وزارات ثقافت
وزارت ثقافت "گیان بھارتم" کا آغاز کرے گی؛ وزیر اعظم مخطوطات کے ورثے پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کریں گے
Posted On:
10 SEP 2025 9:02PM by PIB Delhi
وزارت ثقافت ’’گیان بھارتَم‘‘ کا آغاز کرے گی، جو ایک تاریخی قومی پہل ہے اور جس کا مقصد بھارت کے مخطوطاتی ورثے کو محفوظ بنانا، اسے ڈیجیٹل شکل میں لانا اور فروغ دینا ہے۔ اس موقع کی مناسبت سے وزارتِ ثقافت 11 سے 13 ستمبر 2025 تک وگیان بھون، نئی دہلی میں پہلی بار ’’گیان بھارتَم بین الاقوامی کانفرنس‘‘ کا انعقاد کر رہی ہے، جس کا موضوع ’’مخطوطاتی ورثے کے ذریعے بھارت کی علمی میراث کی بازیافت‘‘ ہے۔ اس تین روزہ کانفرنس میں 1100 سے زائد شرکاء شامل ہوں گے، جن میں ملک اور بیرونِ ملک سے ماہرین، اسکالرز، تحقیقی ادارے اور ثقافتی شخصیتیں شامل ہوں گی۔ یہ کانفرنس دنیا کے ساتھ ہندوستان کے مخطوطاتی ورثے کو محفوظ کرنے، ڈیجیٹل شکل میں لانے اور اشتراک کرنے کے لیے بات چیت، غور و فکر اور آگے کے راستے کو تشکیل دینے کے لیے ایک باہمی تعاون کا پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔اس مشن پر منعقدہ پریس بریفنگ سے حکومتِ ہند کی وزارتِ ثقافت کے سکریٹری جناب ویویک اگروال نے خطاب کیا۔ اس موقع پر وزارتِ ثقافت کی ایڈیشنل سکریٹری محترمہ امیتا پرساد سربھائی اور اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس (آئی جی این سی اے)کے ممبر سکریٹری ڈاکٹر سچیدانند جوشی بھی موجود تھے۔
’’گیان بھارتَم‘‘ کو ایک دور رس قومی تحریک کے طور پر شروع کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد بھارت کے وسیع مخطوطاتی سرمائے کو محفوظ بنانا اور اسے فروغ دینا ہے۔ یہ پہل نہ صرف قوم کی تہذیبی جڑوں کو خراجِ عقیدت پیش کرے گی بلکہ وزیر اعظم کے ’’وکست بھارت 2047‘‘ کے وژن کی طرف ایک عملی قدم بھی ہوگی، جہاں بھارت ماضی کی دانائی اور مستقبل کی اختراع کو یکجا کرتے ہوئے حقیقی معنوں میں وشو گرو کے طور پر ابھرے گا۔ایک جامع فریم ورک کے طور پر تیار کردہ ’’گیان بھارتَم‘‘ کا مقصد بھارت کے مخطوطاتی ورثے کی تجدید ہے، جس میں تحفظ، ڈیجیٹلائزیشن، تحقیق اور عالمی سطح پر رسائی شامل ہے۔ اس کے مقاصد میں ملک گیر رجسٹر کے ذریعے شناخت اور دستاویزات، نازک تحریروں کا تحفظ اور بحالی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)سے چلنے والے ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر ڈیجیٹائزیشن، اور نیشنل ڈیجیٹل ریپوزٹری کی تخلیق شامل ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ یہ پہل نایاب مخطوطات کی تحقیق، ترجمہ اور اشاعت، اسکالرز اور محافظین کی صلاحیت سازی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی تیاری اور عوامی شمولیت کے پروگراموں پر بھی زور دے گی۔ اس کے علاوہ عالمی شراکت داری اور تعلیمی نظام میں مخطوطاتی حکمت کی شمولیت بھارت کے کردار کو عالمی علمی تبادلے میں مزید مستحکم بنائے گی۔
وزارت ثقافت کے سکریٹری جناب ویویک اگروال نے ’’گیان بھارتَم‘‘ پر اپنی بریفنگ میں کہا کہ یہ پہل، جس کا اعلان معزز وزیر اعظم نے کیا ہے، بھارت کے مخطوطاتی ورثے کے تحفظ کے لیے ایک بڑی اسکیم ہے۔ اس مشن کے تحت ملک گیر سطح پر مخطوطات کا سروے اور کیٹلاگ سازی کی جائے گی، ایک ڈیجیٹل ذخیرہ قائم کیا جائے گا اور ایسے طریقۂ کار تیار کیے جائیں گے جن کے ذریعے ان مخطوطات میں محفوظ وسیع علمی خزانے کو اخذ کرکے عام کیا جا سکے۔ ان موضوعات میں سائنس، طب، ادب، مذہب اور روحانیت جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’’گیان بھارتَم‘‘ کو شراکت داروں کےایک وسیع اتحاد کے ذریعے نافذ کیا جائے گا، جس میں کتب خانے، مذہبی ادارے اور نجی متولی شامل ہوں گے تاکہ مخطوطات کو محفوظ رکھا جا سکے اور اسے آنے والی نسلوں کے لیے قابلِ رسائی بنایا جا سکے۔ ’’گیان بھارتَم‘‘ بین الاقوامی کانفرنس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس تین روزہ اجلاس میں 1100 سے زائد مندوبین شرکت کریں گے، جہاں اسکرپٹ کی وضاحت، دستاویزی عمل، ڈیجیٹائزیشن، تحفظ اور قانونی ڈھانچے جیسے پہلوؤں پر آٹھ ورکنگ گروپس کے درمیان بات چیت ہوگی۔
ٹیکنالوجی کے رول پر زور دیتے ہوئے جناب اگروال نے بتایا کہ ’’گیان سیتو‘‘ اے آئی پر مبنی اختراعی چیلنج کے لیے اب تک 40 سے زائد اندراجات موصول ہو چکے ہیں، جن میں سے منتخب تخلیقات کانفرنس کے دوران پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ معزز وزیر اعظم 12 ستمبر کو کانفرنس میں شریک ہوں گے، ورکنگ گروپس کی پیشکشیں سنیں گے اور اس کے بعد اجتماع سے خطاب کریں گے۔ اختتامی اجلاس 13 ستمبر کو منعقد ہوگا جس کی صدارت بھارت کے معزز وزیر داخلہ کریں گے۔
مزید تفصیلات کے لئے یہاں کلک کریں:-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ م ش۔ع ن)
U. No. 5873
(Release ID: 2165577)
Visitor Counter : 2