وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

جنیوا میں روایتی طب کے دوست ممالک کے گروپ (جی ایف ٹی ایم) کا چھٹا اجلاس منعقد ہوا


آیوش کے سیکریٹری نے عالمی صحت میں روایتی طب کے کردار کو اجاگر کیا اور دنیا بھر میں سائنسی بنیادوں پر روایتی طب کو فروغ دینے کے بھارت کے عزم کو دہرایا

روایتی طب کے دوست ممالک کا گروپ، 23 مئی 2025 کو 78ویں عالمی صحت اسمبلی  کے دوران ایک اعلیٰ سطحی ضمنی تقریب کا انعقاد کرے گا

Posted On: 11 MAY 2025 4:18PM by PIB Delhi

روایتی طب کے دوست ممالک (جی ایف ٹی ایم) کی چھٹی میٹنگ 9 مئی 2025 کو جنیوا میں بھارت کے مستقل مشن (پی ایم آئی) میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس اجلاس میں مختلف ممالک کے سفیروں کے نمائندوں نے شرکت کی جو عالمی صحت کے نظام میں روایتی طب کے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

گجرات اعلامیے اور ماضی کی کامیاب میٹنگوں کی روشنی میں، اس اجلاس نے عالمی سطح پر جاری کلیدی اقدامات کی حمایت کی، جن میں ڈبلیو ایچ او کی روایتی طب کی حکمتِ عملی 2025–2034 اور 2 تا 4 دسمبر 2025 کو بھارت میں منعقد ہونے والے دوسرے عالمی روایتی طب سربراہی اجلاس کی تیاری بالخصوص قابل ذکر ہے۔

وزارت آیوش کے سیکریٹری ویدیہ راجیش کوٹیچا نے ورچوئل طور پر کلیدی خطاب کیا، جس میں دنیا بھر میں سائنسی بنیادوں پر روایتی طب کو فروغ دینے میں بھارت کی قیادت اور عزم کو اجاگر کیا گیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حصول اور “ون ہیلتھ” اور پائیدار ترقی کے اہداف کے فروغ میں روایتی طب کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے وزارت آیوش کے ذریعے بھارت کے عزم کو دہرایا، جس کا مظاہرہ قومی آیوشمان مشن، آیوش آروگیہ مندروں کا مربوط ماڈل، روایتی طب کے لیے بیمہ کوریج، اورڈی بی ٹی، ڈی ایس ٹی، آئی سی ایم آر، اور سی ایس آئی آر جیسے اعلیٰ تحقیقی اداروں کے ساتھ مشترکہ تحقیق جیسے مختلف اقدامات کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔

ان کے خطاب میں اس بات کو بھی نمایاں کیا گیا کہ بھارت روایتی طب میں ابھرتے ہوئے شعبوں—جیسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) ، جینومکس اور بایوانفارمیٹکس—پر بھی بھرپور توجہ دے رہا ہے۔ اس کی مثال عالمی تکنیکی اجلاس ہے جو روایتی طب میں اے آئی کے استعمال پر منعقد ہوا، جس سے بھارت کے روایتی علم کے تحفظ، صلاحیت سازی، اور مساوی عالمی صحت کے فروغ میں قیادت کا کردار ظاہر ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: ’’گروپ آف فرینڈز آف ٹریڈیشنل میڈیسن (جی ایف ٹی ایم) بھارت نے مئی 2023 میں قائم کیا۔ یہ ایک غیررسمی پلیٹ فارم ہے جو ڈبلیو ایچ او کے رکن ممالک کو صحت کے نظاموں میں روایتی طب کو شامل کرنے پر بات چیت اور تعاون کا موقع فراہم کرتا ہے۔‘‘

انہوں نے تعاون میں اضافے، علم کے تبادلے، اور تحقیقی شراکت داریوں کو فروغ دینے کی اپیل کی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image001BZ33.jpg

آیوش کے سیکریٹری، ویدیہ راجیش کوٹیچا نے گروپ آف فرینڈز آف ٹریڈیشنل میڈیسن (جی ایف ٹی ایم) کی چھٹی میٹنگ سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس عالمی مندوبین سے خطاب کیا

جنیوا میں اقوامِ متحدہ میں بھارت کے مستقل مشن، جس نے اس میٹنگ کی میزبانی کی، نے روایتی اور انٹیگریٹیو طب سے متعلق عالمی تعاون کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اس کوشش کو ڈبلیو ایچ او کے رہنما اصولوں اور بھارت کی قومی پالیسیوں کے مطابق مزید تقویت دی جا رہی ہے۔

جی ایف ٹی ایم جیسے پلیٹ فارمز اور وزارت آیوش کی قیادت کے ذریعے، بھارت نہ صرف اپنی روایتی صحت بخش وراثت کو محفوظ کر رہا ہے، بلکہ وہ ایک ایسے عالمی صحت کے مستقبل کی تشکیل بھی کر رہا ہے جو جامع، احتیاطی تدابیر پر مبنی، اور فطرت کی حکمت سے جُڑا ہوا ہو۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ روایتی طب کے دوست ممالک کا گروپ، 23 مئی 2025 کو جنیوا میں اقوامِ متحدہ کے پیلس آف نیشنز میں شام 6:00 بجے سے 7:30 بجے تک 78ویں عالمی صحت اسمبلی (ڈبلیو ایچ اے 78) کے دوران ایک اعلیٰ سطحی ضمنی اجلاس کا انعقاد کرے گا۔

اس اجلاس کا عنوان ہے: ’’روایتی طب: روایتی ورثے سے جدید سائنس کی جانب — سب کے لیے صحت‘‘

یہ پروگرام دنیا بھر میں روایتی، تکمیلی اور انٹیگریٹیو میڈیسن (ٹی سی آئی ایم) کو عالمی صحت نظاموں اور پائیدار ترقیاتی ڈھانچوں میں شامل کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو اجاگر کرے گا۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-718


(Release ID: 2128148) Visitor Counter : 2