سے توقع ہے کہ آرٹ ورک تقریباً 6فیصد سستا ہو جائے گا، جس سے فنکاروں کو گیلریوں، ای کامرس اور برآمدی مارکیٹوں میں مضبوط فائدہ ملے گا اور قبائلی کنبوں کے لیے مستحکم آمدنی کی حمایت ہوگی۔

لکڑی کے لیک کھلونے

یہ وراثتی دستکاری زیادہ تر بدھنی (سیہور)، اجین اور گوالیار میں تیار کی جاتی ہے اور تقریباً 2,000–2,500 دستکار اسے جاری رکھے ہوئے ہیں، جن میں خواتین پینٹنگ اور فنشنگ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ روایتی ہاتھ سے چلنے والی لا ٹھیوں پر بنائے جانے والے اور اکثر غیر زہریلے سبزیاتی رنگوں سے رنگے جانے والے یہ کھلونے پلاسٹک کے ماحول دوست متبادل کے طور پر دیکھے جاتے ہیں۔ جی ایس ٹی کو 12فیصد سے کم کر کے 5فیصد کرنے سے قیمتیں تقریباً 6فیصد کم ہو جاتی ہیں، جس سے پلاسٹک کے متبادلات کے مقابلے میں استطاعت بڑھتی ہے، تہواروں اور میلوں میں فروخت مضبوط ہوتی ہے اور جاپان اور یورپ جیسے برآمدی مارکیٹوں میں امکانات بہتر ہوتے ہیں۔

ٹیراکوٹا اور مٹی کی دستکاری

مندلا، بیتول، اجین اور ٹیکم گڑھ ٹیراکوٹا کے کھلونے، مورتیوں اور سجاوٹی اشیاء کے لیے مشہور ہیں جو زیادہ تر دیہی اور خواتین کے زیرِ قیادت گھروں میں تیار کی جاتی ہیں۔ تقریباً 5,000–6,000 دستکار، زیادہ تر دیہی اور ایس سی/ایس ٹی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے اس ماحول دوست دستکاری میں مصروف ہیں، جس کی طلب دیوالی اور نوراتری کے دوران عروج پر پہنچتی ہے۔ جی ایس ٹی کو 12فیصد سے کم کر کے 5فیصد کرنے سے مصنوعات تقریباً 6فیصد سستی ہو جائیں گی، جس سے تہواروں کی فروخت کو سہارا ملے گا اور دستکاروں کی روزگار کی حالت بہتر ہوگی۔

بیل میٹل اور ڈوکرا دستکاری

بیتول اور بالا گھٹ کے قبائلی علاقوں میں تقریباً 5,000 دستکار ڈوکرا کے وراثتی ہنر میں مصروف ہیں جو روایتی لاسٹ ویکس کاسٹنگ کے طریقے سے مورتیوں، مجسموں، زیورات اور سجاوٹی اشیاء تیار کرتا ہے۔

مدھیہ پردیش کی قبائلی میراث سے گہرا تعلق رکھنے والا یہ فن مکمل طور پر ہاتھ سے بنایا جاتا ہے اور منفرد فنش کے لیے قدر کیا جاتا ہے۔ یہ ہنرکاری ملکی سطح پر ہنرکاری کے مراکز اور یورپ و امریکہ کے مخصوص مجموعہ کاروں تک فروخت کی جاتی ہے۔ جی ایس ٹی کو 12فیصد سے کم کر کے 5فیصد کرنے سے مصنوعات تقریباً 6فیصد سستی ہو جائیں گی، جس سے مشین سے بنائی گئی پیتل کی مورتیوں کے مقابلے میں مسابقت بڑھے گی اور دستکار خاندانوں کی آمدنی مستحکم ہوگی۔

لیکیورویئر اور بیل میٹل دستکاری

ٹیکم گڑھ، جھبوا اور علی راج پور کے کلسٹر لیکورویئر اور مذہبی بیل میٹل اشیاء تیار کرتے ہیں جو تقریباً 5,000–6,000 دستکاروں کو روزگار فراہم کرتی ہیں۔ ملکی سطح پر یہ اشیاء مذہبی رسومات، شادیوں اور سجاوٹ میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتی ہیں جبکہ برآمدات یورپ اور امریکہ کے مخصوص بازاروں میں جاتی ہیں۔ بیل میٹل کی اشیاء وسطی بھارت کی روایات میں مذہبی اہمیت رکھتی ہیں اور لیکورویئر اپنی روشن رنگت کے لیے خاص طور پر دیہی میلوں میں پسند کی جاتی ہے۔

