وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر چشم ڈاکٹر ہرمیندر سنگھ دُوَا کا آرمی اسپتال (آر اینڈ آر) نئی دہلی کا دورہ

Posted On: 10 AUG 2025 10:05AM by PIB Delhi

عالمی سطح پر امراضِ چشم کے شعبے کی ایک ممتاز شخصیت، ڈاکٹر ہرمیندر سنگھ دُوَا نے 2 اگست 2025 کو آرمی اسپتال (ریسرچ اینڈ ریفرل)، نئی دہلی کا دورہ کیا۔ وہ اس وقت برطانیہ کی یونیورسٹی آف ناٹنگھم میں شعبۂ چشم کے پروفیسر ہیں اور قارنیہ کے علوم میں اپنی انقلابی خدمات، بشمول قارنیہ کی ’’دُوَا لیئر‘‘ کی دریافت، کے باعث دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔

شعبہ چشم کے دورے کے دوران، ڈاکٹر دُوَا نے اسپتال کے جدید ڈھانچے، جدید ترین آلات، صاف و شفاف ماحول اور منظم مگر ہمدردانہ کام کے کلچر کو سراہا۔ انہوں نے کہا: ’’آرمی اسپتال (آر اینڈ آر) کی سہولیات اور معیار دنیا کے بہترین مراکز کے ہم پلہ ہیں بلکہ بعض پہلوؤں میں ان سے بھی آگے ہیں۔‘‘

پروفیسر دُوَا نے ’’اسٹیئرنگ دی شپ: فرام اسٹوڈنٹ شپ ٹو لیڈرشپ‘‘ کے عنوان سے ایک لیکچر پیش کیا، جس میں سینئر فیکلٹی، پوسٹ گریجویٹ طلباء اور ہیلتھ کیئر پیشہ ور شامل تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے علمی سفر سے وژنری قیادت تک کے تدریجی ارتقاء پر روشنی ڈالی اور طب کے میدان میں اپنے شاندار تجربات سے بصیرت فراہم کی۔

ڈاکٹر دُوَا نے آرمی اسپتال میں زیر تعمیر ایڈوانسڈ سینٹر فار آپتھلمک ویژول سائنسز، جوائنٹ ریپلیسمنٹ سینٹر اور آنکولوجی سینٹر سے بھی گہرا تاثر لیا۔ یہ منصوبے وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ کی رہنمائی میں جاری ہیں، جو مسلح افواج کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں پیش پیش ہیں۔ ان اقدامات کو آگے بڑھانے میں آرمی چیف جنرل اُپندر دویویدی کا کلیدی کردار رہا ہے۔

پروفیسر دُوَا نے ڈائریکٹر جنرل میڈیکل سروسز، وائس ایڈمرل آرتی سرین کی سربراہی میں مسلح افواج کی میڈیکل سروسز اور ان کے نظامِ صحت کو ایک منفرد اعلیٰ سطح کا ماڈل قرار دیا، جو دیانت، خدمت، اختراع اور طبی مہارت پر مبنی ہے۔

ڈاکٹر دُوَا کئی دہائیوں سے طبی مہارت، تعلیمی رہنمائی اور جراحی میں جدت کا مینارِ نور رہے ہیں۔ ان کے کام نے جدید امراضِ چشم کے منظرنامے کو بدل کر رکھ دیا ہے اور وہ دنیا بھر میں معالجین اور محققین کی نسلوں کو متاثر کرتے رہتے ہیں۔ اس موقع پر کمانڈنٹ آرمی اسپتال (آر اینڈ آر) لیفٹیننٹ جنرل شنکر نارائن نے ان کی عزت افزائی کی۔

*****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno- 4454


(Release ID: 2154806)
Read this release in: English , Hindi , Tamil