امور داخلہ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون جناب امت شاہ نے آج نئی دہلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ گجرات کے سانند اسمبلی حلقہ میں تقریباً 66 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا


رادھا کرشنن جی کے انتخاب کے ساتھ ہی ملک کی جغرافیائی وحدت نے ہندوستان کے آئینی عہدوں پر کامیابی حاصل کی

چاروں سمتوں مشرق، مغرب، شمال اور جنوب کو ملک کے آئینی عہدوں پر نمائندگی دی جارہی ہے

سال- 2029 تک سانند اسمبلی حلقہ کا کوئی بھی گاؤں بنیادی سہولیات سے محروم نہیں رہے گا

آنے والے وقت میں سانند پورے گجرات میں صنعتی طور پر سب سے زیادہ ترقی یافتہ تحصیل بن جائے گی

سانند میں سیمی کنڈکٹر یونٹ کا کام بھی جلد شروع ہونے والا ہے

مودی جی کی‘‘ایک پیڑ ماں کے نام’’ مہم کے تحت ہر گاؤں، اسکول اور میونسپلٹی کی خالی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں

گاندھی نگر لوک سبھا نے پورے گجرات میں سب سے زیادہ درخت لگانے کا ریکارڈ بنایا ہے

Posted On: 10 SEP 2025 9:03PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون جناب امت شاہ نے آج نئی دہلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ گجرات کے سانند اسمبلی حلقہ میں تقریباً 66 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون جناب امت شاہ نے کہا کہ کل ہوئے ملک کے نائب صدر کے انتخابات میں بھی دیگر تمام انتخابات کی طرح  وزیر اعظم جناب نریندر مودی  کی قیادت میں این ڈی اے کے امیدوار جناب سی پی رادھا کرشنن جی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ رادھا کرشنن جی کے انتخاب  کے ساتھ ہی ہندوستان کے آئینی عہدوں پر ملک کی جغرافیائی وحدت  کی جیت ہوئی ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ صدر محترمہ دروپدی مرمو کا تعلق مشرقی ہندوستان سے ہے، نائب صدر جناب  سی پی رادھا کرشنن جی کا تعلق جنوبی ہندوستان سے ہے اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی جو گجرات سے ہیں اور وارانسی سے الیکشن جیتے ہیں- مغربی اور شمالی ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس طرح ملک کے آئینی عہدوں پر مشرق، مغرب، شمال اور جنوب کی چاروں سمتوں کو نمائندگی دی جارہی ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون نے کہا کہ سانند کو  گزشتہ  کچھ  برسوں سے ایک خاص منصوبہ بندی کے ساتھ تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2029 تک سانند اسمبلی حلقہ کا کوئی بھی گاؤں بنیادی سہولتوں سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ باؤلہ اور سانند نگرپالیکا میں سہولیات کی کمی کو دور کرنے کے لئے ایک تفصیلی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس علاقے میں سڑکوں، درخت لگانے، صحت، صفائی اور پینے کے پانی جیسی سہولیات کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جناب شاہ نے کہا کہ جب دھولیرا خصوصی سرمایہ کاری کا علاقہ شروع ہو گا اور سانند علاقے کے ارد گرد صنعتی ترقی کا کام مکمل ہو جائے گا تو سانند پورے گجرات میں صنعتی طور پر سب سے زیادہ ترقی یافتہ تحصیل بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کا منصوبہ گجرات حکومت نے بنایا ہے۔

a.jpg

جناب امت شاہ نے کہا کہ سانند کے 111 گاؤں میں برسوں سے آبپاشی اور پینے کے پانی کی سہولت نہیں تھی، لیکن اب اس کا پہلا مرحلہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 750 کروڑ روپے کی لاگت سے دیہاتوں کو پانی فراہم کرنے کا کام مکمل کیا گیا ہے۔ نیز، تقریباً 1000 کروڑ روپے کی لاگت سے گھروں اور کھیتوں کو پانی فراہم کرنے کا کام دوبارہ شروع ہوگا۔ جناب شاہ نے کہا کہ سانند اسمبلی حلقہ میں سی ایس آر (کارپوریٹ سماجی ذمہ داری) کے ذریعے تقریباً 150 کروڑ روپے کے کاموں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ کلکٹر، ایم ایل اے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہر گاؤں کی ضروریات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل صنعتکاروں کے ساتھ بات چیت کی بنیاد پر ایک مضبوط انتظامی ڈھانچہ تیار کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سانند کے دیہاتوں میں تقریباً 150 کروڑ روپے کی لاگت سے جو بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں انہیں اگلے ڈیڑھ سے دو سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مودی جی کی ‘‘ایک پیڑ ماں کے نام’’  مہم کے تحت ہر گاؤں، اسکول اور میونسپل کی خالی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ گرین گاندھی نگر پروجیکٹ کے تحت گاندھی نگر لوک سبھا حلقہ میں ہر روز درختوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ گاندھی نگر لوک سبھا نے پورے گجرات میں سب سے زیادہ درخت لگانے کا ریکارڈ قائم کیا ہے جو کہ خوشی کی بات ہے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ حال ہی میں ‘سیمی کون انڈیا- 2025 ’ میں، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ہندوستان کی پہلی مکمل 32 بٹ پروسیسر چپ ‘وکرم-32’ کی نقاب کشائی کی۔ انہوں نے کہا کہ سانند میں مائیکرون ٹکنالوجی کے ذریعہ چپ تیار کرنے کا کام بھی شروع ہونے والا ہے۔ یہ سیمی کنڈکٹر یونٹ سانند کی ترقی میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مودی جی کی قیادت میں ملک ہر میدان میں آگے بڑھ رہا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ آج کے پروگرام میں 29 کاموں کا افتتاح کیا گیا، 23 کاموں کا سنگ بنیاد رکھا گیا اور تقریباً 66 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام شروع یا مکمل کیے گئے۔ ان میں درخت لگانے، سڑک کی تعمیر، دیہی سڑک کی اسکیم، گاؤں کی سڑکیں، اسکولوں کی ترقی جیسے مختلف کام شامل ہیں۔

*******

ش ح۔ ظ ا- ر ض

UR  No. 5872


(Release ID: 2165565) Visitor Counter : 2