امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
بھارت نے 89 ویں بین الاقوامی الیکٹرو ٹیکنیکل کمیشن (آئی ای سی) کی جنرل میٹنگ کی میزبانی کی
بھارت او آئی ایم ایل پیٹرن منظوری سرٹیفکیٹ جاری کرنے والا 13 واں ملک بن گیا ؛ ڈیجیٹل انڈیا، قابل تجدید توانائی اور پائیدار ٹیکنالوجیز میں آگے بڑھ رہا ہے: خوراک اور صارفین کے امور کے مرکزی وزیر
بھارت میں مہنگائی 11 سال کی کم ترین سطح پرہے، 474 مراکز کے ذریعے قیمتوں کی نگرانی کی گئی: جناب پرہلاد جوشی
بی آئی ایس نےتقریبا 24,000 معیارات، وسیع تر سرٹیفیکیشن کوریج اور ہال مارکنگ میں سنگ میل کی حیثیت کی حامل اصلاحات کے ساتھ قوم کی تعمیر میں شراکت دار کے طور پر کردار کو بڑھایا: جناب جوشی
پی ایل آئی اسکیمیں، سیمیکون انڈیا اور گرین انرجی مشن بھارت کو الیکٹرانکس اور ماحولیات کے لیےسازگار ٹیکنالوجیز کے عالمی مرکز کے طور پر ابھرنے کی تحریک دے رہے ہیں: جناب جوشی
Posted On:
15 SEP 2025 8:57PM by PIB Delhi
صارفین کے امور، خوراک اور سرکاری نظام تقسیم کے مرکزی وزیر جناب پرہلاد جوشی نے آج نئی دہلی میں 89 ویں بین الاقوامی الیکٹرو ٹیکنیکل کمیشن (آئی ای سی) کی جنرل میٹنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت او آئی ایم ایل (انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف لیگل میٹرولوجی) پیٹرن کی منظوری کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے والا دنیا کا 13 واں ملک بن گیا ہے، جو قانونی میٹرولوجی کے شعبے میں ایک سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک ڈیجیٹل انڈیا، قابل تجدید توانائی اور پائیدار توانائی کا تعلق ہے، تو بھارت دنیا سے آگے بڑھ رہا ہے۔
جناب جوشی نے بتایا کہ بھارت کی افراط زر کی شرح آج 11 سال میں سب سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے پورے دور حکومت میں افراط زر پر قابو پایا گیا ہے اور ملک بھر میں قیمتوں کی نگرانی کے 474 مراکز کے ذریعے ضروری اشیاء کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
وزیر موصوف نے مزید کہا کہ بھارت بہت جلد بھارت کے عین معیاری وقت کی تشہیر کے لیے ایک پروجیکٹ شروع کرے گا، جسے صارفین کے امور کے محکمے نے نیشنل فزیکل لیبارٹری اور اسرو کے تعاون سے شروع کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کا مقصد ملک بھر میں پانچ مقامات سے بھارتی معیاری وقت کو پھیلانے کے لیے ضروری ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچہ تیار کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹریٹجک اور غیر اسٹریٹجک دونوں شعبوں کے لیے درست وقت کا پھیلاؤ ضروری ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ آئی ای سی نے برقی تکنیکی شعبے میں عالمی معیارات کو آگے بڑھانے میں ناگزیر کردار ادا کیا ہے۔ رضاکارانہ، اتفاق رائے پر مبنی معیار کے عزم کے ذریعے، آئی ای سی نے ایک ایسی دنیا کی تشکیل میں مدد کی ہے جہاں ٹیکنالوجی موثر، باہمی تعاون کے قابل، محفوظ، جامع اور پائیدار ہو۔ انہوں نے اختراع، علم کے اشتراک اور طویل مدتی شراکت داری کو فروغ دینے والے ماحول میں دنیا کے سرکردہ الیکٹرو ٹیکنیکل ماہرین کو اکٹھا کرنے کی اپنی روایت کو جاری رکھنے کے لیے آئی ای سی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز (بی آئی ایس) کے ذریعے اس سال کے اجتماع کی میزبانی کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔
جناب جوشی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ عالمی معیار کاری کے اس سفر میں بی آئی ایس نے بھارت کی تبدیلی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بھارت کے قومی معیارات کے ادارے کے طور پر ، بی آئی ایس نے نہ صرف تکنیکی فریم ورک کو مضبوط کیا ہے بلکہ پائیداری کے اہداف کے ساتھ معیار کو بھی ہم آہنگ کیا ہے۔ بین الاقوامی فورمز میں فعال شرکت کے ذریعے، بی آئی ایس نے معیارات کی ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے، اختراع کی حوصلہ افزائی کی ہے اور تمام شعبوں میں گرین ٹیکنالوجیز کی ترقی میں سہولت فراہم کی ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ پچھلے گیارہ سال میں بی آئی ایس نے اپنے کردار کو تکنیکی ریگولیٹر سے بڑھا کر قوم کی تعمیر میں ایک حقیقی شراکت دار بننے تک بڑھایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج بھارت کے پاس تقریبا 24,000 بھارتی معیارات ہیں جو اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ مصنوعات حفاظت اور کارکردگی کے عالمی معیارات پر پورا اترتی ہیں۔ سرٹیفیکیشن کوریج 2014 میں 14 کوالٹی کنٹرول آرڈرز کے تحت صرف 106 مصنوعات سے بڑھ کر اس وقت 186 کیو سی اوز، 2 افقی کیو سی اوز اور اومنی بس ٹیکنیکل ریگولیشنز کے تحت 769 مصنوعات تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جولائی 2021 میں سونے کے زیورات کے لیے ایچ یو آئی ڈی پر مبنی ہال مارکنگ کا تعارف ایک سنگ میل ہے، جس کے تحت 48 کروڑ سے زیادہ اشیاء کو پہلے ہی ہال مارک کیا جا چکا ہے، ہال مارکنگ مراکز 2014 میں 285 سے بڑھ کر آج 1600 ہو گئے ہیں، جن میں 373 اضلاع کا احاطہ کیا گیا ہے اور 2 لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ زیورات شامل ہیں۔ اس کامیابی کی بنیاد پر چاندی کے زیورات اور نوادرات کی ہال مارکنگ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس لیبارٹریوں نے اپنی صلاحیت کو کئی گنا بڑھایا ہے، تسلیم شدہ لیبارٹریوں کا نیٹ ورک 2014-15 میں 81 سے بڑھ کر 2025 میں 382 ہو گیا ہے، جبکہ اسی عرصے میں پینل میں شامل لیبارٹریوں کی تعداد 62 سے بڑھ کر 287 ہو گئی ہے۔ معیار کی کوالٹی کی اہمیت کے بارے میں اداروں اور عہدیداروں کو حساس بنانے کے لیے 600 سے زیادہ اضلاع میں پروگراموں کے انعقاد کے ساتھ تربیتی اور آؤٹ ریچ سرگرمیوں کو بھی مضبوط کیا گیا ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ آج بھارت بڑے پیمانے پر تکنیکی اور صنعتی تبدیلی کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ مینوفیکچرنگ کا شعبہ پیداواریت کو بڑھانے کے لیے آٹومیشن اور درستی کو اپنا رہا ہے۔ اسمارٹ فیکٹریاں، انڈسٹری 4.0 اور سائبر فزیکل سسٹم صنعت کے مستقبل کی نئی تعریف کر رہے ہیں۔ دنیا میں دوسرا سب سے بڑا موبائل فون بنانے والا ملک ہونے سے لے کر برقی گاڑیوں اور شمسی ٹیکنالوجیز کے لیے سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی منڈیوں میں سے ایک بننے تک ، بھارت کی ترقی امنگوں سے چل رہی ہے، جس کی حمایت پالیسی کے ذریعے کی جا رہی ہے اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے اس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ برقی تکنیکی اور توانائی کے شعبوں میں بھارت کا سفر پائیدار ترقی اور آب و ہوا کے لچیلے پن کے قومی وژن پر مبنی ہے۔ فاسل ایندھن پر انحصار کرنے کے بجائے بھارت قابل تجدید توانائی، ماحولیات کے لیے سازگار ٹیکنالوجی اور کم کاربن والے بنیادی ڈھانچے کی طرف بے مثال تبدیلی لارہا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2023 میں اپنی جی 20 صدارت کے دوران بھی بھارت نے توانائی کی منتقلی اور ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کو اہم توجہ کے حامل شعبوں کے طور پر ترجیح دی تھی ۔
وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ پیداوار سے منسلک ترغیبی اسکیمیں، میگا انڈسٹریل کوریڈور، سیمیکون انڈیا پروگرام اور اعلی اثرات والی سرمایہ کاری بھارت کو الیکٹرانکس اور سیمی کنڈکٹر کے عالمی مرکز کے طور پر ابھرنے میں مدد کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی نیشنل گرین ہائیڈروجن مشن، پی ایم-کسم، پی ایم سوریہ گھر یوجنا اور فیم انڈیا اسکیم جیسے اقدامات ماحولیات کے لیے سازگار توانائی کی ٹیکنالوجی کی طرف منتقلی کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپ انڈیا اور ڈیجیٹل انڈیا جیسے تبدیلی لانے والے پروگراموں کے تعاون سے بھارت کے نوجوان برقی تکنیکی شعبے میں پائیدار ٹیکنالوجی کا آغاز کر رہے ہیں، جہاں اختراع اور ماحولیاتی شعور ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ میٹنگ کے ساتھ منعقد ہونے والی نمائش میں، شرکاء اسٹارٹ اپس اور صنعتی تنظیموں کے ذریعے کیے جانے والے کام کا تجربہ کریں گے جو زراعت اور صحت کی دیکھ بھال سے لے کر اسمارٹ انفراسٹرکچر ، اے آئی اور ڈیجیٹل حل تک کے شعبوں میں پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش نہ صرف ایک نمائش ہے بلکہ بامعنی مشغولیت، تعاون اور شراکت داری کا ایک پلیٹ فارم بھی ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ یہ تقریب بھارت کے مشترکہ انسانی جذبے کا جشن بھی ہے۔ ملک کے متمول ورثے، تنوع اور مہمان نوازی کی عکاسی کرنے کے لیے ثقافتی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔ انہوں نے شرکاء کو دعوت دی کہ وہ بھارت کا نہ صرف پائیداری میں ایک ابھرتی ہوئی طاقت کے طور پر، بلکہ ایک ایسی تہذیب کے طور پر بھی تجربہ کریں جو اتحاد، تخلیقی صلاحیتوں اور روایت میں پروان چڑھتی ہے۔
وزیر موصوف نے یہ کہتے ہوئے اپنی بات ختم کی کہ بھارت ڈیجیٹل اختراع، قابل تجدید توانائی اور پائیدار ٹیکنالوجی میں دنیا سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ 89 ویں آئی ای سی جنرل میٹنگ کے مباحثے، بصیرت افروز معلومات اور اشتراک برقی تکنیکی معیار اور پائیدار اختراع پر عالمی گفتگو کو تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
*******
ش ح۔ ک ح۔ ن م۔
(U: 6065)
(Release ID: 2167104)
Visitor Counter : 2