جل شکتی وزارت
پانی کا عالمی دن 2025
‘‘اگر کبھی پانی سے متعلق تیسری عالمی جنگ لڑی جارہی ہو تو ہندوستان اس کا حصہ نہیں ہو گا، کیونکہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہم پانی سے محفوظ مستقبل کی تعمیر کر رہے ہیں۔’’ - جناب سی آر پاٹل
جل شکتی کی وزارت نے پانی کے عالمی دن کے موقع پر پانی کے تحفظ کو فروغ دینے کے لیے ‘جل شکتی ابھیان: کیچ دی رین- 2025’ کا آغاز کیا ہے
اس سال پانی کے عالمی دن کے موقع پر حکومت ہند کمیونٹی کی شراکت اور اختراعی حکمت عملیوں کے ذریعے پانی کے تحفظ اور انتظام پر زور دے رہی ہے
‘جل شکتی ابھیان: کیچ دی رین – 2025’ کمیونٹی کی قیادت میں 148 اضلاع میں پانی کے تحفظ اور پائیداری کو فروغ دے گا
Posted On:
22 MAR 2025 9:40PM by PIB Delhi
پانی کے عالمی دن کے موقع پر، جل شکتی کی وزارت نے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت اور حکومت ہریانہ کے ساتھ مل کر، ہریانہ کے پنچکولہ میں جل شکتی ابھیان، کیچ دی رین - 2025 کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد کمیونٹی کی شراکت اور اختراعی پالیسیوں کے ذریعے پانی کے تحفظ اور انتظام و انصرام پر زور دینا ہے۔ اس میں ملک بھر سے 10,000 سے زائد شہریوں، متعلقہ فریق اور آبی شعبے کے ماہرین کی بڑی تعداد کی شراکت دیکھنے کو ملی۔ جل شکتی کی وزارت کے قومی آبی مشن کے زیر اہتمام یہ مہم پہلی بار دہلی سے باہر شروع کی گئی ہے – جو کہ زمینی سطح تک اس کی وسیع رسائی کی علامت ہے۔

اس مہم کا عنوان تھا ‘‘پانی کا تحفظ، عوامی شراکت اور عوامی بیداری’’، اس سے آب و ہوا کی تبدیلی اور پانی کے بڑھتے ہوئے چیلنجوں کے تناظر میں پانی کی حفاظت، بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی اور زمینی پانی کے ریچارج کی اہمیت کا اظہار ہوتا ہے ۔ اس مہم کی ایک بڑی خاصیت یہ ہے کہ ملک بھر میں جل شکتی ابھیان2025 کا ورچوئل طور پر آغاز کیا گیا ، جس میں 148 اضلاع پر خصوصی طور سے زور دیا گیا۔ اس کے بعد ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کے تعاون سے ‘‘جل-جنگل-لوگ: ایک پراکرتک بندھن ابھیان’’ کا آغاز کیا گیا، جس کا مقصد جنگلات، دریاؤں اور چشموں کے درمیان ماحولیاتی روابط کو بحال کرنا ہے۔ جل شکتی ابھیان، وزارت ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی اور حکومت ہریانہ کے تحت ان اقدامات سے متعلق آڈیو ویژول (اے وی) فلمیں بھی لانچ کی گئیں۔