این جی اوز کی قیادت میں چلنے والے کوآپریٹو دستکاروں کو شہری خریداروں تک رسائی میں مدد دیتے ہیں۔ بعض بیل میٹل مصنوعات پر جی ایس ٹی 28فیصد سے کم کر کے 18فیصد اور لیکورویئر پر 12فیصد سے کم کر کے 5فیصد کرنے سے صارفین کی قیمتیں تقریباً 6–10فیصد کم ہوں گی، جس سے ملکی میلوں میں مارکیٹ کے مواقع مضبوط ہوں گے اور برآمدات کی نمائش میں اضافہ ہوگا۔

بانس اور جھاڑو کی دستکاری

بالا گھاٹ، منڈلا اور دینورا میں ہزاروں قبائلی کنبے بانس اور جھاڑو سے ٹوکریاں، چٹائیاں، فرنیچر اور سجاوٹی اشیاء بناتے ہیں۔ اس ماحول دوست ہنر میں خواتین مرکزی کردار ادا کرتی ہیں جو تقریباً 12,000 براہِ راست اور 25,000 بالواسطہ روزگار فراہم کرتا ہے۔ اس شعبے کو ٹی آر آئی ایف ای ڈی، وَن دھن یوجنا اور مدھیہ پردیش فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعے فروغ دیا جاتا ہے۔

جی ایس ٹی کو 12فیصد سے کم کر کے 5فیصد کرنے سے بانس اور جھاڑو کی مصنوعات تقریباً 6فیصد سستی ہوں گی، جس سے ملکی سجاوٹی مارکیٹ میں استطاعت بڑھے گی، قبائلی آمدنی مستحکم ہوگی اور ماحول دوست مصنوعات کی یورپ اور مشرقِ وسطیٰ میں برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

پیتل کی دستکاری

ٹیکم گڑھ، چھترپور اور بیتول پیتل کی دستکاری کے اہم مراکز ہیں جہاں وراثتی دستکار خاندان روایتی کاسٹنگ اور نقش و نگار کے ذریعے برتن، چراغ اور سجاوٹی اشیاء تیار کرتے ہیں۔ یہ شعبہ ہزاروں دستکاروں کو روزگار فراہم کرتا ہے جبکہ 2021 میں 82,000 سے زائد دستکار حکومت کے پہچان پروگرام میں رجسٹرڈ تھے۔ ملکی سطح پر پیتل کی اشیاء اب بھی مندر، گھروں اور سجاوٹ میں استعمال ہوتی ہیں جبکہ برآمدات مشرقِ وسطیٰ، امریکہ اور یورپ تک پہنچتی ہیں۔

پیتل کی دستکاری پر جی ایس ٹی کو 12فیصد سے کم کر کے 5فیصد کرنے سے قیمتیں تقریباً 6فیصد کم ہونے کی توقع ہے، جس سے دستکار اسٹینلیس اسٹیل اور المونیم کے متبادلات کے مقابلے میں مسابقت کر سکیں گے اور برآمدی مسابقت میں اضافہ ہوگا۔

 صنعتی شعبے

سیمنٹ

مدھیہ پردیش بھارت کا سب سے بڑا سیمنٹ پیدا کرنے والا صوبہ ہے جس کے اہم مراکز ستنا، کتنی، داموہ اور ریوا ہیں۔ یہ شعبہ تقریباً 50,000 براہِ راست اور 2 لاکھ سے زائد بالواسطہ روزگار فراہم کرتا ہے جس میں کان کنی، نقل و حمل اور معاہداتی کام شامل ہیں۔ صرف ستنا ضلع بھارت کی کل سیمنٹ پیداوار کا تقریباً 10فیصد فراہم کرتا ہے جو اس شعبے میں صوبے کی بالادستی کو ظاہر کرتا ہے۔ جی ایس ٹی کو 28فیصد سے کم کر کے 18فیصد کرنے سے 50 کلوگرام کے سیمنٹ بیگ کی قیمت تقریباً 25–30 روپے کم ہونے کی توقع ہے، جس سے ہاؤسنگ اور انفراسٹرکچر پروجیکٹس میں طلب بڑھے گی اور مقامی پیدا کنندگان کی مسابقت بہتر ہوگی۔

