وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان بحریہ جدید اسٹیلتھ فریگیٹ ادے گیری اور ہِم گیری کو شامل کرنے کے لیے تیار

Posted On: 11 AUG 2025 6:18PM by PIB Delhi

ہندوستانی بحریہ 26 اگست 2025 کو دو جدید ترین فرنٹ لائن فریگیٹ — ادے گیری (F35) اور ہِم گیری (F34) — کو بیک وقت شامل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ دو بڑے سطحی جنگی جہاز، جو ملک کے دو ممتاز شپ یارڈ میں تیار کیے گئے ہیں، ایک ہی وقت میں وشاکھا پٹنم میں بحریہ میں شامل کیے جائیں گے۔

یہ تقریب ہندوستان کی تیز رفتار بحری جدیدکاری اور مختلف شپ یارڈ سے اعلیٰ درجے کے جنگی جہاز فراہم کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے۔ یہ سنگ میل دفاعی شعبے میں ”میک اِن انڈیا“ اور ”آتم نربھر بھارت“ منصوبوں کی کامیابی کا عملی مظہر ہے۔ ادے گیری، جو پروجیکٹ 17A اسٹیلتھ فریگیٹ کا دوسرا جہاز ہے، ممبئی کے مزگاؤں ڈاک شپ بلڈر لمیٹڈ (ایم ڈی ایل) نے تیار کی ہے، جبکہ ہِم گیری پروجیکٹ 17A کا پہلا جہاز ہے جو کولکتہ کے گارڈن ریچ شپ بلڈر اینڈ انجینئر نے تعمیر کی ہے۔

اسٹیلتھ، ہمہ جہت اور مقامی پیداوار

ادے گیری اور ہِم گیری اپنے سابقہ ڈیزائنز کے مقابلے میں ایک نئی نسل کی نمائندگی کرتی ہیں۔ تقریباً 6,700 ٹن وزنی یہ P17A فریگیٹ اپنے پیش رو شوالک کلاس فریگیٹ سے تقریباً پانچ فیصد بڑی ہیں، لیکن ان کا ڈیزائن زیادہ ہموار اور ریڈار پر کم نظر آنے والا ہے۔

یہ جہاز ”کمبائنڈ ڈیزل یا گیس“ (سی او ڈی او جی) نظام پر چلتے ہیں، جن میں ڈیزل انجن اور گیس ٹربائن شامل ہیں جو ”کنٹرول ایبل پچ پروپلر“ کو چلاتے ہیں اور ان کا انتظام ”انٹیگریٹڈ پلیٹ فارم مینجمنٹ سسٹم“کے ذریعے ہوتا ہے۔ اسلحہ جات میں سپرسونک سطح بہ سطح میزائل، درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے سطح بہ فضا میزائل، 76 ملی میٹر MR گن، 30 ملی میٹر اور 12.7 ملی میٹر قریبی دفاعی ہتھیار، اور آبدوز شکن / زیرِ آب ہتھیاروں کے نظام شامل ہیں۔

دونوں جہاز 200 سے زائد ایم ایس ایم ای پر مشتمل صنعتی نیٹ ورک کا نتیجہ ہیں، جو تقریباً 4,000 براہِ راست اور 10,000 سے زائد بالواسطہ روزگار فراہم کر رہا ہے۔

خود انحصاری کا فخر

ادے گیری اور ہِم گیری کی شمولیت بحریہ کے جہازوں کے ڈیزائن اور تعمیر میں خود انحصاری کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ عمل 2025 میں ہی شامل کیے گئے دیگر مقامی پلیٹ فارمز جیسے ڈسٹرائر آئی این ایس سورت، فریگیٹ آئی این ایس نیلگیری، آبدوز آئی این ایس وگھشیر، اے ایس ڈبلیو شالو واٹر کرافٹ آئی این ایس ارنالا اور ڈائیونگ سپورٹ ویسل آئی این ایس نستار کی کامیابیوں کے بعد سامنے آ رہا ہے۔ سخت سمندری آزمائشوں نے ان فریگیٹس کے ہل، مشینری، آگ بجھانے، نقصانات پر قابو پانے، نیویگیشن اور کمیونیکیشن سسٹم کی صلاحیت کو ثابت کیا ہے، جس سے یہ آپریشنل تعیناتی کے لیے تیار ہیں۔

وشاکھا پٹنم میں ہونے والی آئندہ تقریب صرف ایک رسمی بحری روایت نہیں بلکہ ہندوستان کے مضبوط اور خود کفیل سمندری دفاعی ڈھانچے کے سفر کا جشن ہوگی۔ جب یہ دونوں سرمئی رنگ کے جہاز بیڑے میں اپنی جگہ لیں گے تو پیغام واضح ہوگا: ہندوستان کے سمندر بھارتی ساختہ، بھارتی ڈیزائن شدہ اور بھارتی عملے سے آراستہ جہازوں سے محفوظ ہیں جو ”میک اِن انڈیا“ کی حقیقی روح اور بھارت کی بڑھتی ہوئی بحری طاقت کی روشن علامت ہیں۔

 

 

                                               **************

ش ح۔ ف ش ع

11-08-2025

                                                                                                                                       U: 4536

 


(Release ID: 2155290)
Read this release in: English , Hindi