لوک سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نیا ہندوستان تیز رفتار اصلاحات کے ساتھ ‘‘موقعوں کی سرزمین’’ ہے: لوک سبھا اسپیکر


بیرون ملک مقیم ہندوستانی طلباء ہندوستانی اقدار اور ثقافت کے سفیر ہیں: لوک سبھا اسپیکر

آیوشمان بھارت جیسے اقدامات نے پورے ہندوستان میں صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں بے پناہ مواقع پیدا کیے ہیں: لوک سبھا اسپیکر

ہندوستان دنیا کے ہر کونے میں رہنے والے ہندوستانیوں کی فلاح و بہبود کا بہت خیال رکھتا ہے: لوک سبھا اسپیکر

سمرقند میڈیکل یونیورسٹی میں لوک سبھا اسپیکر کی  ہندوستانی طلباء کے ساتھ بات چیت

Posted On: 08 APR 2025 6:17PM by PIB Delhi

لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج اس بات پر زور دیا کہ نیا ہندوستان ہر شعبے میں تیز رفتار اصلاحات کے ساتھ ‘‘موقعوں کی سرزمین’’ کے طور پر ابھرا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آیوشمان بھارت جیسے قومی اقدامات نے پورے ہندوستان میں صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں وسیع مواقع پیدا کیے ہیں۔ سمرقند میڈیکل یونیورسٹی میں ہندوستانی طلباء سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، ‘‘جیسا کہ آیوشمان بھارت سرکاری اور نجی اسپتالوں کو شامل کرنے کے لیے توسیع کر رہا ہے، ایف ایم جی  ڈاکٹروں کے لیے قابل قدر تجربہ حاصل کرنے اور ملک کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں اپنا تعاون دینے کے کافی مواقع موجود ہیں۔’’ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں طبی تحقیق اور تعلیم میں تیزی سے ترقی نے طلباء کے لیے تعلیمی اور تحقیقی اداروں میں کام کرنے کے بے شمار مواقع پیدا کیے ہیں۔

جناب  برلا نے ہندوستانی اقدار اور ثقافت کے سفیر کے طور پر بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے ہندوستانی طلباء کی ستائش کی۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ ہزاروں میل دور رہنے کے باوجود، یہ طلباء ہندوستانی اقدار میں گہری جڑیں رکھتے ہیں اور انہیں اپنے میزبان ممالک میں پھیلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ثقافتی اور تعلیمی نمائندوں کے طور پر، وہ ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان دوستی اور تعاون کو مضبوط بنانے میں کلیدی شخصیت کے طور پر بھی کام کرتے ہیں۔ جناب  برلا بین پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 150ویں اسمبلی کے لیے ہندوستانی پارلیمانی وفد (آئی پی ڈی) کی قیادت کرتے ہوئے ازبکستان کے چار روزہ دورے پر ہیں۔

جناب برلا نے طلباء کو بتایا کہ حکومت ہند دنیا کے کونے کونے میں رہنے والے ہندوستانیوں کی فلاح و بہبود کا بہت خیال رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بیرون ملک مقیم ہندوستانی طلباء کی مدد اور تعاون  کے لئے وقف ہے۔ 'ہیلپ' پورٹل جیسے اقدامات اور بیرون ملک ہندوستانی سفارت خانوں کی فعال شمولیت کے ذریعے، حکومت اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ہندوستانی طلباء کو ان کی تعلیم، حفاظت اور کیریئر کے امکانات میں کسی قسم کی رکاوٹوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے فخر کے ساتھ کہا  کہ، ‘‘ہندوستانی ڈاکٹروں کی ایک عالمی شناخت ہے، اور آپ کو اس روایت کو جاری رکھنا چاہیے۔’’ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ غیر معمولی ڈاکٹر پیدا کیے ہیں، اور یہ طلباء اپنے علم اور مہارت سے دنیا بھر میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا عالمی تجربہ ان کے طبی کیریئر میں زیادہ کامیابی کی راہ ہموار کرے گا اور عالمی صحت کی دیکھ بھال کے نظام کے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

جناب  برلا نے طلباء پر زور دیا کہ وہ نہ صرف اپنے علم اور ہنر میں اضافہ کریں بلکہ اپنی زندگی میں لگن اور ہمدردی جیسی اقدار کو بھی اپنائیں ۔

ازبکستان میں غیر مقیم ہندوستانیوں کی ہندوستان کی طرف محبت اور لگاؤ ​​متاثر کن ہے: لوک سبھا اسپیکر

ازبکستان کے اپنے دورے کے دوران، لوک سبھا کے اسپیکر جناب  اوم برلا نے پیر کوغیر مقیم  ہندوستانی اراکین سے بات چیت کی۔ اس بات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہ ہندوستان کے تئیں ازبکستان میں مقیم ہندوستانیوں کی محبت اور پیار متاثر کن ہے، جناب  برلا نے زور دیا  کہ ہندوستانی برادری کی کوششیں ہندوستان کی عالمی شناخت کو مضبوط بنانے میں مدد کرتی ہیں۔

ہندوستان کی بڑھتی ہوئی اقتصادی طاقت کے بارے میں بات کرتے ہوئے، جناب  برلا نے روشنی ڈالی کہ ہندوستان آج دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہے، اور اس کی عالمی شہرت اور اختراع نے بے شمار نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی تارکین وطن سرمایہ کاری اور اختراع کے ذریعہ اس ترقی میں تعاون دے  سکتے ہیں۔ جناب  برلا نے غیر ملک مقیم ہندوستانیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی کہ وہ ‘وکست بھارت’کے لیے ہندوستان کی مہم کے ایک حصے کے طور پر ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

جناب  برلا نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان تعلقات سرکاری دوروں اور دستاویزات سے بالاتر ہیں، اور یہ دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان عوام سے تعلقات، ثقافتی تبادلے اور باہمی احترام پر بھی مبنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی تعلقات کو مضبوط بنانے میں ہندوستانی تارکین وطن کا کردار اہم رہا ہے کیونکہ انہوں نے اپنی محنت اور لگن کے ذریعہ دونوں ممالک کی ترقی میں تعاون کیا ہے۔ جناب  برلا نے کہا کہ زبان، کھانا، روایات اور ثقافتی تبادلے ان مضبوط رشتوں کی بنیاد کے طور پر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سائنس، صحت، تعلیم، تجارت اور ٹکنالوجی کے شعبوں میں ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری دونوں ممالک کی ترقی کے لیے اہم ثابت ہو رہی ہے۔

لوک سبھا اسپیکر نے جارجیا کی پارلیمنٹ کے چیئرمین سے ملاقات کی

تاشقند میں بین الپارلیمانی یونین کی 150ویں اسمبلی کے موقع پر لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے عزت مآب شالوا پاپوشویلی، جارجیا کی پارلیمنٹ کے چیئرمین سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر جناب برلا نے پارلیمانی سفارت کاری کو مضبوط بنانے اور تجارت، سیاحت اور اختراع میں تعاون کو بڑھانے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کثیرالجہتی فورمز پر ہندوستان کے لئے جارجیا کی حمایت اور وہاں کی ہندوستانی برادری کی بھی تعریف کی۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہندوستان اور جارجیا کے درمیان گہرے ثقافتی رشتے ہیں جو مستقبل کے لیے بے پناہ راہیں کھولتے ہیں، جناب برلا نے نوجوانوں کے تبادلے کے پروگراموں، ڈیجیٹل تعاون اور لوگوں کے درمیان روابط بڑھانے پر زور دیا۔

 

 

****

ش ح۔ ا م ۔ ج

U NO. 9689

 


(Release ID: 2120169) Visitor Counter : 25