وزیراعظم کا دفتر
آدم پور ایئر بیس پر بہادر فضائی جنگجوؤں اور فوجیوں کے ساتھ وزیر اعظم کی بات چیت کا متن
Posted On:
13 MAY 2025 5:38PM by PIB Delhi
بھارت ماتا کی جے!
بھارت ماتا کی جے!
بھارت ماتا کی جے!
دنیا نے ابھی ابھی اس نعرے کی طاقت دیکھی ہے۔‘‘بھارت ماتا کی جے’’ صرف ایک نعرہ نہیں، یہ اُس ہر سپاہی کی قسم ہے جو بھارت ماتا کی عزت و عظمت کے لیے اپنی جان تک قربان کر دیتا ہے۔ یہ اُس ہر شہری کی آواز ہے جو ملک کے لیے جینا چاہتا ہے، کچھ کر دکھانا چاہتا ہے۔‘‘بھارت ماتا کی جے’’ میدانِ جنگ میں بھی گونجتی ہے اور مشن میں بھی۔جب بھارت کے سپاہی ‘‘بھارت ماتا کی جے’’ بولتے ہیں، تو دشمن کلیجے کانپ جاتے ہیں۔
جب ہمارے ڈرون دشمن کے قلعوں کی دیواریں گرا دیتے ہیں، جب ہماری میزائلیں سنسناتی ہوئی اپنے ہدف پر جا لگتی ہیں، تو دشمن کو سنائی دیتا ہے: ‘‘بھارت ماتا کی جے!’’۔جب رات کے اندھیرے میں بھی ہم سورج طلوع کر دیتے ہیں، تو دشمن کو نظر آتا ہے:بھارت ماتا کی جے!۔جب ہماری افواج نیوکلیئر بلیک میل کی دھمکیوں کی ہوا نکال دیتی ہیں،تو آسمان سے پاتال تک ایک ہی آواز گونجتی ہے:بھارت ماتا کی جے!۔
ساتھیو،
واقعی، آپ سب نے کروڑوں بھارتیوں کا سینہ فخر سے چوڑا کر دیا ہے، ہر ہندوستانی کا ماتھا فخر سے بلند کر دیا ہے۔ آپ نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ اور میں آج صبح صبح آپ کے درمیان آیا ہوں، آپ کے دیدار کے لیے۔ جب بہادروں کے قدم زمین پر پڑتے ہیں، تو زمین مقدس ہو جاتی ہے، جب بہادروں کے دیدار کا موقع ملتا ہے، تو زندگی بابرکت ہو جاتی ہے۔ اور اسی لیے میں آج صبح صبح ہی آپ کے دیدار کے لیے یہاں پہنچا ہوں۔ آج سے کئی دہائیاں بعد بھی جب بھارت کے اس کارنامے کا ذکر ہوگا، تو اس کا سب سے اہم باب آپ اور آپ کے ساتھی ہوں گے۔ آپ سب نہ صرف موجودہ نسل کے لیے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک نئی تحریک بن چکے ہیں۔
میں اس سرزمین سے، جو بہادروں کی سرزمین ہے، آج ایئرفورس، نیوی اور آرمی کے تمام جانبازوں، بی ایس ایف کے اپنے سورماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ آپ کی بہادری کی بدولت آج آپریشن سندوکی گونج ہر گوشے میں سنائی دے رہی ہے۔ اس پورے آپریشن کے دوران ہر بھارتی آپ کے ساتھ کھڑا رہا، ہر بھارتی کی دعائیں آپ سب کے ساتھ رہی ۔ آج ہر ہم وطن اپنے فوجیوں اور ان کےاہل خانہ کا شکر گزار اور مقروض ہے۔
ساتھیو،
