وزارت دفاع
وزیر دفاع نے جموں و کشمیر کے ادھم پور میں 2025 کے عالمی یوگا دن کی تقریبات کی قیادت کی؛ 2,500 فوجیوں کے ساتھ مختلف یوگا آسنوں اور سانس کی مشقوں میں حصہ لیا
آپریشن سندور نے ہمارے مسلح افواج کے اہلکاروں کے کنٹرول اور اندرونی طاقت کو ظاہر کیا جو یوگا کی مشق سے حاصل کی گئی: جناب راجناتھ سنگھ
Posted On:
21 JUN 2025 10:06AM by PIB Delhi
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے 21 جون 2025 کو جموں و کشمیر کے ادھم پور میں ناردرن کمانڈ کے تحت تقریباً 2,500 فوجیوں کے ساتھ مختلف آسن اور سانس کی مشقیں کر کے 11ویں بین الاقوامی یوگا دن (آئی ڈی وائی) کی تقریبات کی قیادت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے یوگا کو عالمی سطح پر مقبول بنانے کا سہرا وزیراعظم نریندر مودی کے سر باندھا اور اس بات پر زور دیا کہ یوگا صحت اور فلاح و بہبود کے لیے ایک جامع طریقہ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے یوگا کو موجودہ تیز رفتار دنیا میں انسانوں کو درپیش مسائل جیسے ذہنی تناؤ، بے چینی اور ڈپریشن کا عالمی حل قرار دیا۔
" وزیر دفاع نے کہا یوگا لوگوں کو انتشار میں وضاحت (صاف سوچ) عطا کرتا ہے۔ یہ ایک فن، ایک سائنس، ایک فلسفہ اور روحانیت ہے۔ جو لوگ اپنی روزمرہ زندگی میں یوگا کی مشق کرتے ہیں، انہیں اپنے جسم اور ذہن پر قابو حاصل ہوتا ہے۔ یہ ہمیں ردِعمل دینے والا نہیں بلکہ پیش قدم (پیشگی عمل کرنے والا) بناتا ہے " ۔

آپریشن سندور کو اس کنٹرول کی ایک شاندار مثال قرار دیتے ہوئے، جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستانی مسلح افواج نے اس آپریشن کے دوران تحمل، توازن اور درستگی کا مظاہرہ کیا، جو یوگا کی مشق سے حاصل ہونے والی ان کی اندرونی طاقت کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام دہشت گرد حملے کے ذریعے بھارت کی سماجی اور فرقہ وارانہ یکجہتی کو نشانہ بنایا گیا تھا اور آپریشن سندور پاکستان کے لئے ایک واضح پیغام تھا کہ وہ بھارت کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کی حمایت کے نتائج بھگتے گا۔
وزیر دفاع نے کہا، "آپریشن سندور 2016 کی سرجیکل سٹرائیک اور 2019 کے فضائی حملے کا فطری تسلسل ہے۔ اسے اس طرح انجام دیا گیا کہ پاکستان نے جنگ بندی کی درخواست کی، اور اس کے بعد ہی ہم نے آپریشن کو روکا۔ جیسا کہ میں نے پہلے کہا، آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا۔ بھارت دہشت گردی کے خلاف ہر قسم کے اقدامات کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔"
جناب راجناتھ سنگھ نے زور دیا کہ پاکستان بھارت کو اندر سے کمزور کرنا چاہتا ہے، لیکن اسے کبھی نہیں بھولنا چاہئے کہ میجر سومناتھ شرما کی طرح بریگیڈیئر عثمان نے بھی ملک کی یکجہتی اور سالمیت کے لئے اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب قوم عالمی یوگا دن منا رہی ہے، اسے یوگا کی مشق کے اصلی معنی کو یاد رکھنا چاہئے، جو معاشرے کے ہر طبقے کو بھارت کی ثقافت اور روح سے جوڑنا ہے۔ انہوں نے کہا، "اگر ایک بھی طبقہ پیچھے رہ جاتا ہے تو یکجہتی اور سلامتی کا پہیہ ٹوٹ جاتا ہے۔ اس لئے، آج ہمیں صرف جسم کے بجائے معاشرے اور فکر کی سطح پر یوگا کرنا چاہئے۔"

