وزارت دفاع
سی ڈی ایس عالمی فوجی قیادت سے روابط بڑھانےاور دفاعی حکمت عملی کو مضبوط بنانے کے لیےشنگریلا ڈائیلاگ 2025 میں شرکت کریں گے
Posted On:
29 MAY 2025 11:36AM by PIB Delhi
چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان 30 مئی 2025 سے 1 جون 2025 تک سنگاپور کا دورہ کریں گے تاکہ شنگریلا ڈائیلاگ کے 22ویں ایڈیشن میں شرکت کر سکیں، جو ہر سال انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز کے زیر اہتمام منعقد ہوتا ہے۔اس دورے کے دوران، جنرل انل چوہان آسٹریلیا، یورپی یونین، فرانس، جرمنی، انڈونیشیا، جاپان، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، فلپائن، سنگاپور، برطانیہ اور امریکہ سمیت کئی غیر ملکی ممالک کے دفاعی سربراہان اور اعلیٰ فوجی قیادت سے دو طرفہ ملاقات کریں گے۔
چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان تعلیمی و تحقیقی حلقوں، تھنک ٹینکس اور محققین سے خطاب کریں گے اور ’’مستقبل کی جنگیں اور جنگی حکمتِ عملی‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کریں گے۔وہ اس تقریب کے تحت منعقدہ خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے اور ’’مستقبل کے چیلنجز کے لیے دفاعی جدت طرازی کے حل‘‘ کے موضوع پر خطاب کریں گے۔
شنگریلا ڈائیلاگ ایشیا کا نمایاں اور باوقار دفاعی و سلامتی پر مبنی اجلاس ہے، جو دنیا بھر کے وزرائے دفاع، فوجی سربراہان، پالیسی سازوں اور اسٹریٹجک ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرتا ہے۔اس کانفرنس میں 40 ممالک کے رہنما ہند-بحرالکاہل خطے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز پر اپنے خیالات پیش کریں گے۔یہ بین الاقوامی مشاورت کا اہم موقع بھارت کو دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے، باہمی سلامتی مفادات پر جامع تبادلہ خیال کرنے اور ہند-بحرالکاہل خطے میں اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
********
ش ح۔ت ف۔ ش ہ ب
U-1222
(Release ID: 2132265)