وزارات ثقافت
راجندر چولا اول آدی تھرووتھیرائی فیسٹیول کی شاندار میراث کا جشن-23 سے 27 جولائی ، 2025 ء
مورخہ 27 جولائی کو ہونے والے گرانڈ فنالے میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور دیگر ممتاز شخصیات شرکت کریں گے
Posted On:
23 JUL 2025 2:38PM by PIB Delhi
ثقافت کی وزارت عظیم چولا شہنشاہ راجندر چولا اوّل کی سالگرہ کے موقع پر ‘‘ آدی تھرو وتھیرائی ’’ فیسٹیول منانے کے لیے پوری طرح تیار ہے، جو 23 سے 27 جولائی ، 2025 ء تک تمل ناڈو کے گنگائی کونڈا چولاپورم میں منعقد ہوگا۔ یہ خاص تہوار راجندر چولا کے جنوب مشرقی ایشیا کی عظیم سمندری مہم اور شاندار گنگائی کونڈا چولاپورم مندر کی تعمیر کے آغاز کی ایک ہزار سالہ یادگار کا بھی موقع ہے ۔
فیسٹیول کی شاندار اختتامی تقریب 27 جولائی کو منعقد ہوگی، جس میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوں گے۔ اس تقریب میں تمل ناڈو کے گورنر جناب آر این روی، ثقافت و سیاحت کے مرکزی وزیر جناب گجندر سنگھ شیخاوت اور اطلاعات و نشریات اور پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مروگن سمیت دیگر معزز شخصیات بھی شرکت کریں گی ۔
اس دن کلاشیتر فاؤنڈیشن کی جانب سے خصوصی بھرَت ناٹیَم گروپ پرفارمنس پیش کی جائے گی، جس کے بعد روایتی اوتھووار کی جانب سے دیوَرم تھرو مُرئی کا پاٹھ ہوگا ۔ ساہتیہ اکادمی کی جانب سے دیورم کے بھجنوں پر مبنی ایک کتابچہ بھی رسمِ اجرا کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔ تقریب کے اختتام میں سرکردہ موسیقار پدم وبھوشن الائیاراجہ اور ان کے گروپ کی جانب سے موسیقی کا خصوصی پروگرام پیش کیا جائے گا، جو چولا عہد کے روحانی و ثقافتی عظمت کو خراجِ تحسین ہوگا۔
پانچ روزہ فیسٹیول کے دوران ہر شام رنگا رنگ ثقافتی پروگرام منعقد ہوں گے، جن کا آغاز 23 جولائی سے ہوگا۔ اس دوران کلا شیتر فاؤنڈیشن کے فنکاروں کی بھرَت ناٹیَم پیشکش اور جنوب زون کلچرل سینٹر، تھنجاوور سے تربیت یافتہ طلباء کی جانب سے دیورم تھرو مُرئی کا پاٹھ شامل ہوگا ، جو چولا عہد کے روحانی اور فنکارانہ روایات کی عکاسی کرتے ہیں۔
بھارتی آثارِ قدیمہ ( اے ایس آئی ) اس موقع پر چولا شیو مت اور مندر فنِ تعمیر پر خصوصی نمائشوں کا اہتمام کرے گا نیز تاریخی ورثے کی سیر اور رہنمائی کے ساتھ سیاحتی دورے بھی منعقد کیے جائیں گے، جو اس دور کی ثقافتی اور تعمیراتی عظمت سے روشناس ہونے کا نایاب موقع فراہم کریں گے۔
راجندر چولا اوّل (1014–1044 عیسوی) بھارتی تاریخ کے سب سے طاقتور اور بصیرت افروز حکمرانوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی قیادت میں چولا سلطنت نے جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا تک اپنا اثر و رسوخ قائم کیا تھا ۔ انہوں نے اپنی فتوحات کے بعد گنگائی کونڈا چولا پورم کو شاہی دارالحکومت کے طور پر قائم کیا اور وہاں تعمیر کردہ مندر 250 سال سے زائد عرصے تک شیو بھکتی، عظیم فنِ تعمیر اور زبردست انتظامی صلاحیتوں کی علامت رہا۔ آج یہ مندر یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ میں شامل ہے اور اپنی نفیس مجسمہ سازی، چولا دور کے کانسے کے مجسموں اور قدیم تحریروں کے لیے مشہور ہے۔
آدی تھرو وتھیرائی فیسٹیول تمل شیو بھکتی روایت کا بھی جشن ہے، جسے چولا حکمرانوں نے فروغ دیا اور جو 63 نایَنمار یعنی تمل شیو مت کے سنت شاعروں کے ذریعے امر ہوئی۔ خاص طور پر راجندر چولا کا جنم نکشترا ‘‘ تھرو وتھیرائی ’’ (آردرا) 23 جولائی کو شروع ہوتا ہے، جس کی وجہ سے اس سال کا فیسٹیول اور بھی زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔
فیسٹیول کے اہم مقاصد میں شیو سدھانت کے گہرے فلسفیانہ نظریات اور تمل زبان کے ذریعے اس کے فروغ کو اجاگر کرنا؛ تمل ثقافت میں نایَنمار سنتوں کی روحانی خدمات کو سراہنا؛ اور شیو مت، مندر کا فنِ تعمیر، ادب اور کلاسیکی فنون کے فروغ میں راجندر چولا اوّل اور چولا خاندان کی غیر معمولی میراث کا جشن منانا شامل ہے۔
.................. . ............................................. . ......................
( ش ح ۔ ا ع خ ۔ ع ا )
U. No. 3100
(Release ID: 2147248)