وزارات ثقافت
azadi ka amrit mahotsav

اشاڑھ پُورنیما سارناتھ میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی اور بدھ کے پہلے خطبے کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا


آئی بی سی نے دھم چکر پروَرتن دیوس سارناتھ کے مُل گندھ کوٹی وہار میں عالمی بدھ مت برادری کی شرکت کے ساتھ منایا

Posted On: 10 JUL 2025 8:42PM by PIB Delhi

جب شام کے سائے آسمان پر چھا گئے اور اشاڑھ کی مقدس پُورنیما کی چاندنی سارناتھ کی تاریخی سرزمین کو روشن کرنے لگی تو انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) نے وزارتِ ثقافت، حکومتِ ہند اور مہا بودھی سوسائٹی آف انڈیا کے اشتراک سے، اشاڑھ پُورنیما کو نہایت وقار اور روحانیت کے ساتھ منایا ۔ یہ وہ دن ہے جسے دھم چکر پروَرتن دیوس کے طور پر یاد کیا جاتا ہے، جب بھگوان بدھ نے اسی مقام پر اپنا پہلا خطبہ دیا تھا۔

یہ تقریب مقدس مُل گندھ کوٹی وہار میں منعقد ہوئی، جس میں دنیا بھر سے ممتاز راہبوں، علمی شخصیات اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر وارشہ واسا کا آغاز بھی کیا گیا، جو خود احتسابی، ضبطِ نفس اور روحانی تربیت کے موسم کی علامت ہے۔

تقریب کا آغاز دھمیک اسٹوپا کے گرد پُر وقار اور باوقار پریکرما (طواف) سے ہوا، جس میں بھکشو، بھکشونیاں اور عام عقیدت مند خاموشی اور احترام کے ساتھ شریک ہوئے۔ غروبِ آفتاب کی نرم روشنی میں نہایا ہوا اسٹوپا، بدھ مت کی تعلیمات کی ابدی گونج کی علامت کے طور پرکھڑا نظر آیا۔

رسمی اجتماع کا آغاز مولگندھا کوٹی وہار کے انچارج وِن۔ سمّتَانند تھرو کی استقبالیہ خطاب سے ہوا، جنہوں نے سارناتھ کی تقدس و خاموشی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مقام صدیوں سے دھرم کی آغوش میں ہے اور اسے سنبھالے ہوئے ہے۔

ویتنام کی سینئر بھکشونی وِن۔ دیو تری نے حال ہی میں ویتنام میں منعقدہ "بدھ مت کی تبرکات کی نمائش" پر پُراثر تاثرات کا اظہار کیا، جہاں نو شہروں میں 1 کروڑ 78 لاکھ سے زائد عقیدت مندوں نے عقیدت و احترام کے ساتھ ان مقدس نشانیوں کی زیارت کی۔ اس روحانی سفر اور ویتنامی پیروکاروں کے جذباتی اظہارِ عقیدت کو آئی بی سی کی ایک مختصر فلم کے ذریعے پیش کیا گیا۔

سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف ہائر تبتی اسٹڈیز کے وائس چانسلر وِن۔ وانگچک دورجی نیگی نے دھرم میں علم و عمل کے گہرے تعلق اور اشاڑھ پُورنیما سے جڑی معنوی تقاریب پر بصیرت افروز خیالات کا اظہار کیا ۔ جن میں بدھ کے تصورِ وجود، ان کے پہلے خطبے، اور رہبانہ سنگھ(راہبوں کی جماعت) کی بنیاد شامل ہیں۔

 وِن۔ سُمیدھا تھرو، صدر انڈو-سری لنکا انٹرنیشنل بدھسٹ ایسوسی ایشن نے حکومتِ ہند کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ اس نے سارناتھ جیسے تاریخی اور روحانی طور پر اہم مقام کو اس عظیم تقریب کے مرکز کے طور پر منتخب کیا۔ انہوں نے بھارت اور سری لنکا کے درمیان روحانی اور ثقافتی رشتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ رشتے صدیوں سے بدھ کے اجالے میں پروان چڑھتے آئے ہیں۔

تقریب کا اختتام آئی بی سی کے سیکریٹری جنرل شارتسے کھنسور جَنگچُوپ چوئیدن رِنپوچے کے پُراثر اختتامی کلمات سے ہوا، جنہوں نے بدھ مت کے عالمی اتحاد اور بین المذاہب ہم آہنگی کے مشن کو دوہرایا، اور ایک پُرامن دنیا کے قیام کے لیے ہمدردی پر مبنی اور جامع مکالمے کو بنیاد بنانے کی اپیل کی۔

مہا بودھی سوسائٹی آف انڈیا کے پالی اینڈ بدھسٹ دھم دوت کالج کے پرنسپل وِن۔ سیلاوانسو تھرو نے شکریہ کی رسم ادا کی، ، جنہوں نے اس شام کی روح کو اجاگر کرتے ہوئے اجتماعی تشکر اور عقیدت کے جذبے کو خوبصورتی سے سمیٹا۔

سارناتھ میں منعقدہ اشاڑھ پُورنیما کی یہ تقریب ایک بار پھر بدھ کی لازوال تعلیمات کی بازگشت بن کر ابھری ۔ جو دنیا کو حکمت، شفقت، اور باہمی شعور کے ساتھ زندگی گزارنے کی راہ پر چلنے کی دعوت دیتی ہے۔

************

UN-2663

(ش ح۔  ش آ۔م ق ا)


(Release ID: 2143950)
Read this release in: English , Hindi , Marathi , Bengali