آپریشن سندور کوئی عام فوجی آپریشن نہیں ہے۔ یہ بھارت کی پالیسی، ارادے اور فیصلہ سازی کی صلاحیت کا سنگم ہے۔ ہندوستان بدھ کی سرزمین ہے اور گرو گوبند سنگھ جی کی بھی سرزمین ہے ۔ گرو گوبند سنگھ جی نے کہا تھا ۔ سوا لاکھ سے ایک لڑاوں ، چرین تے میں بازتڑواوں،تبے گرو گوبند سنگھ کہاوں ’’ برائی کو مٹانے اور نیکی قائم کرنے کے لیے ہتھیار اٹھانا ہماری روایت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب ہماری بہنوں اور بیٹیوں کا سندور چھن گیا تو ہم نے دہشت گردوں کے سر کو اُن کے گھر میں گھس کر کچل دیا۔ وہ بزدلوں کی طرح چھپ کر آئے تھے، لیکن وہ یہ بھول گئے کہ انہوں نے جسے للکارا تھا وہ ہندوستانی فوج ہے آپ نے ان پر سامنے سے حملہ کرکے مار ڈالا ، آپ نے دہشت گردی کے تمام بڑے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ، 9 دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ، 100 سے زیادہ دہشت گرد مارے گئے ، دہشت گردی کے مالک اب سمجھ گئے ہیں کہ ہندوستان کی طرف دیکھنے کا صرف ایک ہی انجام ہوگا-تباہی ! ہندوستان میں بے گناہ لوگوں کا خون بہانے کا صرف ایک ہی انجام ہوگا-تباہی اور عظیم تباہی! جس پاکستانی فوج کے بھروسے یہ دہشت گرد بیٹھے تھے، ہندوستانی فوج ، ہندوستانی فضائیہ اور ہندوستانی بحریہ نے اُس پاکستانی فوج کو بھی دھول چٹا دی ہے ۔ آپ نے پاک فوج کو یہ بھی بتادیا ہے کہ پاکستان میں ایسی کوئی جگہ نہیں ہے جہاں بیٹھ کر دہشت گردچین کی سانس لے سکے ۔ ہم گھر میں گھس کر ماریں گے اور فرار ہونے کا موقع بھی نہیں دیں گے ۔ اور ہمارے ڈرون ، ہمارے میزائل ، پاکستان ان کے بارے میں سوچتے ہوئے کئی دن تک سو نہیں پائیں گے ۔ مہارت دکھائی چالوں میں، اڑ گیا بھیانک بھالوں میں۔
بے خوف گیا وہ ڈھالوں میں، سرپٹ دوڑا کرپانوں میں ۔ یہ لائنیں مہارانا پرتاپ کے مشہور گھوڑے چیٹک پر لکھی گئی ہیں ، لیکن یہ لائنیں آج کے جدید ہندوستانی ہتھیاروں پر بھی فٹ ہوتی ہیں ۔
میرے بہادر ساتھیو ،
آپ نے آپریشن سندور سے ملک کا خود اعتمادی بڑھایا ہے ، ملک کو اتحاد کے دھاگے میں باندھ دیا ہے اور آپ نےہندوستان کی سرحدوں کی حفاظت کی ہے ، ہندوستان کی عزت نفس کو نئی بلندی دی ہے ۔
ساتھیو،
آپ نے وہ کیا جو غیر معمولی ہے، ناقابلِ تصور ہے، حیرت انگیز ہے۔ ہماری ایئر فورس نے پاکستان میں اتنی گہرائی تک دہشت گردوں کے اڈوں کو نشانہ بنایا۔ صرف 20-25 منٹ کے اندر ، سرحد پار کے اہداف کو نشانہ بنانا، بالکل پِن پوائنٹ ٹارگٹس کو ہٹ کرنا، یہ صرف ایک جدید ٹیکنالوجی سے لیس، پیشہ ور فورس ہی کر سکتی ہے۔ آپ کی رفتار اور درستگی اتنی بلند سطح کی تھی کہ دشمن دنگ رہ گیا۔ اسے یہ بھی پتہ نہیں چلا کہ کب اس کا سینہ چھلنی ہوگیا۔
ساتھیو،
