صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے گرو جمبیشور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تقسیم اسناد کی تقریب میں شرکت کی
Posted On:
10 MAR 2025 1:20PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (10 مارچ، 2025) ہریانہ کے حصار میں گرو جمبیشور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تقسیم اسناد کی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر صدر جمہوریہ نے کہا کہ نوجوان نسل کو بدلتے ہوئے عالمی تقاضوں کے لیے تیار کرنا اعلیٰ تعلیمی اداروں کے لیے چیلنجنگ کام ہے۔ ملک کی متوازن اور پائیدار ترقی کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ثمرات گاؤں تک پہنچیں۔ گرو جمبیشور یونیورسٹی جیسے اعلیٰ تعلیمی اداروں کا اس تناظر میں بہت اہم کردار ہے۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اس یونیورسٹی میں چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں کے طلبہ کی بڑی تعداد ہے۔ انہوں نے اُن طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے گاؤں اور شہر کے لوگوں کو تعلیم کی اہمیت کے تئیں بیدار کریں اور انہیں اچھی تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کی جانے والی عالمی سطح کی تحقیق ہندوستان کو عالمی علم کی سپر پاور کے طور پر قائم کرنے میں اہم رول ادا کرے گی۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اس کے طلباء اور فیکلٹی ممبران نے مختلف تحقیقی اور تحقیقی منصوبوں میں بہت سی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس میں انکیوبیشن، اسٹارٹ اپ، پیٹنٹ فائلنگ اور ریسرچ پروجیکٹس کے لیے خصوصی محکمے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ تمام کوششیں طلباء میں اختراع اور کاروباری صلاحیت کا جذبہ پیدا کریں گی اور ہندوستان کو عالمی علم کی سپر پاور بنانے میں مدد کریں گی۔

صدر جمہوریہ نے طلباء سے کہا کہ تعلیم صرف علم اور ہنر حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں ہے۔ تعلیم انسان کے اندر اخلاق، ہمدردی اور رواداری جیسی زندگی کی اقدار کو فروغ دینے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔ تعلیم فرد کو روزگار کے قابل بنانے کے ساتھ ساتھ سماجی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کاری طلباء کو سماجی ذمہ داریاں نبھانے میں مدد دے سکتی ہے۔ کاروباری ذہنیت انہیں مواقع کی نشاندہی کرنے، خطرات مول لینے اور موجودہ مسائل کے تخلیقی حل تلاش کرنے کے قابل بنائے گی۔ ایک کاروباری شخص کے طور پر، وہ اپنے اختراعی خیالات کے ذریعے سماجی مسائل کا حل تلاش کر سکتے ہیں اور معاشرے کی ترقی میں اپنا تعاون دے سکتے ہیں۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ روزگار حاصل کرنے کی ذہنیت کے بجائے روزگار پیدا کرنے کی ذہنیت کو اپنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس ذہنیت کے ساتھ آگے بڑھ کر وہ اپنے علم اور ہنر کو معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے بہتر طریقے سے استعمال کر سکیں گے اور ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے میں اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ گرو جمبیشور جی، جن کے اعزاز میں اس یونیورسٹی کا نام رکھا گیا ہے، ایک عظیم سنت اور فلسفی تھے۔ وہ سائنسی سوچ، اخلاقی طرز زندگی اور ماحولیاتی تحفظ کے پرجوش حامی تھے۔ ان کا خیال تھا کہ فطرت کی حفاظت کرنا، تمام جانداروں کے ساتھ ہمدردی کرنا اور نرمی سے پیش آنا اور انہیں تحفظ فراہم کرنا ،انسانوں کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ آج جب ہم ماحولیاتی مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، گرو جمبیشور جی کی تعلیمات کی کافی معنویت ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء گرو جمبیشور جی کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے معاشرے اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے۔

صدر جمہوریہ کے خطاب کو دیکھنے کے لئے یہاں کلک کریں۔
*****
ش ح۔ م ش۔ف ر
U.N. 8036
(Release ID: 2109816)
Visitor Counter : 28