کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان - بیلجیئم شراکت کو مضبوط کرنا: جناب پیوش گوئل نے بیلجیئم کے وزیر برائے خارجہ تجارت جناب تھیو فرینکن اور فلینڈرس کے وزیر صدر جناب میتھیاس ڈیپینڈیل سے ملاقات کی

Posted On: 04 MAY 2025 7:55PM by PIB Delhi

تجارت اور صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے 2 مئی 2025 کو برسلز میں بیلجیئم کے وزیر دفاع اور غیر ملکی تجارت جناب تھیو فرینکن اور فلینڈرس ریجن کے وزیر صدر میتھیاس ڈیپینڈیل کے ساتھ تجارت، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور اختراع کے شعبوں میں ہند-بیلجیئم شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے ایک نتیجہ خیز ملاقات کی۔ یہ ملاقات مارچ 2025 میں بیلجیئم کی شہزادی ایسٹرڈ کے دورہ ہند کے بعد ہوئی ہے، جہاں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ان کی ملاقات نے تجارت، ٹیکنالوجی، دفاع، زراعت، لائف سائنس، اختراع، ہنر مندی اور تعلیمی تبادلوں میں تعاون کے لیے نئی راہیں کھولنے کے مشترکہ عزائم پر زور دیا تھا۔ دونوں فریقوں نے باہمی نمو کو فروغ دینے اور ایک زیادہ مربوط عالمی اقتصادی فریم ورک میں تعاون کے لیے لچکدار، مستقبل پر مرکوز تعلقات قائم کرنے کے لیے اس رفتار کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

اس بات چیت میں بڑھتی ہوئی اقتصادی ہم آہنگی کو اجاگر کیا گیا اور دوطرفہ تجارت کو بڑھانے، صنعتی تعاون کو فروغ دینے، اور سیمی کنڈکٹر، صاف توانائی، دفاعی پیداوار اور دوا سازی جیسے اسٹریٹجک شعبوں میں سرمایہ کاری کو گہرا کرنے پر توجہ دی گئی۔ بیلجیئم کے اقتصادی انجن کے طور پر تسلیم کیے جانے جانے والے فلینڈرس کے علاقے کو اس کے جدید مینوفیکچرنگ ایکو سسٹم، تحقیق اور ترقی، انفراسٹرکچر اور یورپی گیٹ وے کے طور پر اس کے اسٹریٹجک کردار کے ساتھ ایک اہم پارٹنر کے طور پر اجاگر کیا گیا۔

دونوں فریقوں نے بدلتے ہوئے عالمی چیلنجوں کے درمیان باہمی خوشحالی اور لچکدار اقتصادی تعاون کے اپنے مشترکہ وژن کی توثیق کی۔ وزیر گوئل نے پچھلی دہائی کے دوران ہندوستان کے تغیر پذیر معاشی سفر پر روشنی ڈالی اور ان اصلاحات پر زور دیا جنھوں نے شہریوں اور کاروباری افراد کو یکساں طور پر بااختیار بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ”گزشتہ گیارہ سال صرف معاشی ترقی کے بارے میں ہی نہیں بلکہ خواہشات کو فعال کرنے کے بارے میں تھے۔“

میٹنگ میں ای یو-انڈیا فری ٹریڈ ایگریمنٹ (ایف ٹی اے) مذاکرات میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، دونوں فریقوں نے مارکیٹ تک رسائی کو بڑھانے کے لیے ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت کو تسلیم کیا۔ وزیر گوئل نے یورپ کی ترقی کے لیے ایک قابل بھروسہ اور طویل مدتی اقتصادی شراکت دار کے طور پر ہندوستان کی پوزیشن کو دہرایا اور تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ”ہندوستان صرف مستقبل کی منڈی نہیں ہے بلکہ یہ اعتماد کا ایک ساتھی بھی ہے۔“

بیلجیم یورپ میں ہندوستان کے سب سے اہم اقتصادی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ یہ یورپی یونین کے اندر ہندوستان کا پانچواں سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے جس کی دو طرفہ تجارت 2023-24 میں 15.07 بلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ اپریل 2000 سے ستمبر 2024 تک ہندوستان میں بیلجیئم کی ایف ڈی آئی مجموعی طور پر 3.94 بلین امریکی ڈالر رہی ہے، جس میں صرف گزشتہ سال میں 39 فیصد کا قابل ذکر اضافہ —1.1 بلین امریکی ڈالر بھی شامل ہے۔ دو طرفہ تعاون دفاعی مینوفیکچرنگ، گرین ہائیڈروجن، نینو الیکٹرانکس، نیوکلیئر میڈیسن اور فارماسیوٹیکل تحقیق و ترقی سمیت کئی شعبوں پر محیط ہے جو ہند - بیلجیئم اقتصادی تعلقات کی وسعت کی گہرائی اور اسٹریٹجک نوعیت کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں اطراف نے تجارت اور سرمایہ کاری کے نتائج کو تیز کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی مصروفیات کو مضبوط بنانے اور کاروباری وفود کے باقاعدہ دوروں کو سہولت فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔

***********

ش ح۔ ف ش ع

                                                                                                                                       U: 569


(Release ID: 2126869) Visitor Counter : 9
Read this release in: English , Hindi , Marathi