کیمیکلز اور فرٹیلائزر کی وزارت
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا تاریخی لال قلعہ سے کھادوں کے شعبے میں خودکفالت پر زور
وزیر اعظم کی کسانوں سے مٹی کی صحت کے تحفظ کے لیے کھادوں کے منصفانہ استعمال کی اپیل
حکومت کا کھادوں کی گھریلو پیداوار میں اضافے کے عزم کا اعادہ
Posted On:
15 AUG 2025 4:55PM by PIB Delhi
تاریخی لال قلعہ سے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کو کھاد کے شعبے میں بھی خودکفالت حاصل کرنی چاہیے، بالکل اسی طرح جیسے ملک نے توانائی میں خود انحصاری کا عزم کیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فی الحال بھارت اپنی کھاد کی ضروریات کا ایک بڑا حصہ درآمدات سے پورا کرتا ہے۔ انہوں نے کسان برادری سے اپیل کی کہ وہ مٹی کی صحت کے تحفظ کے لیے کھادوں کا محتاط اور سائنسی استعمال اپنائیں اور غیر ضروری و بے جا استعمال سے گریز کریں جو ’’ماں دھرتی‘‘ کو طویل مدتی نقصان پہنچاتا ہے۔
وزیر اعظم نے نوجوانوں، صنعتی شعبے اور نجی شعبے سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ ملک میں کھاد کے وافر گھریلو ذخائر بنانے کے لیے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نئے اور جدید طریقے تلاش کئے جائیں اور انہیں فروغ دیا جائے تاکہ پیداوار مکمل طور پر دیسی ذرائع سے ہو۔
وزیر اعظم نے کہا: ’’آئیے ہم کھاد کے اپنے ذخائر کو بھریں، نئے طریقے دریافت کریں، بھارت کی ضروریات کے مطابق کھاد تیار کریں اور دوسروں پر انحصار نہ کریں۔‘‘
حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ صنعتی شراکت داروں، تحقیقی اداروں اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ قریبی ہم آہنگی میں کام کرے گی تاکہ گھریلو صلاحیت میں اضافہ، پائیدار کھیتی کے طریقوں کو فروغ اور درآمدات پر انحصار میں کمی لائی جا سکے۔
*****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 4763
(Release ID: 2156926)