وزارتِ تعلیم
جناب دھرمیندر پردھان تعلیمی مہارت اور اختراعی ماحولیاتی نظام کے لیے تعلیم اور اسٹریٹجک شراکت داری میں دو طرفہ تعاون کو مستحکم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر روانہ
انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ، احمد آباد کے دبئی کیمپس کا افتتاح ہوگا
Posted On:
09 SEP 2025 5:02PM by PIB Delhi
حکومت ہند کے مرکزی وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان 10-11 ستمبر 2025 تک متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہوں گے ۔ اس دو روزہ دورے کا مقصد تعلیمی مہارت اور اختراعات کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے طلباء اور نوجوانوں کی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی خاطر تعلیم کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کو گہرا کرنا ہے ۔
اس دورے کے دوران جناب پردھان متحدہ عرب امارات کے اہم رہنماؤں ، وزرا ، پالیسی سازوں ، ماہرین تعلیم اور ہندوستانی اور متحدہ عرب امارات کے اداروں کے نمائندوں کے ساتھ تعلیم ، اختراع اور علوم کے تبادلے میں شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے بات چیت کریں گے ۔
10 ستمبر 2025 کو جناب پردھان، ابوظہبی کے محکمہ تعلیم و علوم(اے ڈی ای کے)کی چیئرپرسن محترمہ سارہ مسّلم سے ملاقات کریں گے ۔ وہ آئی آئی ٹی دہلی-ابوظہبی کیمپس کا بھی دورہ کریں گے ، جہاں وہ اٹل انکیوبیشن سینٹر (پہلا غیر ملکی مرکز) کا افتتاح کریں گے اور پی ایچ ڈی اور بی ٹیک پروگراموں کا آغاز کریں گے ۔ وزیرموصوف طلباء اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ بات چیت بھی کریں گے ۔
بعد ازاں ، وہ ابوظہبی میں بی اے پی ایس ہندو مندر کا دورہ کریں گے ، سمبیوسس یونیورسٹی ، دبئی کیمپس کی پہلی سالگرہ تقریب میں شرکت کریں گے ۔
11 ستمبر 2025 کو ، وزیر موصوف اپنے ہم منصب اور متحدہ عرب امارات کے اعلی تعلیم کے وزیرعالی جناب ڈاکٹر عبد الرحمان الاَور کے ساتھ مل کر انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ، احمد آباد ، دبئی کیمپس کے افتتاح میں شرکت کریں گے ۔ دونوں وزرا دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شعبے میں جاری تعاون پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ بعد میں ، وہ متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی اعلی تعلیمی اداروں کی گول میز کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔
دبئی میں اپنی مصروفیات کے ایک حصے کے طور پر ، وزیر موصوف قونصل خانے میں 'ایک پیڑماں کے نام' شجرکاری مہم میں بھی شرکت کریں گے ، یوم اساتذہ کی تقریب کے دوران سی بی ایس ای اسکول کے پرنسپلوں کے ساتھ بات چیت کریں گے اور متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی اسکولوں میں اٹل ٹنکرنگ لیبز کا آغاز کریں گے ۔ وہ دبئی میں مقیم ہندوستانی باشندوں کے ساتھ بات چیت کے ساتھ اپنے دورے کا اختتام کریں گے ۔
********
ش ح۔م م۔ ت ا
U-5805
(Release ID: 2165020)
Visitor Counter : 2