ہریانہ کے وزیر اعلیٰ جناب نائب سنگھ سینی، جل شکتی کے وزیر جناب سی آر پاٹل اور ہریانہ سرکار میں آبپاشی اور آبی وسائل کی وزیر شروتی چودھری سمیت کئی سرکردہ افراد نے تقریب میں شرکت کی۔
جل شکتی کے وزیر جناب سی آر پاٹل نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہندوستان کے آبی شعبے میں تبدیلی اور نمایاں پیش رفت وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی دور اندیش قیادت کا نتیجہ ہے۔ وزیر موصوف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پہلے پانی کی دستیابی اور معیار کے مسائل قومی دھارے میں شامل نہیں تھے، لیکن آج وزیر اعظم کی قیادت کی وجہ سے ملک بھر کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی ان کی دہلیز پر وافر مقدار میں پہنچایا جا رہا ہے۔ پانی کے ذرائع کو بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئےجناب پاٹل نے کہا: ‘‘ہم اکثر دھن سنچے یعنی(پیسہ بچانے) کی بات کرتے ہیں، لیکن جل سنچے (پانی کی بچت) زیادہ اہم ہے۔’’ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس مہم میں کمیونٹی کی شراکت اہم ہے اور صرف ہر شہری کے تعاون سے ہی حقیقی معنوں میں پانی کے تحفظ کے حصول کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
جناب سی آر پاٹل نے ‘‘ کیچ دی رین ویئر اٹ فالس’’ یعنی بارش کے پانی کو بنیادی طور پر محفوظ کرنے کے اصول کی حمایت کی، جس میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر گاؤں کا پانی اسی ہی گاؤں میں ریچارج کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اگر یہ طریقہ کار موثر طور سے نافذ کیا جاتا ہے تو اس سے مقامی اور قومی دونوں سطح پر پانی کے بحران کو حل کیا جاسکتا ہے ۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ہریانہ کے وزیر اعلیٰ جناب نایب سنگھ سینی نے پانی کے پائیدار حل کے تئیں ریاست کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے پانی کی بچت والی زراعت، مائیکرو اریگیشن اور روایتی آبی ذخائر کے احیاء میں ہریانہ کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے بیداری کو عملی طور پر اپنانے کے لیے ایک طاقتور پلیٹ فارم کے طور پر جل شکتی ابھیان کی ستائش کی اور عہد کیا کہ ہریانہ بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے، ریچارج کرنے کے ڈھانچے اورلوگوں کی شراکت داری کے ساتھ پانی کے انتظام کو نافذ کرنے میں ایک مثال قائم کرے گا۔
ہریانہ کی آبپاشی اور آبی وسائل کی وزیر محترمہ شروتی چودھری نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ پانی کے تحفظ کو ایک حقیقی عوامی تحریک بننا چاہیے۔ انہوں نے پانی کے شعبے میں ہریانہ حکومت کی جاری اصلاحات کا خاکہ پیش کیا اور آبی وسائل کے تحفظ اور اس کے پائیدار انتظام میں مقامی حکومت، خواتین اور نوجوانوں کے اہم رول پر زور دیا۔ محترمہ شروتی چودھری نے پانی کے موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے روایتی علم کو جدید سائنس کے ساتھ مربوط کرنے پر بھی زور دیا۔

جل شکتی ابھیان کے تحت کئی اثر انگیز پروجیکٹوں کا افتتاح کیا گیا۔ جیسے کہ کیچ دی رین (جے ایس اے: سی ٹی آر) اور سوچھ بھارت مشن-گرامین (ایس بی ایم - جی) وغیرہ ۔اس پروجیکٹ میں درج ذیل نکات شامل ہیں:
- بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے نظام
- بورویل ریچارج پروجیکٹس
- مائکرو آبپاشی کے اقدامات
- جل شکتی ابھیان کے تحت بہترین طریقہ کار کے ایک مجموعہ کا اجراء
ایس بی ایم- جی کے تحت افتتاح کے گئے بنیادی ڈھانچے میں درج ذیل نکات شامل ہیں:
- کمیونٹی سینیٹری کمپلیکسز
- مائع فضلہ کے بندوبست کے نظام
- گوبردھن پروجیکٹ
- ٹھوس فضلہ کے بندوبست کے ٹھکانے
ہریانہ میں واٹر گورننس سے متعلق اہم اقدامات شروع کیے گئے:
- مکھیا منتری جل سنچے یوجنا، ‘‘جل سنچے، جن بھگیداری’’ موضوع کو تقویت دیتی ہے ۔
- آبی وسائل اٹلس، بہتر منصوبہ بندی کے لیے پانی کے دستیابی سے متعلق سائنسی نقشہ سازی فراہم کرتا ہے۔
- ایک آن لائن کینال واٹر مینجمنٹ سسٹم، آبپاشی کی کارکردگی اور شفافیت کو بڑھاتا ہے۔
- مربوط آبی وسائل کے انتظام سے متعلق ای کتابچہ

ترقی پسند کسانوں کو اعزاز بخشنے کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی
خواتین چیمپئنز، واٹر یوزر ایسوسی ایشنز(ڈبلیو یو ایز) ، این جی اوز، اور سیلف ہیلپ گروپس برائے پانی کے تحفظ اور انتظام میں ان کی شاندار شراکت کے لیے۔
جل شکتی ابھیان: کیچ دی رین -2025 نے پانی کے تحفظ کے لیے ایک جامع اسٹریٹجک اور لوگوں پر مبنی نقطہ نظر کی بنیاد رکھی ہے۔ پانی کے عالمی دن کے موقع پر حکومت نے ‘‘ہر بوند انمول’’ (ہر قطرہ کا شمار) کے اصول کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ایک محفوظ اور پائیدار پانی کے مستقبل کی طرف فیصلہ کن طور پر آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

*************
(ش ح ۔م م ع۔ش ت(
U. No. 8753
(Release ID: 2114311)
Visitor Counter : 18