کامرس اور صنعت کی وزارتہ
بھارت کی ترقی کے سفر میں پائیداریت پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا: کامرس اورصنعتوں کے مرکزی ویزر جناب پیوش گوئل
عالمی معیارات سے ہم آہنگ ہونے سے معیار، آزاد تجارت اور بین الاقوامی تعاون کو تقویت ملے گی: جناب گوئل
حکومت، معیار اور پائیداری کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے مشن موڈ میں کام کر رہی ہے: جناب گوئل
الیکٹریکل اور الیکٹرانک صنعت توانائی کی کارکردگی اور پائیداری میں اہم کردار ادا کرے گی: جناب گوئل
Posted On:
15 SEP 2025 2:55PM by PIB Delhi
بھارت کی ترقی کے سفر میں پائیداریت پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا ہے، یہ بات وزیرِ تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے آج بیورو آف انڈین اسٹینڈرز (بی آئی ایس) کی جانب سے منعقدہ بین الاقوامی الیکٹروٹیکنیکل کمیشن (آئی ای سی) جنرل میٹنگ نمائش کے افتتاحی خطاب کے دوران کہی۔ جناب گوئل نے کہا کہ ماحولیاتی ہم آہنگی کی ثقافت اورروایت میں پیدائش کے ناطے بھارت ترقی کے ستون کے طور پر پائیداری پر بھرپور توجہ دے رہا ہے کیونکہ ہر بھارتی فطری طور پر قدرت کا احترام کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ترقی یافتہ دنیا سے سیکھنے پر یقین رکھتا ہے، خاص طور پر ان اعلیٰ معیاروں سے جو دنیا بھر کی معیشتوں کو فروغ اور خوشحالی فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے اعلیٰ معیار بھارت کی اپنی ترقی کے لیے بھی مرکزی حیثیت رکھتے ہیں، کیونکہ بھارت دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھتی بڑی معیشت ہے۔
وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بین الاقوامی الیکٹروٹیکنیکل کمیشن جنرل میٹنگ جیسی پہل نظریات، نظام اور طریقہ کار کے تبادلے کے لیے ایک قیمتی پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں تاکہ معیارات کا تعین کیا جا سکے۔ جب ممالک ایسے معیارات تیار کرنے کے لیےیکجاہوتے ہیں، تو نہ صرف یہ عمل کو ہم آہنگ کرنے اور کم از کم معیارکی بلندسطح پر پہنچانے میں مدد دیتا ہے بلکہ مضبوط اقتصادی تعاون کے مواقع بھی پیدا کرتا ہے۔ وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ اچھے معیارات ایک ترقی پذیر ملک جیسے بھارت کے لیے آج کی ضرورت ہیں، کیونکہ یہ نہ صرف قومی سطح پر ترقی کی بنیاد فراہم کرتے ہیں بلکہ عالمی ترقی میں تعاون کرنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔
جناب گوئل نے نوٹ کیا کہ عالمی معیارات کو ہم آہنگ کرنا نہ صرف مصنوعات کے معیار کو بہتر بناتا ہے بلکہ آزاد تجارت کو فروغ دیتا ہے، مارکیٹوں کو کھولتا ہے اور وسیع بین الاقوامی تعاون کو بڑھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی پہل کھلی مارکیٹوں کو وسعت دینے، آزاد اور منصفانہ تجارت کی حوصلہ افزائی کرنے اور کاروبار کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنے میں مدد کریں گی۔ جناب گوئل نے آئی ای سی جنرل میٹنگ میں بین الاقوامی ماہرین کی شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ نئے خیالات پر غور کریں گے اور معیارات کے اپنانے کو فروغ دینے کے طریقوں کی تلاش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ بہت سے ماہرین انجینئرنگ کے شعبے سے تعلق رکھتے ہیں، لہٰذا نمائش میں ہونے والی مباحثے عالمی سطح پر معیارات کے موضوع پر تبادلہ خیال کو مزیدوسعت دیں گے۔ انہوں نے دہرایا کہ اعلیٰ معیار کو فروغ دینا صارفین کے مفاد کو یقینی بنانے، طلب میں اضافہ کرنے اور طویل مدتی ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔
وزیر نے بھارت کی پیرس معاہدے کے تحت اپنی قومی طور پرکئے گئے وعدے پورے کرنے کے لیے مضبوط عزم کو اجاگر کیا اور مختلف سی او پی اعلانات کے ذریعے ہونے والی اضافی بہتریوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت یہ سب بیرونی دباؤ یا کسی مجبوری کی وجہ سے نہیں کرتا، بلکہ ایک ذمہ دار عالمی شہری کی حیثیت سے اور پائیداریت میں یقین کی بنیاد پر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سرکلر اکنامی کے اصولوں، اخراج کم کرنے اور وسائل کے تحفظ کے لیے پوری طرح سے پرعزم ہے اور ان اصولوں کو اپنی طویل مدتی ترقی کے سفر کا مرکز سمجھتا ہے۔
