صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے انگولا کے صدر کی میزبانی کی
ہندوستان تمام افریقی ممالک کے ساتھ باہمی طور پر فائدہ مند اور پائیدار شراکت داری کے لیے پرعزم: صدر دروپدی مرمو
Posted On:
03 MAY 2025 9:40PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہندمحترمہ دروپدی مرمو نے جمہوریہ انگولا کے صدر، جناب جواؤ مینوئل گونکالویس لورینکو سے آج (3 مئی 2025)راشٹرپتی بھون میں ملاقات کی۔ انہوں نے ان کے اعزاز میں ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔

ہندوستان کے اپنے پہلے سرکاری دورے پر صدر جواؤ لورینکو کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ان کا یہ دورہ تاریخی اور بروقت ہے کیونکہ ہندوستان اور انگولا اس سال سفارتی تعلقات کی 40ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

صدر نے افریقی یونین کی چیئرمین شپ سنبھالنے کےلئے صدر جواؤ لورینکو کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جی ۔20 چیئرمین شپ کے دوران، افریقی یونین کو اس کے مکمل رکن کے طور پر شامل کیا گیا تھا، اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اب اس اہم کثیر جہتی فورم میں افریقی آواز سنی جا رہی ہے۔

صدر نے کہا کہ انگولا سمیت افریقی ممالک کے ساتھ ہندوستان کی خصوصی دوستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان-افریقہ فورم سمٹ جیسے اپنے اقدامات کے ذریعے تمام افریقی ممالک کے ساتھ باہمی فائدہ مند اور پائیدار شراکت داری کے لیے پابند عہد ہیں۔
صدر مملکت نے افریقہ میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے میں انگولا کی طرف سے ادا کیے گئے اہم کردار کو سراہا۔
صدر نے کہا کہ دہشت گردی بدستور انسانیت کو درپیش ایک لعنت ہے اور اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں واضح طور پر مذمت کی جانی چاہئے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں صدر لورینکو کی طرف سے ہمدردی اور حمایت کے بھرپور اظہار کی تعریف کی۔
صدر جمہوریہ نے انگولا میں مقیم ہندوستانی باشندوں کی بھی تعریف کی، جو ثقافتی اور اقتصادی طور پر ہمارے دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کا کام کرتے ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان دنیا کے ترقی پذیر ممالک کے مفادات اور خواہشات کے لئے ایک سرکردہ آواز رہا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہندوستان اور انگولا کو نہ صرف ہمارے دونوں ملکوں کے عوام بلکہ وسیع تر عالمی جنوب کی ترقی اور بہبود کے لیے مل کر کام کرتے رہنا چاہیے۔
صدر جمہوریہ کا خطاب دیکھنے کے لئے یہاں کلک کریں ۔
*****
U.No:551
ش ح۔ح ن۔س ا
(Release ID: 2126737)
Visitor Counter : 16