وزارت دفاع
وزیر دفاع نے نئی دہلی میں اپنے جاپانی ہم منصب کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی
انہوں نے دہشت گردی اور اس کو برقرار رکھنے والی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی کارروئیوں کے خلاف متحدہ موقف کا مطالبہ کیا
جاپان نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں ہندوستان کو مکمل تعاون کی پیشکش کی ہے
وزیردفاع نے ہندوستانی دفاعی صنعت کی جاپان کے ساتھ نئے شعبوں بشمول ٹینک انجنوں اور ایرو انجنوں پر تعاون کرنے کے امکانات کا خاکہ پیش کیا
Posted On:
05 MAY 2025 5:47PM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 5 مئی 2025 کو جاپان کے وزیر دفاع جناب جنرل نکاتانی کے ساتھ مانیکشا سنٹر، نئی دہلی میں دو طرفہ میٹنگ کی۔ میٹنگ کے دوران دونوں ممالک نے دہشت گردی کی ہر قسم کی مذمت کی اور اس سلسلے میں عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر دفاع نے ہندوستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کی پاکستان کی ریاستی پالیسی کی مذمت کی، جو ریاستی اور غیر ریاستی عناصر کے ذریعے کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حملے علاقائی امن و سلامتی کو غیر مستحکم کرتے ہیں۔ جناب راج ناتھ سنگھ نے دہشت گردی اور اسے برقرار رکھنے والی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی کارروائیوں کے خلاف متحدہ موقف اختیار کرنے پر زور دیا۔

جاپانی وزیر دفاع نے 22 اپریل 2025 کو پہلگام، جموں و کشمیر میں ہونے والے المناک دہشت گردانہ حملے پر تعزیت کا اظہار کیا اور ہندوستان کو مکمل تعاون کی پیشکش کی۔

دونوں وزراء نے ہندوستان-جاپان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کے دفاعی اور سیکورٹی ستونوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور علاقائی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں وزراء نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی مشقوں اور تبادلوں کے بڑھتے ہوئے تنوع اور تعداد کا خیرمقدم کیا، اور ان مصروفیات کے دائرہ کار اور پیچیدگی کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور جاپان کے درمیان مضبوط سمندری تعاون میں نئی جہتیں شامل کرنے پر اتفاق کیا۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے ہندوستانی دفاعی صنعت کی صلاحیت، خاص طور پر ٹینک انجنوں اور ایرو انجنوں سمیت نئے شعبوں میں جاپانی فریق کے ساتھ تعاون کرنے کے امکانات کا خاکہ پیش کیا ۔ انہوں نے مینٹی ننس ریپیر اور اوور ہال آپریشنز کے شعبوں میں صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ دونوں فریقوں نے آٹومیشن اور مصنوعی ذہانت جیسے مخصوص ڈومینز میں تعاون کی تلاش سمیت صنعتی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزراء نے سائبر اور خلائی جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا۔
ہندوستان اور جاپان کے درمیان طویل المدتی دوستی ہے، جس نے 2014 میں اس تعاون کو خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری تک پہنچانے کے بعد مزید تقویت حاصل کی ہے۔ بات چیت کا اختتام دونوں ممالک کے دو طرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے کے مضبوط عزم کے ساتھ ہوا۔

قبل ازیں جاپانی وزیر دفاع نے نیشنل وار میموریل پر گل دائرہ پیش کیا اور شہید ہونے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مانیکشا سنٹر میں مکالمے سے قبل ان کا تینوں افواج کے گارڈ آف آنر کے ساتھ رسمی استقبال کیا گیا۔
ش ح۔ اک۔ ج
Uno-604
(Release ID: 2127120)
Visitor Counter : 14