جناب گوئل نے کہا کہ معیارات بھارت کے مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت میں ہزاروں تکنیکی ادارے اور کمیٹیاں موجود ہیں جو مختلف شعبوں میں معیارات طے کرنے کا کام کرتی ہیں۔ ابتدائی سالوں میں توجہ زیادہ تر معیارات بنانے اور ان کے رضاکارانہ نفاذ پر تھی، لیکن وقت کے ساتھ تجربے نے یہ سکھایا کہ معیارات پر سختی سے عمل کرنا ضروری ہے، جس کے نتیجے میں اہم شعبوں میں کوالٹی کنٹرول آرڈرز (کیوسی ایوز) متعارف کرائے گئے۔ انہوں نے کھلونوں کے لیے کیوسی ایوز کی مثال دی، جس نے مارکیٹ میں کم معیار کی مصنوعات کو ختم کر کے بھارت میں اعلیٰ معیار کے کھلونے بنانے کو فروغ دیا اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔
وزیر نے زور دیا کہ معیار کی بہتری سے قیمت میں اضافہ نہیں ہوتا۔ اس کے برعکس، انہوں نے کہا کہ معیار قیمت کو کم کرتے ہیں کیونکہ یہ اخراج کو کم کرتے ہیں، کارروائیوں میں کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں اور صارفین کو محفوظ اور بہتر مصنوعات فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کوالیٹی کے معیاراس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ لوگ اپنی روزمرہ زندگی کے لیے قابلِ اعتماد اور اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور خدمات حاصل کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ معیارات کو صارفین کے اطمینان، ان کی حفاظت، مسابقہ آرائی اور بالآخر موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک اسٹریٹجک ذریعہ سمجھنا چاہیے۔
وزیر نے یاد دلایا کہ صارفین کے تحفظ اور معیار کی یقین دہانی کا اصول بھارت کی ثقافتی وراثت میں گہرائی سے پیوست ہے۔ انہوں نے چانکیہ کے ارتھ شاستر (چوتھی صدی قبل مسیح) کا حوالہ دیا، جس میں درست وزن و پیمانے، تاجروں کی ذمہ داری اور ملاوٹ پر سزاؤں کا ذکر ہے اور اس بات پر زور دیا کہ صارفین کے حقوق اور معیار کے شعور بھارت کی تہذیبی اقدار کا حصہ ہیں۔
جناب گوئل نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے “زیرو ڈیفیکٹ، زیرو ایفیکٹ” کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پورے ملک میں معیار اور پائیداری کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے مشن موڈ میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ وژن دوہرے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ایک طرف مصنوعات اور خدمات میں اعلیٰ معیار اورنقائص سے پاک ہونے کو یقینی بنانا اور دوسری طرف ماحول اور زمین پر صفر اثر کے ساتھ پائیداری کو فروغ دینا۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ وزیر اعظم نے ہمیشہ معیار کو ذمہ داری کے ساتھ جوڑنے کی اہمیت پر زور دیا ہے، تاکہ بھارت اپنی ترقی میں کم آلودگی کااخراج کرے اور ایک پائیدار مستقبل میں تعاون کرے۔ جناب گوئل نے کہا کہ یہ نقطۂ نظر بھارت کو مختلف شعبوں میں جدید معیار کے نظام کی تعمیر کی صلاحیت دے رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کے اس یقین کو دہرایا کہ وہ دن دور نہیں جب دنیا فخر سے کہے گی۔“ڈیزائن ان انڈیا، میڈ ان انڈیا”، اور ایسی مصنوعات دنیا بھر میں قابلِ اعتماد، پائیدار اور اعلیٰ معیار کی علامت کے طور پر سمجھی جائیں گی۔
وزیر نے الیکٹریکل اور الیکٹرانک صنعت کے توانائی کی کارکردگی اور پائیداری میں بڑھتے ہوئے کردار پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھارت الیکٹریکل سے الیکٹرانک کی طرف منتقل ہو رہا ہے، تو یہ شعبہ توانائی کے تصرف کو نمایاں طور پر کم کر سکتا ہے، آلودگی کو کم کر سکتا ہے اور موسمیاتی اقدامات میں تعاون کر سکتا ہے، ساتھ ہی صارفین کے لیے اعلیٰ معیار کی مصنوعات بھی یقینی بناتا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر، جناب گوئل نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایک معیاری، محفوظ اور پائیدار مستقبل کے لیے مل کر کام کرے، جہاں ہم آہنگی والے معیارات ترقی کو فروغ دیں، صارفین کی حفاظت کریں، اور آنے والی نسلوں کے لیےدنیا کو محفوظ بنائیں۔
******
(ش ح- ض ر- م ا)
Urdu.No-6024
(Release ID: 2166762)
Visitor Counter : 2