وزارت دفاع
ناری شکتی نے آپریشن سندور کے دوران دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی موثر کارروائی میں اہم کردار ادا کیا: وزیردفاع
جناب راج ناتھ سنگھ نے آئی این ایس وی تارنی کو جھنڈی دکھائی جب لیفٹیننٹ کمانڈر دلنا کے اور لیفٹیننٹ کمانڈر روپا 'ناویکا ساگر پریکرما II' نامی کامیاب سمندری سفر کے بعد وطن واپس لوٹیں
یہ دونوں خواتین بحریہ افسران ڈبل ہینڈڈ موڈ میں یہ کارنامہ انجام دینے والی ہندوستان کی پہلی خواتین بن گئیں
Posted On:
29 MAY 2025 6:49PM by PIB Delhi
وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے 29 مئی 2025 کو گوا میں آئی این ایس وی تارنی کی واپسی پر جھنڈی دکھانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "خواتین پائلٹس اور دیگر خاتون فوجیوں نے آپریشن سندور کے دوران پاکستان اور پی او کے میں دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی موثر کارروائی میں اہم کردار ادا کیا۔" وزیردفاع نے زور دیا کہ جب سے مسلح افواج میں خواتین کی شمولیت بڑھی ہے، انہوں نے ہر کردار میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور ہر ذمہ داری کو بہترین طریقے سے نبھایا ہے۔
انہوں نے کہا، "سیاچن کی بلندیوں سے لے کر سمندر کی گہرائیوں تک، ہندوستانی خواتین کئی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں، جنھوں نے ملک کے حفاظتی دائرے کو مزید مضبوط کیا ہے۔ آج، سینک اسکولوں کے دروازے لڑکیوں کے لیے کھلے ہیں اور اس ماہ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی سے 17 خواتین پاس آؤٹ ہو رہی ہیں۔ آپریشن سندور میں ہندوستانی مسلح افواج کے ہر شعبے میں خواتین کی فعال اور موثر شرکت دیکھی گئی۔"
جب دو بہادر ہندوستانی بحریہ کی خواتین افسران - لیفٹیننٹ کمانڈر دلنا کے اور لیفٹیننٹ کمانڈر روپا اے - 'ناویکا ساگر پریکرما II' کی کامیاب تکمیل کے بعد وطن واپس لوٹیں، وزیردفاع نے اس تاریخی سمندری سفر کو مکمل کرنے میں ان کی ہمت، عزم اور برداشت کی تعریف کی۔ انہوں نے اس سفر کو ناری شکتی کا اعلیٰ نمونہ قرار دیا۔
اس مہم کے دوسرے ایڈیشن میں یہ دونوں افسران ڈبل ہینڈڈ موڈ میں یہ کارنامہ انجام دینے والی ہندوستان کی پہلی خواتین بن گئیں۔ ان افسران نے آٹھ ماہ کے عرصے میں 25,600 ناٹیکل میل کا فاصلہ طے کیا اور فریمنٹل (آسٹریلیا)، لیٹلٹن (نیوزی لینڈ)، پورٹ اسٹینلے (فاک لینڈ آئی لینڈز) اور کیپ ٹاؤن (جنوبی افریقہ) میں بندرگاہوں پر رُکیں۔
جناب ناتھ سنگھ نے دونوں افسران کی تعریف کی کہ انہوں نے جسمانی اور ذہنی رکاوٹوں کا مقابلہ کیا، ان پر طاقت سے قابو پایا اور دنیا کے سامنے ثابت کیا کہ وہ ہندوستان کی بہادر بیٹیاں ہیں۔ انہوں نے آٹھ ماہ کے طویل سفر کے دوران تنہائی کے احساس سے کامیابی سے نمٹنے کے لیے خواتین افسران کی ذہنی مضبوطی کی تحسین کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی لیفٹیننٹ کمانڈر دلنا کے اور لیفٹیننٹ کمانڈر روپا کے حاصل کردہ کارنامے کو انجام نہیں دے سکتا، جو ان کی ہمت، عزم اور طاقت کی عکاسی کرتا ہے۔