ہمارا مقصد پاکستان کے اندر دہشت گردوں کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنانا تھا، دہشت گردوں کو ہٹ کرنا تھا۔ لیکن پاکستان نے اپنے مسافری طیاروں کو سامنے لا کر جو سازش رچی، میں تصور کر سکتا ہوں، وہ لمحہ کتنا مشکل ہوگا، جب ایک شہری طیارہ دکھ رہا ہے، اور مجھے فخر ہے کہ آپ نے بہت احتیاط سے، بہت چوکسی سے شہری طیارے کو نقصان پہنچائے بغیرتباہ کرکے دکھایا، اس کا جواب سےدیا آپ نے ۔ میں فخر کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ آپ سب اپنے مقاصد پر بالکل کھڑے اُترے ہیں۔ پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کے ایئر بیسز کو ہی تباہ نہیں کیا گیا، بلکہ ان کے ناپاک ارادوں اور ان کے حوصلوں دونوں کو شکست ہوئی ہے۔
ساتھیو،
آپریشن سنڈور سے بوکھلائے دشمن نے اس ایئر بیس کے ساتھ ساتھ ہمارے متعدد ایئر بیسز پر حملہ کرنے کی کئی بار کوشش کی۔ بار بار اس نے ہمیں نشانہ بنایا، لیکن پاکستان کے ناکام، ناپاک ارادے ہر بار ناکام ہو گئے۔ پاکستان کے ڈرون، اس کے یو اے وی، پاکستان کے ایئرکرافٹ اور اس کی میزائلیں، ہمارے مضبوط ایئر ڈیفنس کے سامنے سب کے سب تہس نہس ہو گئے۔ میں ملک کے تمام ایئر بیس سے جڑی قیادت کی، بھارتی فضائیہ کے ہر ایئر واریر کی دل سے سراہنا کرتا ہوں، آپ نے واقعی بہت شاندار کام کیا ہے۔
ساتھیو،
دہشت گردی کے خلاف بھارت کی لکشمن ریکھا اب بالکل واضح ہے۔ اگر دوبارہ کوئی دہشت گرد حملہ ہوا، تو بھارت جواب دے گا، پکا جواب دے گا۔ یہ ہم نے سرجیکل اسٹرائیک کے وقت دیکھا، ایئر اسٹرائیک کے وقت دیکھا، اور اب تو آپریشن سندور، بھارت کا نیا معمول ہے۔ اور جیسا کہ میں نے کل بھی کہا، بھارت نے اب تین اصول طے کر دیے ہیں، پہلا- بھارت پر دہشت گرد حملہ ہوا تو ہم اپنے طریقے سے، اپنی شرائط پر، اپنے وقت پر جواب دیں گے۔ دوسرا- کوئی بھی نیوکلیئر بلیک میل بھارت نہیں سہے گا۔ تیسرا- ہم دہشت گردی کی سرپرست حکومت اور دہشت گردوں کے آقاؤں کو الگ الگ نہیں دیکھیں گے۔ دنیا بھی بھارت کے اس نئے روپ کو، اس نئی ترتیب کو سمجھتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے۔
ساتھیو،
آپریشن سندور کا ایک ایک لمحہ بھارت کی افواج کی صلاحیت کا ثبوت ہے۔ اس دوران ہماری افواج کا کوآرڈینیشن واقعی شاندار تھا۔ فوج ہو،بحریہ ہو یا فضائیہ، سب کا تال میل بہت زبردست تھا۔ بحریہ نے سمندر پر اپنا تسلط قائم کیا۔ فوج نے سرحد پر مضبوطی فراہم کی۔ اور بھارتی فضائیہ نے نہ صرف حملہ کیا بلکہ دفاع بھی کیا۔ بی ایس ایف اور دوسرے دستوں نے بھی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انٹیگریٹڈ ایئر اور لینڈ کمپبیٹ سسٹمز نے شاندار کام کیا ہے۔ اور یہی تو ہے، جوائنٹنیس، یہ اب بھارتی افواج کی صلاحیت کی ایک مضبوط شناخت بن چکی ہے۔
