وزارت آیوش
مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو نے آیوروید ٹریننگ ایکریڈٹیشن بورڈ (اے ٹی اے بی) کی پہل قدمیوں سے متعلق جائزہ میٹنگ کی صدارت کی
آیوش وزارت کی جانب سے قائم کیا گیا اے ٹی اے بی بھارت اور بیرون ملک آیوروید کورسز کو موجودہ ضابطےکے دائرہ کار سے آگے منظوری دینے کیلئے کام کرتا ہے
اے ٹی اے بی نے 113 آیوروید کورسز کو منظوری دی ہے اور 41 بیرون ملک پیشہ ور افراد کی توثیق کی ہے، جو بھارتی روایتی طب پر عالمی اعتماد کو مضبوط کرتا ہے
Posted On:
26 SEP 2025 12:23PM by PIB Delhi
آیوش وزارت نے آیوروید ٹریننگ ایکریڈٹیشن بورڈ (اے ٹی اے بی) کی پیش رفت اور آیوروید کے عالمی دائرہ کار کو کورس کی منظوری اور پیشہ ورانہ توثیق کے ذریعے بڑھانے کی جاری کوششوں کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی میٹنگ کا انعقاد کیا۔ میٹنگ کی صدارت آیوش کی وزارت کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت، حکومت ہند کے وزیر مملکت جناب پرتاپ راؤ جادھو نے کی۔ اس موقع پر سکریٹری ویدراجیش کوٹیچا بھی موجود تھے۔
میٹنگ کے دوران، ڈاکٹر وندنا سیروہا نے اے ٹی اے بی کی کامیابیوں اور اس کی حکمت عملی کو اجاگر کیا، خاص طور پر اس کے کردار پر زور دیا گیا جو قومی کمیشن برائے بھارتی نظام طب (این سی آئی ایس ایم) ایکٹ، 2020 (سابقہ آئی ایم سی سی ایکٹ، 1970) کے دائرہ کار سے باہر آیوروید کورسز کو منظور کرنے اور بیرون ملک آیوروید پیشہ ور افراد کے لئے حال ہی میں متعارف کردہ توثیقی اسکیم میں شامل ہے۔
آیوروید ٹریننگ ایکریڈٹیشن بورڈ (اے ٹی اے بی) وزارت آیوش کی جانب سے راشٹریہ آیوروید ویدیاپیٹھ (آر اے وی) کے انتظامی فریم ورک کے تحت دسمبر 2019 میں جاری گزیٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے قائم کیا گیا۔ اے ٹی اے بی کا قیام بھارت اور بیرون ملک ایسے آیوروید ٹریننگ کورسز کو منظور کرنے کے لئے کیا گیا جو موجودہ قانونی اداروں کے تحت ریگولیٹ نہیں ہوتے۔
اب تک، اے ٹی اے بی نے 113 آیوروید ٹریننگ کورسز کو منظور کیا ہے، جن میں 24 بھارتی اداروں کے 99 کورسز اور 2 ممالک کے 14 بین الاقوامی کورسز شامل ہیں، جس سے عالمی سطح پر آیوروید تعلیم کے معیار اور اعتبار کو نمایاں طور پر فروغ ملا ہے۔
اس کے علاوہ، اے ٹی اے بی نے ایک منظم توثیقی اسکیم نافذ کی ہے، جس کا مقصد بیرون ملک عملی آیوروید پیشہ ور افراد کو باقاعدہ طور پر تسلیم کرنا ہے۔ اس اسکیم سے یہ یقینی بنایا جاتا ہے کہ پریکٹیشنرز مہارت، علم اور اخلاقی معیارات میں سخت معیار پر پورا اترتے ہیں۔ اس اقدام کے تحت اب تک 41 بیرون ملک عملی آیوروید ڈاکٹروں کو باقاعدہ طور پر توثیق دی جا چکی ہے، جس سے ایک قابل اعتماد عالمی نیٹ ورک قائم ہوا ہے۔
یہ توثیقی اسکیم پیشہ ورانہ قانونی حیثیت کو بڑھاتی ہے، بین الاقوامی نقل و حرکت کو آسان بناتی ہے، اور دنیا بھر کے مین اسٹریم ہیلتھ کیئر سسٹمز میں آیوروید کے انضمام کی حمایت کرتی ہے۔ یہ عوام کے اعتماد کو بھی مضبوط کرتی ہے اور تعلیم، تحقیق، اور بھارت کی روایتی طبی وراثت کے فروغ میں عالمی تعاون کیلئے مواقع پیدا کرتی ہے۔
آیوش وزارت آیوروید کی معیار، اعتبار اور عالمی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اے ٹی اے بی جیسے ادارہ جاتی میکانزم کے ذریعے اپنی عزم کو جاری رکھے ہوئے ہے، اور بھارت کے وژن کے مطابق روایتی طبی نظام کو عالمی صحت و فلاح کے ایک ستون کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔



***
ش ح۔ ک ا۔ ع د
U.NO.6649
(Release ID: 2171664)
Visitor Counter : 5