وزارت خزانہ
ڈی جی جی آئی نے آف شور آن لائن منی گیمنگ کمپنیوں کے خلاف ٹیکس چوری روکنے کے لیے کارروائی کی
ڈی جی جی آئی نے 357 غیر قانونی/غیر مطابقت پذیر آف شور آن لائن منی گیمنگ ویب سائٹس/یو آر ایل بلاک کر دیے
دو دیگر الگ الگ معاملات میں، ڈی جی جی آئی نے تقریباً 2,400 بینک کھاتے بلاک کرکے تقریباً 126 کروڑ روپے منجمد کر دیے
ڈی جی جی آئی نے عوام کو محتاط رہنے اور آف شور آن لائن منی گیمنگ پلیٹ فارمز سے نہ جڑنے کا مشورہ دیا
Posted On:
22 MAR 2025 2:38PM by PIB Delhi
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف گڈس اینڈ سروسز ٹیکس انٹیلیجنس (ڈی جی جی آئی) نے آف شور آن لائن گیمنگ کمپنیوں کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ آن لائن منی گیمنگ انڈسٹری میں ملکی اور غیر ملکی دونوں آپریٹرز شامل ہیں۔
جی ایس ٹی قانون کے تحت، ’آن لائن منی گیمنگ‘کو ایک قابل دعویٰ شے کے طور پر درجہ دیا گیا ہے اور اسے ’اشیا‘کی سپلائی کے طور پر شمار کیا جاتا ہے، جس پر 28فیصد ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔ اس شعبے میں کام کرنے والے اداروں کے لیے جی ایس ٹی کے تحت رجسٹریشن لازمی ہے۔
تقریباً 700 آف شور کمپنیاں جو آن لائن منی گیمنگ/سٹے بازی اور جوا جیسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں، ان پر ڈی جی جی آئی کی نظر بنی ہوئی ہے۔
یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ یہ کمپنیاں جی ایس ٹی رجسٹریشن نہ کروا کر، قابل ٹیکس ادائیگیوں کو چھپا کر اور ٹیکس کی ذمہ داریوں سے بچ کر جی ایس ٹی کی چوری میں ملوث ہیں۔ اب تک، ڈی جی جی آئی نے وزارت الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے آئی ٹی ایکٹ 2000 کی دفعہ 69 کے تحت 357 غیر قانونی/غیر مطابقت پذیر آف شور آن لائن منی گیمنگ ویب سائٹس/یو آر ایل بلاک کر دیے ہیں۔
حال ہی میں غیر قانونی گیمنگ پلیٹ فارمز کے خلاف ایک آپریشن میں، ڈی جی جی آئی نے ان بینک کھاتوں کو ہدف بنایا اور بلاک کیا جو شرکاء سے رقم وصول کرنے کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے۔ اس کارروائی میں، انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر (14سی) اور نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) کے اشتراک سے تقریباً 2,000 بینک اکاؤنٹس اور 4 کروڑ روپے اٹیچ کیے گئے۔ ایک اور کارروائی میں، کچھ آف شور کمپنیوں کی ویب سائٹس پر پائی جانے والی یو پی آئی آئی ڈیز سے منسلک 392 بینک اکاؤنٹس کو ڈیبٹ فریز کر دیا گیا اور ان اکاؤنٹس میں موجود 122.05 کروڑ روپے کو عارضی طور پر ضبط کیا گیا۔
ڈی جی جی آئی نے ان بھارتی شہریوں کے خلاف بھی ایک آپریشن کیا جو بھارت سے باہر آن لائن منی گیمنگ پلیٹ فارمز چلا رہے تھے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ افراد مختلف آن لائن پلیٹ فارمز جیسے ستگرو آن لائن منی گیمنگ پلیٹ فارم، مہاکال آن لائن منی گیمنگ پلیٹ فارم، اور آبھی247 آن لائن منی گیمنگ پلیٹ فارم کے ذریعے بھارتی صارفین کو آن لائن منی گیمنگ کی سہولت فراہم کر رہے تھے اور ’’دوہرے‘‘ بینک اکاؤنٹس کا استعمال کرکے بھارتی صارفین سے رقم وصول کر رہے تھے۔ ڈی جی جی آئی نے اب تک ان پلیٹ فارمز سے منسلک 166 میول اکاؤنٹس بلاک کر دیے ہیں۔ اب تک تین افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، اور مزید افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔
غیر ملکی کمپنیوں کی عدم تعمیل منصفانہ مسابقت کو بگاڑتی ہے، مقامی کاروباروں کو نقصان پہنچاتی ہے اور مارکیٹ کے توازن کو متاثر کرتی ہے۔ یہ بےایمان غیر ملکی کمپنیاں نئے ویب ایڈریس بنا کر پابندیوں سے بچنے کی کوشش کرتی ہیں۔ تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ یہ کمپنیاں مالی لین دین کے لیے ’’فرضی‘‘ بینک کھاتے استعمال کر رہی تھیں، جو کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پیدا کر سکتے ہیں، جو قومی سلامتی کے نقطۂ نظر سے بھی خطرناک ہو سکتا ہے۔
یہ بھی مشاہدہ کیا گیا ہے کہ بہت سی بالی ووڈ کی مشہور شخصیات، کھلاڑی، اور یوٹیوب، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کے با رسوخ افراد ان پلیٹ فارمز کی تشہیر کر رہے ہیں۔ عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ان آف شور آن لائن منی گیمنگ پلیٹ فارمز سے محتاط رہیں اور ان سے نہ جڑیں، کیونکہ یہ ان کی ذاتی مالیات کو خطرے میں ڈال سکتا ہے اور بالواسطہ طور پر ایسی سرگرمیوں کی حمایت کر سکتا ہے جو مالی سالمیت اور قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں۔
ڈی جی جی آئی غیر قانونی آف شور گیمنگ کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے پرعزم ہے۔ آنے والے آئی پی ایل سیزن میں، غیر قانونی گیمنگ آپریشنز کو روکنے کے لیے سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ باخبر رہنا اور صرف قانونی اور رجسٹرڈ پلیٹ فارمز کا انتخاب کرنا ذمہ دارانہ گیمنگ کے لیے نہایت ضروری ہے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-8721
(Release ID: 2114007)
Visitor Counter : 42