ساتھیو،
آپریشن سندور میں مین پاور کے ساتھ ساتھ مشین کا کوآرڈینیشن بھی بے مثال رہا ہے۔ بھارت کے روایتی ایئر ڈیفنس سسٹمز ہوں، جنہوں نے کئی جنگیں دیکھی ہیں ، یا پھر آکاش جیسے ہمارے "مڈ اِن انڈیا" پلیٹ فارمز ہوں، ان کو ایس-400 جیسے جدید اور طاقتور دفاعی سسٹمز نے بے مثال طاقت دی ہے۔ ایک مضبوط حفاظتی ڈھال بھارت کی پہچان بن چکی ہے۔ پاکستان کی لاکھ کوششوں کے باوجود، ہمارے ایئر بیس ہوں، یا پھر ہمارے دوسرے دفاعی انفراسٹرکچر، ان پر کوئی اثر نہیں آیا۔ اور اس کا سہرا آپ سب کے سر ہے، اور مجھے آپ سب پر فخر ہے، بارڈر پر تعینات ہر سپاہی کو اس کا سہرا جاتا ہے، اس آپریشن سے جڑے ہر شخص کو اس کا سہرا جاتا ہے۔
دوستو
آج ہمارے پاس نئی اور جدید ٹیکنالوجی کی ایسی صلاحیت موجود ہے کہ پاکستان اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ پچھلی دہائی میں ہماری تمام افواج بشمول فضائیہ نے دنیا کی بہترین ٹیکنالوجی حاصل کی ہے۔ لیکن ہم سب جانتے ہیں کہ نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ اتنے ہی بڑے چیلنجز بھی سامنے آتے ہیں۔ پیچیدہ اور جدید ترین نظاموں کو برقرار رکھنا، انہیں کارکردگی کے ساتھ چلانا، ایک بہت بڑی مہارت ہے۔ آپ نے ٹیک کو ہتھکنڈوں سے جوڑ کر دکھایا۔ آپ نے ثابت کر دیا ہے کہ آپ اس کھیل میں، دنیا کے بہترین ہیں۔ ہندوستانی فضائیہ اب دشمن کو نہ صرف ہتھیاروں سے بلکہ ڈیٹا اور ڈرون سے بھی شکست دینے میں ماہر ہو گئی ہے۔
ساتھیو،
پاکستان کی اپیل کے بعد بھارت نے صرف اپنی فوجی کارروائی کو معطل کیا ہے۔ اگر، اگر پاکستان نے دوبارہ دہشت گردانہ سرگرمیاں یا فوجی جرات دکھائی، تو ہم اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ یہ جواب ہم اپنی شرائط پر، اپنے طریقے سے دیں گے۔ اور اس فیصلے کی بنیاد، اس کے پیچھے چھپا اعتماد، آپ سب کا صبر، بہادری، حوصلہ اور چوکسی ہے۔ آپ کو یہ حوصلہ، یہ جوش، یہ جذبہ ایسے ہی برقرار رکھنا ہے۔ ہمیں مسلسل چوکس رہنا ہے، ہمیں تیار رہنا ہے۔ ہمیں دشمن کو یاد دلاتا رہنا ہے، یہ نیا بھارت ہے۔ یہ بھارت امن چاہتا ہے، لیکن، اگر انسانیت پر حملہ ہوتا ہے، تو یہ بھارت جنگ کے محاذ پر دشمن کو مٹی میں ملا دینا بھی خوب جانتا ہے۔ اسی عزم کے ساتھ، آئیے ایک بار پھر بولیں ۔
بھارت ماتا کی جے۔ بھارت ماتا کی جے
بھارت ماتا کی جے
وندے ماترم ۔ وندے ماترم
وندے ماترم ۔ وندے ماترم
********
ش ح۔ش آ ۔ن م
(U: 750)
(Release ID: 2128458)