نیتی آیوگ
azadi ka amrit mahotsav

محترمہ نرملا سیتا رمن اور جناب اشونی ویشنو نے نیتی آیوگ کا ”اے آئی فار وکست بھارت روڈ میپ“ اور ”فرنٹیئر ٹیک ریپوزٹری“ لانچ کیا


یہ اقدامات ”فرنٹیئر ٹیک ہب“ کے تحت شروع کیے گئے ہیں تاکہ بھارت کو 2047 تک وکست بھارت میں تبدیل کرنے کے عمل کو تیز کیا جا سکے

Posted On: 15 SEP 2025 6:26PM by PIB Delhi

نیتی آیوگ نے آج اپنے ”فرنٹیئر ٹیک ہب“ کے تحت دو انقلابی اقدامات کا آغاز کیا: ’اے آئی فار وکست بھارت روڈ میپ: تیز رفتار اقتصادی ترقی کے مواقع‘ اور ’نیتی فرنٹیئر ٹیک ریپوزٹری‘۔ یہ روڈ میپ محترمہ نرملا سیتا رمن، وزیر خزانہ و کارپوریٹ امور، جناب اشونی ویشنو، وزیر ریلوے، اطلاعات و نشریات اور الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی، جناب سمن بیری، نائب چیئرمین نیتی آیوگ، جناب بی وی آر سبرامنیم، سی ای او نیتی آیوگ اور جناب ایس کرشنن، سکریٹری، وزارت الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مشترکہ طور پر جاری کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ بھارت کے تمام اضلاع میں ترقی کے لیے اے آئی پر مبنی ٹیکنالوجی کو اپنانا چاہیے اور ٹیکنالوجی میں اختراعات کے لیے تعاون پر مبنی ایکو سسٹم کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیتی آیوگ کا ”فرنٹیئر ٹیک ہب“ ایک شہد کے چھتے کی مانند ہے، جو حکومت، صنعت اور موجدوں کو ایک جگہ جمع کرتا ہے اور خیالات کو اثر انگیز نتائج میں تبدیل کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت فرنٹیئر ٹیکنالوجیوں کے میدان میں پیچھے رہنے کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہمیں قیادت کا ہدف رکھنا چاہیے۔

جناب اشونی ویشنو نے کہا کہ اے آئی بنیادی طور پر ہمارے کام کرنے اور جینے کے طریقے کو بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی تبدیلی آج یہ ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں یہ اعتماد پیدا ہوا ہے کہ وہ ”وکست بھارت“ کا خواب دیکھ سکتے ہیں۔ آج کی ترقی مضبوط، جامع اور ٹیکنالوجی پر مبنی ہے۔

یہ روڈ میپ ایک عملی لائحہ عمل فراہم کرتا ہے تاکہ اے آئی کے وعدے کو حقیقت میں بدلا جا سکے۔ اس میں دو بڑے نکات اجاگر کیے گئے ہیں: (i) صنعتوں میں اے آئی کے تیز رفتار استعمال کے ذریعے پیداواری صلاحیت اور کارکردگی میں اضافہ؛ (ii) جنریٹیو اے آئی کے ذریعے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کو بدل کر بھارت کو اختراعات پر مبنی مواقع میں لیپ فراگ کرنے میں مدد دینا۔ روڈ میپ یہاں دستیاب ہے: https://niti.gov.in/sites/default/files/2025-09/AI-for-Viksit-Bharat-the-opportunity-for-accelerated-economic-growth.pdf

اس کے ساتھ ہی ”فرنٹیئر ٹیک ریپوزٹری“ میں بھارت کے مختلف حصوں سے 200 سے زائد اثر انگیز کہانیوں کو پیش کیا گیا ہے، جو چار شعبوں زراعت، صحت، تعلیم اور قومی سلامتی پر مشتمل ہیں۔ یہ دکھاتا ہے کہ کس طرح ریاستیں اور اسٹارٹ اپس ٹیکنالوجی کا مقصدی استعمال کرتے ہوئے زندگیوں کو بدل رہے ہیں۔ ریپوزٹری یہاں دستیاب ہے: https://frontiertech.niti.gov.in/

جناب بی وی آر  سبرامنیم، سی ای او نیتی آیوگ نے کہا کہ بھارت کی 8 فیصد ترقی کی خواہش پیداواری صلاحیت اور اختراع میں زبردست تبدیلی کا تقاضا کرتی ہے، اور اے آئی اس صلاحیت کو کھولنے کی کنجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”اے آئی فار وکست بھارت روڈ میپ“ ایک واضح، شعبہ وار ایکشن پلان فراہم کرتا ہے، جبکہ ”فرنٹیئر ٹیک ریپوزٹری“ ریاستوں اور اضلاع کو حقیقی دنیا میں اثر ڈالنے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کی ترغیب دیتی ہے۔ انہوں نے دو اقدامات کے آغاز کا بھی اعلان کیا:

  • فرنٹیئر 50 انیشی ایٹو: جس کے تحت نیتی آیوگ 50 امید افزا اضلاع/بلاکس کو ریپوزٹری سے کیس اسٹڈیز منتخب کرنے اور ایسی فرنٹیئر ٹیکنالوجی نافذ کرنے میں مدد دے گا جو خدمات کی تیز رفتار فراہمی کو ممکن بنائیں۔
  • نیتی فرنٹیئر ٹیک امپیکٹ ایوارڈز فار اسٹیٹس: تین ریاستوں کو اعزاز دینا جو گورننس، تعلیم، صحت، روزگار وغیرہ میں ٹیکنالوجی کے استعمال میں نمایاں کارکردگی دکھائیں اور انہیں بڑے پیمانے پر اثر انگیز نتائج حاصل کرنے میں مدد دینا۔

محترمہ دبیجانی گھوش، ڈسٹنگوئشڈ فیلو نیتی آیوگ اور فرنٹیئر ٹیک ہب کی چیف آرکیٹیکٹ نے کہا کہ اگلی بڑی ٹیکنالوجیکل لہر اے آئی سے بھی زیادہ انقلابی ہوگی۔ بھارت کی قیادت کے لیے یہ ضروری ہے کہ رجحانات کو بروقت پہچانا جائے اور سخت بنیادوں پر مبنی روڈ میپ تیار کیے جائیں تاکہ سپلائی چین کو مضبوط بنایا جا سکے، عالمی معیارات وضع کیے جا سکیں اور مضبوط اتحاد قائم کیے جا سکیں۔

اس تقریب میں اسٹارٹ اپ بانیان، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ، صنعت کے رہنما اور مختلف ریاستوں کے سرکاری اہلکاروں نے شرکت کی جنہوں نے جڑ سطح پر فرنٹیئر ٹیکنالوجیز کو اپنا کر تبدیلی لائی ہے۔

*********

ش ح۔ ف ش ع

                                                                                                                                       U: 6047

 


(Release ID: 2166940) Visitor Counter : 2