وزارت خزانہ
بھارت: سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت
آئی ایم ایف کا تخمینہ ہے کہ بھارت کی معیشت 2025 میں 6.2 فیصد اور 2026 میں 6.3 فیصدکی شرح سے ترقی کرے گی
Posted On:
23 APR 2025 4:40PM by PIB Delhi
تعارف:
بھارت ایک بار پھر عالمی معیشت کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہے۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا تخمینہ ہے کہ بھارت اگلے دو سال میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت رہے گا۔آئی ایم ایف کے عالمی اقتصادی منظرنامے کے اپریل 2025 ایڈیشن کے مطابق، بھارت کی معیشت 2025 میں 6.2 فیصد اور 2026 میں 6.3 فیصد بڑھنے کی توقع ہےاور وہ پوری دنیا اور خطے میں اپنے ہم پلہ ملکوں پربرتری قائم رکھے گا۔
ڈبلیو ای او کے اپریل 2025 ایڈیشن میں جنوری 2025 کی تازہ معلومات کے مقابلے میں 2025 کی پیش گوئی میں ترمیم کے بعد اقتصادی سست روی کے رجحان کا ذکر کیا گیا ہے، جس سے عالمی تجارتی تناؤ اور بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے اثرات کی عکاسی ہوتی ہے۔اس معمولی میانہ روی کے باوجود، مجموعی حالت مستحکم ہے۔یہ تسلسل نہ صرف بھارت کے میکرو اکنامک بنیادی اصولوں کی طاقت کی علامت ہے بلکہ اس سے ایک پیچیدہ بین الاقوامی صورتحال میں رفتار کو برقرار رکھنے کی اس کی صلاحیت کا بھی اظہار ہوتا ہے۔آئی ایم ایف بھی بھارت کے اقتصادی لچیلے پن کی تصدیق کرتا ہے،اس طرح عالمی ترقی کے کلیدی محرک کے طور پر ملک کا کردار نمایاں ہوتا جا رہا ہے۔
آئی ایم ایف کی عالمی اقتصادی آؤٹ لک رپورٹ کا جائزہ

عالمی اقتصادی منظرنامہ (ڈبلیو ای او) عالمی اقتصادی رجحانات اور پالیسی چیلنجوں پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی کلیدی رپورٹ ہے۔یہ رپورٹ عبوری اپ ڈیٹس کے ساتھ سال میں دو بار شائع کی جاتی ہےاور اس میں جدید، ابھرتی ہوئی اور ترقی پذیر معیشتوں کا احاطہ کرتے ہوئے قریب اور درمیانی مدت کے لیے تخمینے پیش کیے جاتے ہیں۔یہ رپورٹ اقتصادی نگرانی میں آئی ایم ایف کی مدد کرتی ہے اور رکن ممالک کے درمیان پالیسی پر بات چیت کی رہنمائی کرتی ہے۔
اپریل 2025 کے ایڈیشن میں اس کا ذکر کیا گیا ہے کہ کئی سالوں کی اقتصادی اتھل پتھل کے بعد، عالمی معیشت محتاط استحکام کے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ترقی درمیانہ رہی اور عالمی پیداوار کے تخمینوں کو جنوری 2025 کی تازہ کاری سے ترمیم کرکے اقتصادی سست روی کا ذکر کیا گیا ہے۔اس سے محصولات کی شرحوں میں زبردست اضافے، پالیسی کی غیر یقینی صورتحال اور بین الاقوامی تعاون میں سست روی ظاہر ہوتی ہے ۔عالمی افراط زر میں کمی کی توقع ہے، حالانکہ پہلے کی توقع سے سست رفتار سے اور تجارتی تناؤ اور غیر مستحکم مالیاتی بازارجیسے خطرات اقتصادی منظرنامے پر بوجھ ڈالتے رہیں گے۔
اس کے باوجود، بھارت کے حوالے سے یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس کی ترقی کا منظرنامہ نسبتا زیادہ مستحکم ہے۔آئی ایم ایف کا تخمینہ ہے کہ بھارتی معیشت مستقل بڑھتی رہے گی جسے خصوصاً دیہی علاقوں میں مضبوط نجی کھپت کی مدد حاصل ہے۔غیر یقینی صورتحال اور کم شرح ترقی سے عالمی ماحول میں، بھارت کا لچیلا پن نمایاں ہے، جو عالمی اقتصادی سرگرمیوں کے کلیدی محرک کے طور پر اس کے کردار کو تقویت بخشتا ہے۔
عالمی تناظر میں بھارت کی ترقی
بھارت کے،سال 2025 اور 2026 کے لیے سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت رہنے کا تخمینہ ہے جس سے عالمی اقتصادی منظر نامے میں اس کے غلبے کی مزید توثیق ہوجاتی ہے۔توقع ہے کہ ملک کی معیشت 2025 میں 6.2 فیصد اور 2026 میں 6.3 فیصد بڑھے گی، اور ملک اپنے بہت سے ہم پلہ ملکوں کو پیچھے چھوڑ دے گا۔اس کے برعکس، آئی ایم ایف کا تخمینہ ہے کہ عالمی اقتصادی ترقی بہت کم ہوگی، جو 2025 میں 2.8 فیصد اور 2026 میں 3.0 فیصد ہوگی، جس سے بھارت کی غیر معمولی کارکردگی اجاگر ہوتی ہے۔

آئی ایم ایف نے دیگر بڑی عالمی معیشتوں کی نمو سے متعلق اپنے تخمینوں پر بھی نظر ثانی کی ہے۔عالمی اقتصادی منظرنامے کے جنوری 2025 ایڈیشن میں چین کی جی ڈی پی کی شرح نمو 4.6 فیصد سے کم کرکے 4.0 فیصد کی گئی ہے۔اسی طرح، امریکہ میں سست روی کی توقع ہے۔ اس کی نمو میں 90 بیسس پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1.8 فیصد تک نظر ثانی کی گئی ہے۔ان ترامیم کے باوجود، بھارت اپنی مضبوط ترقی کی رفتار کے سبب عالمی سطح پر منفرد مقام پر قائم رہے گا۔
نتیجہ
سال 2025 اور 2026 میں بھارت کی معیشت بڑی اور بہترین عالمی معیشتوں میں سے ایک رہے گی، جیسا کہ آئی ایم ایف نے اجاگر کیا ہے۔عالمی غیر یقینی صورتحال اور دیگر بڑی معیشتوں کے لیے ترقی کی پیش گوئیوں میں کمی کے رجحان کے باوجود، بھارت عالمی اقتصادی ترقی میں اپنی قیادت برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے۔مضبوط بنیادی اصولوں اورحکومت کے اسٹریٹجک اقدامات کی مدد سے، ملک آگے آنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اچھی تیار ہے۔بنیادی ڈھانچے، اختراع اور مالی شمولیت میں اصلاحات کے ساتھ، بھارت عالمی اقتصادی سرگرمیوں کے کلیدی محرک کے طور پر اپنے کردار کو مزید بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئےہے۔آئی ایم ایف کے تخمینے بھارت کے لچیلے پن کی تصدیق کرتے ہیں، جس سے عالمی اقتصادی مستقبل کی تشکیل میں اس کی اہمیت مزید مستحکم ہوتی ہے۔
حوالہ جات
Click here to see PDF.
******
ش ح۔ ک ح۔م ر ۔
U NO:183
(Release ID: 2123931)
Visitor Counter : 11