وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

ایم او ڈی کے مختلف محکموں کی طرف سے مسلح افواج کو غیر معمولی پشت پناہی آپریشن سندور کی کامیابی کی کلید تھی:وزیردفاع


جناب راج ناتھ سنگھ نے سیکورٹی ڈھانچہ کو تقویت دینے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے سول ملیٹری تعاون کو بڑھانے پر زور دیا

Posted On: 01 AUG 2025 3:12PM by PIB Delhi

موجودہ غیر یقینی حالات میں سیکیورٹی کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے،  وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ نے سول اور فوجی اہلکاروں کے درمیان ہم آہنگی کو بڑھانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے وزارتِ دفاع ( ایم او ڈی) کے مختلف شعبہ جات کی جانب سے مسلح افواج کو فراہم کی جانے والی غیر معمولی پشت پناہی کو‘‘آپریشن سندور’’کی کامیابی کی کلید قرار دیا۔ وہ 84ویں آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹرز ( اے ایف ایچ کیو) سول سروسز ڈے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جو یکم اگست 2025 کو ڈی آر ڈی او بھون، نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔

1.jpg

 وزیردفاع نے زور دے کر کہا کہ جنگ صرف فوج نہیں بلکہ پورا ملک لڑتا ہے اور آج کے تیزی سے بدلتے ہوئے سیکیورٹی منظرنامے میں ہمیں مسلسل بہتری کے ساتھ متحرک اور جدت پسندانہ طرزِ فکر کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق خود کو ڈھالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ‘‘ہم معمولی سے معمولی کوتاہی یا غلطی کی گنجائش بھی نہیں چھوڑ سکتے’’۔

ایک مضبوط فوجی طاقت کے لیے مؤثر انتظامی نظام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے جناب راجناتھ سنگھ نے جنگ اور امن دونوں ادوار میں ملک کے سیکیورٹی نظام کو مستحکم کرنے میں آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹرز (اے ایف ایچ کیو) سول سروسز کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘اے ایف ایچ کیو سروسز وزارت دفاع کے لیے ادارہ جاتی حافظے کا کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ انتظامیہ میں تسلسل، فنی مہارت اور یکسانیت کو یقینی بناتی ہیں، پالیسی کے تسلسل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور سول و ملیٹری ہم آہنگی کے قیام میں معاون ہوتی ہیں۔ یہ ایک جدید اور مربوط قومی دفاعی نظام کا مضبوط ستون ہیں’’۔

 وزیر دفاع نے صلاحیتوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے اے ایف ایچ کیو کے افسران پر زور دیا کہ وہ تربیت اور صلاحیت میں اضافے کے شعبوں میں دیگر وزارتوں اور ممالک کے ہم منصب اداروں کی اپنائی گئی بہترین حکمت عملیوں کا جائزہ لیں اور انہیں اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ‘‘ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، نئے چیلنجز اور بدلتا ہوا عالمی منظرنامہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ تربیت کو محض رسمی عمل نہ سمجھا جائے بلکہ اسے مسلسل ترقی کا ایک چکر ہونا چاہیے۔ مہارت میں اضافہ، اخلاقی تربیت اور بہترین طرز عمل کو تربیت کا لازمی حصہ بنایا جانا چاہیے’’۔

image002XE0R.jpg

جناب راجناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ تربیت کے عناصر کو صرف فنی مہارت تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس میں اقدار پر مبنی تربیت بھی شامل ہونی چاہیے، جو عمل کو قومی مفادات سے جوڑ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے اے ایف ایچ کیو محض ایک انتظامی ڈھانچہ ہی نہیں بلکہ اقدار پر مبنی ادارہ بھی بنے گا۔

تقریب کے ایک حصے کے طور پروزیر دفاع نے جوائنٹ سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر کے دفتر کی ازسرنو تیار کردہ ویب سائٹ (www.caomod.gov.in) کا آغاز کیا، جو ملازمین اور عام عوام کو دفتر سے متعلق تمام ضروری معلومات فراہم کرے گی۔ اس ویب سائٹ کے ذریعے ملازمین کو ترقی، تبادلہ، میڈیکل الاؤنس کی حیثیت، تنخواہ کی پرچیاں، فارم16 سمیت دیگر تازہ ترین احکامات اور اپ ڈیٹس حاصل ہوں گی۔ ویب سائٹ کے ذریعے ملازمین دفاعی ہیڈکوارٹرز ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے مختلف تربیتی کورسز اور ورکشاپس کے لیے درخواست بھی دے سکیں گے۔

3.jpg

جناب راجناتھ سنگھ نے کتاب ‘‘وِکست بھارت@2047: کرمیکوں کے وچار’’ اور میگزین ‘‘سمواد’’ بھی جاری کی۔ ‘‘وِکست بھارت@2047’’ کتاب میں سروس ہیڈکوارٹرز اور انٹر سروس آرگنائزیشنز میں مختلف عہدوں پر فائز ملازمین کے تحریر کردہ چالیس مضامین شامل ہیں۔ یہ مضامین وِکست بھارت سے متعلق مختلف موضوعات جیسے ڈیجیٹائزیشن، نئی تعلیمی پالیسی 2020، مصنوعی ذہانت، دفاع میں خود انحصاری، سبز توانائی، اور غربت کے خاتمے پر مبنی ہیں۔ ‘‘سمواد’’ میگزین کے 32 ویں شمارے میں ملازمین کے سفرنامے، مضامین، تحریریں، نظمیں وغیرہ شامل ہیں۔

4.jpg

 وزیردفاع نے کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹرز کے اہلکاروں کو ان کی کامیابیوں پر ایوارڈ بھی دیے اور ساتھ ہی کچھ ایسے ملازمین کے بچوں کو بھی انعامات دیے جو تعلیمی میدان میں ممتاز کارکردگی کے حامل ہیں۔

چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان، چیف آف دی آرمی اسٹاف جنرل اپندر دیویدی، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ، ڈیفنس سیکرٹری جناب راجیش کمار سنگھ، سیکرٹری (سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود) ڈاکٹر نیتن چندر، سیکرٹری، محکمہ دفاعی تحقیق و ترقی اور چیئرمین ڈی آر ڈی او ڈاکٹر سمیر وی کامت، فنانشل ایڈوائزر (دفاعی خدمات) ڈاکٹر میانک شرما اور وزارت دفاع کے دیگر سینئر حکام اس موقع پر موجود تھے۔

آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹرز ڈے یکم اگست کو منایا جاتا ہے تاکہ سول اہلکاروں کے کردار کو تسلیم کیا جا سکے جو تین مربوط سروس ہیڈکوارٹرز، ہیڈکوارٹرز انٹیگریٹڈ ڈیفنس سروسز اور وزارت دفاع کی 24 انٹر سروس آرگنائزیشنز میں فوجی عملے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کرتے ہیں۔ آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹرز ڈے منانے کا مقصد سول ملازمین کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا ہے جو سروس ہیڈکوارٹرز اور وزارت دفاع کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔

****

UR-3785

(ش ح۔ اس ک۔ش ب ن)

 


(Release ID: 2151299)
Read this release in: Malayalam , English , Hindi , Bengali