رکشا منتری نے مسلح افواج کے اہلکاروں کے یوگا کی طرف رجحان کی تعریف کی، جس کا ان کے نظم و ضبط اور توجہ پر براہ راست اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا ایک فوجی کو جسمانی اور ذہنی طور پر تیار کرتا ہے اور اس کے فوائد میدان جنگ میں دیکھے جا سکتے ہیں، انہوں نے فوجیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اس کی روزانہ مشق جاری رکھیں۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اس بیان کو دہراتے ہوئے کہ 'یوگا بھارت کا دنیا کو تحفہ ہے'، رکشا منتری نے کہا کہ یہ محض ایک سفارتی بیان نہیں بلکہ ایک وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا کے ذریعے بھارت نے دنیا کو ایک ایسا آلہ دیا ہے جو کسی سرحد، مذہب اور ثقافت سے ماورا ہے۔

جناب راجناتھ سنگھ نے نشاندہی کی کہ عالمی یوگا دن کا ہر سال کا تھیم – اس سال "ایک کرہ ارض، ایک صحت" – ایک عالمی پیغام دیتا ہے کہ بھارت نہ صرف اپنے لئے بلکہ پوری دنیا کی فلاح کے لئے سوچتا ہے۔ انہوں نے کہا، "پوری دنیا ایک خاندان ہے اور اس کے لئے کام کرنا ہمارے خیال کا حصہ ہے۔ یوگا اس سوچ کا عملی اظہار ہے۔"
رکشا منتری نے مزید کہا کہ یوگا خاموشی سے دنیا کو بدل رہا ہے اور ہر شہری کو اس بات پر فخر ہونا چاہئے کہ بھارت کی قدیم روایت کو عالمی سطح پر تسلیم اور قبول کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اسے ایک ذمہ داری قرار دیا کہ یوگا کو صرف ایک رجحان کے طور پر نہیں بلکہ زندگی کا ایک طریقہ بنایا جائے۔ انہوں نے اپنی تقریر کے اختتام پر کہا ، "ہمیں اپنی زندگیوں میں یوگا کو ایک عزم کے طور پر شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ اسے ہمارے روزمرہ معمولات کا حصہ ہونا چاہئے کیونکہ یہ ہر ایک کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لاتا ہے " ۔
اس تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اوپندر دویدی، جنرل آفیسر کمانڈنگ-ان-چیف، ناردرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے شرکت کی۔

تمام شرکاء نے وزیر اعظم کی عالمی یوگا دن 2025 کے موقع پر وشاکھاپٹنم سے منعقدہ مرکزی تقریب میں دی گئی تقریر سنی۔ جموں و کشمیر اور لداخ کے مشکل علاقوں میں متعدد فارورڈ مقامات پر بھی یوگا سیشنز منعقد کیے گئے، جو ہمارے فوجیوں کے عزم اور جوش و جذبے کو ظاہر کرتے ہیں۔
ریاستی وزیر دفاع جناب سنجے سیٹھ نے جھارکھنڈ کے رانچی میں کمہاریہ کے پی ایم شری ہائی اسکول میں عالمی یوگا دن 2025 کی تقریبات کی زینت بڑھائی۔ طلبہ اور حکام سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے صحت مند قوم کی تعمیر میں یوگا کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے یوگا کے ذریعے آنے والے نظم و ضبط اور توانائی کو اجاگر کیا اور سب کو، خاص طور پر بچوں کو، اپنی روزمرہ زندگی میں یوگا اپنانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے یوگا کو عالمی سطح پر فروغ دینے میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے کردار کی تعریف کی۔
دفاعی سیکریٹری جناب راجیش کمار سنگھ اور وزارت دفاع کے دیگر سینئر حکام نے نئی دہلی میں کنٹرولر جنرل آف ڈیفنس اکاؤنٹس کے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب میں یوگا کی مشق کی۔
ہیڈکوارٹرز انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف نے نئی دہلی میں نیشنل وار میموریل اینڈ میوزیم میں عالمی یوگا دن منایا۔ چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف ایئر مارشل اشوتوش دیکشت مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے مسلح افواج کے تندرستی اور یکجہتی کے عزم کو اجاگر کیا۔
نئی دہلی میں آرمی اسپتال (ریسرچ اینڈ ریفرل) میں 1,500 سے زائد ڈاکٹروں، نرسوں، پیرامیڈیکل عملے، اور مریضوں نے یوگا دن کی تقریب میں پرجوش شرکت کی۔ ماحولیات اور پائیدار صحت کے عزم کے طور پر، کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل شنکر نارائن، ڈپٹی کمانڈنٹ میجر جنرل امل کپور، اسٹاف، اور مریضوں نے ہسپتال کے احاطے میں درخت لگانے کی مہم میں بھی حصہ لیا۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 1971 )
(Release ID: 2138300)