مختلف بندرگاہوں پر مقامی لوگوں اور ہندوستانی تارکین وطن کی جانب سے دونوں افسران کو ملنے والے پرتپاک استقبال پر، وزیردفاع نے کہا کہ ان دو خواتین افسران نے پوری دنیا میں ترنگا لہرا کر قوم کو افتخار بخشا ہے ۔
انہوں نے بہادر جوڑی سے کہا، "آپ کو اس سفر کے تجربات کو اسی جذبے کے ساتھ دستاویزی شکل دینا چاہیے جس کے ساتھ آپ نے اسے مکمل کیا۔ اپنے تلخ و شیریں تجربات اور سیکھنے کے سبق کو ریکارڈ کریں تاکہ آنے والی نسلیں، خاص طور پر ہماری نوجوان خواتین، اس سے متاثر ہوں۔"
وزیردفاع نے واپسی پر جھنڈی دکھانے کی تقریب سے چند دن پہلے خواتین افسران کے ساتھ اپنی ورچوئل بات چیت کو یاد کیا، اور بتایا کہ اس بات چیت نے انہیں جذبات سے بھر دیا تھا۔ انہوں نے گوا میں استقبالیہ تقریب کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا اور اسے ملک کے لیے بڑے فخر کی بات قرار دیا۔
اس مہم کو ہندوستانی بحریہ کی بہادری اور لچک کا ثبوت قرار دیتے ہوئے،جناب راج ناتھ سنگھ نے اس مہم میں تعاون کرنے والے تمام اہلکاروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ناویکا ساگر پریکرما II کی کامیاب تکمیل کا سہرا اساتذہ، تکنیکی ٹیم اور بحریہ کے وسائل کو دیا۔
اپنے خطاب میں، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی نے دونوں افسران کی مثالی لچک، استقامت اور ناقابل تسخیر جذبے کی تعریف کی۔ ان کے سفر کو شاندار سمندری ورثے کی عزت اور قومی سمندری شعور کو فروغ دینے میں ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے، انہوں نے ان کی کہانی کو ہر ہندوستانی کے لیے ایک تحریک کے طور پر بیان کیا جو ناری شکتی کے جذبے کو نئے سرے سے متعین کرتی ہے۔
تقریب کے دوران، 'بریکنگ ویوز، میکنگ ہسٹری' نامی ایک فوٹو اسے کتاب جاری کی گئی جو اس غیر معمولی سمندری سفر کی داستان بیان کرتی ہے۔ یہ کتاب شاندار تصاویر اور سمندری زندگی کے بارے میں بصیرت کے ساتھ سمندری مہم جوئی اور بحری تحقیق کے منفرد نقطہ نظر کے ساتھ اس قابل ذکر سفر کی داستان پیش کرتی ہے۔
ناویکا ساگر پریکرما II کی کامیاب تکمیل ہندوستانی بحریہ کے ٹیلنٹ کی پرورش، مہم جوئی کو فروغ دینے اور ہندوستان کی سمندری خود انحصاری کو اجاگر کرنے کے عزم کو تقویت دیتی ہے۔ یہ مہم 02 اکتوبر 2024 کو چیف آف دی نیول اسٹاف کے ہاتھوں آئی این ایس مانڈوی، گوا سے شروع کی گئی تھی۔ اس مہم کا پہلا ایڈیشن 2017-18 میں چھ رکنی خواتین عملے نے مکمل کیا تھا۔
گوا حکومت کے چیف سکریٹری ڈاکٹر وی کنداویلو؛ ڈائریکٹر جنرل، آرمڈ فورسز میڈیکل سروسز وائس ایڈمرل آرتی سرین؛ فلیگ آفیسر کمانڈنگ-ان-چیف، سدرن نیول کمانڈ وائس ایڈمرل وی سرینواس؛ دیگر سینئر نیول افسران؛ کمانڈر ابھیلاش ٹومی (ریٹائرڈ) اور لیفٹیننٹ کمانڈر دلنا کے اور لیفٹیننٹ کمانڈر روپا کے اہل خانہ نے واپسی پر جھنڈی کھانے کی تقریب میں شرکت کی۔
*****
ش ح ۔ ف ا۔ م ص
U -1254
(Release ID: 2132495)