سینڈ اسٹون

گوالیار، شیو پوری اور ٹیکم گڑھ ریتیلے پتھر کے اہم مراکز ہیں جو تقریباً 25,000–30,000 کارکنوں کو روزگار دیتے ہیں، جن میں سے کئی ایس سی / ایس ٹی خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ اپنی نفیس ساخت اور پائیداری کے لیے مشہور، گوالیار سینڈ اسٹون یادگاروں، کلیڈنگ اور فرش سازی میں وسیع پیمانے پر استعمال ہوتا ہے اور یورپ، امریکہ اور خلیج میں بھی مضبوط طلب رکھتا ہے۔ جی ایس ٹی کو 28فیصد سے کم کر کے 18فیصد کرنے سے سلیبز اور ٹائلز تقریباً 8فیصد سستی ہو جائیں گی، جس سے تعمیرات اور ثقافتی مرمت میں طلب بڑھے گی اور دیہی روزگار کی حمایت ہوگی۔

سنگ تراشی اور انلے ورک

گوالیار، جبلی پور، چھترپور اور پانّا پتھر کی نقش نگاری اور انلے ورک کے روایتی مراکز ہیں، جہاں مورتیوں، ستونوں اور سجاوٹی اشیاء کی تیاری ہوتی ہے اور مہارتیں خاندانوں میں نسل در نسل منتقل ہوتی ہیں۔ تقریباً 8,000–10,000 دستکار اس شعبے میں مصروف ہیں، جن میں خواتین پالشنگ اور فنشنگ میں حصہ لیتی ہیں۔ جی ایس ٹی کو 28فیصد سے کم کر کے 18فیصد کرنے سے مصنوعات تقریباً 8–9فیصد سستی ہوں گی، جس سے مندروں کے بورڈز، ثقافتی مرمت کے پروجیکٹ اور مخصوص سجاوٹی مارکیٹوں کی حمایت ہوگی اور دستکار مشین سے بنی مصنوعات کے مقابلے میں مسابقت برقرار رکھ سکیں گے۔

چمڑے کے جوتے

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image007PEVI.jpg

دیواس، اندور اور گوالیار کے کلسٹرز جو صنعتی اکائیوں اور چھوٹے ورکشاپوں کو یکجا کرتے ہیں، تقریباً 40,000 براہِ راست اور 1.2 لاکھ بالواسطہ کارکنوں کو روزگار فراہم کرتے ہیں۔ جوتوں پر 2,500 روپے تک جی ایس ٹی کو 18فیصد سے کم کر کے 5فیصد کرنے سے قیمتیں تقریباً 11فیصد کم ہونے کی توقع ہے۔ اس سے دیہی اور شہری گھروں کے لیے استطاعت بڑھے گی، چھوٹے دستکاروں کے روزگار کی حمایت ہوگی اور مدھیہ پردیش کی جوتے کی صنعت کو مصنوعی متبادلات کے مقابلے میں مسابقت میں مضبوطی ملے گی۔

 

  نتیجہ

جی ایس ٹی میں اصلاحات سے مدھیہ پردیش کے مختلف شعبوں میں فائدہ متوقع ہے، جن میں گھریلو نمکین اور ساڑیاں، قبائلی دستکاری، سیمنٹ، ریتیلے پتھر اور جوتے شامل ہیں۔ لاگت میں کمی سے دستکاروں کی حمایت، ایم ایس ایم ایز کی مضبوطی اور ملکی و عالمی مارکیٹ میں مسابقت بہتر ہونے کی توقع ہے۔

مہیشور کے بُنکروں، مندلا کے فنکاروں، ستنا کے سیمنٹ مزدوروں اور دیواس کے جوتے سازوں تک، یہ اصلاحات دیہی اور شہری روزگار میں وسیع اثر ڈالنے کا وعدہ کرتی ہیں۔ ٹیکس کے بوجھ میں کمی اور نئے مارکیٹ مواقع کے ذریعے یہ تبدیلیاں آتم نربھر بھارت اور وِکسِت بھارت 2047 کے ویژن سے ہم آہنگ ہیں اور مدھیہ پردیش کو جی ایس ٹی اصلاحات کا ایک اہم فائدہ اٹھانے والا صوبہ بناتی ہیں۔

(پی ڈی ایف دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں)

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-6734


(Release ID: 2172402) Visitor Counter : 7
Read this release in: English , Hindi , Tamil