وزارت دفاع
بھارت-منگولیا مشترکہ فوجی مشق نوماڈک ایلیفینٹ کی اختتامی تقریب میں دفاعی سیکرٹری نے شرکت کی
Posted On:
13 JUN 2025 4:09PM by PIB Delhi
بھارت اور منگولیا کے درمیان مشترکہ فوجی مشق نوماڈک ایلیفینٹ کے 17ویں ایڈیشن کا اختتام آج منگولیا کے دارالحکومت اولان باتور میں ہوا۔ اس موقع پر بھارت کے امور دفاع کے سیکرٹری جناب راجیش کمار سنگھ اور لیفٹیننٹ جنرل پشپیندر سنگھ، ڈائریکٹر جنرل آپریشنل لاجسٹکس اینڈ اسٹریٹجک موومنٹ، نے اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
دو ہفتوں پر مشتمل اس مشق میں بھارتی فوج کے 45 اہلکاروں پر مشتمل دستے نے بھرپور شرکت کی، جن کا تعلق بنیادی طور پر اروناچل اسکاؤٹس کی ایک بٹالین سے تھا۔ اس مشترکہ تربیت کا مقصد بھارتی فوج اور منگولیا کی مسلح افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا تاکہ اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کے تحت نیم شہری اور پہاڑی علاقوں میں نیم روایتی جنگی حالات میں بطور مشترکہ ٹاسک فورس مؤثر طور پر کام کیا جا سکے۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امور دفاع کے سیکرٹری نے نوماڈک ایلیفینٹ مشق کے دوران بھارتی فوجیوں کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور نظم و ضبط کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشق بھارت اور منگولیا کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور ثقافتی رشتوں کی عکاس ہے۔ یہ پلیٹ فارم فوجی تعاون کے فروغ کا ذریعہ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے بھارت کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج کی ایسی مشترکہ مشقوں میں شرکت نہ صرف آپریشنل تیاری کو بہتر بناتی ہے بلکہ عالمی امن مشنوں میں بھارت کے ذمہ دار کردار کو بھی مضبوط بناتی ہے۔
امور دفاع کے سیکرٹری کل اسی مقام پر کثیرالملکی مشترکہ فوجی مشق خان کوئسٹ 2025 کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جس میں بھارتی فوجی دستہ بھی شریک ہوگا۔ یہ مشق 14 جون سے 28 جون 2025 تک منعقد کی جائے گی۔
نوماڈک ایلیفینٹ اور خان کوئسٹ جیسی مشقوں کا انعقاد بھارت کی دفاعی سفارت کاری کی وسعت میں ایک اہم سنگِ میل ہے اور منگولیا کے ساتھ اس کی تزویراتی شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
********
ش ح ۔ ا م۔ ر ب
U. No.1728
(Release ID: 2136177)