سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
نتن گڈکری نے سڑک سلامتی سے متعلق بہتر اقدامات کی فوری ضرورت کو اجاگر کیا
Posted On:
06 MAR 2025 7:41PM by PIB Delhi
سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے سڑک سلامتی سے متعلق بہتر اقدامات کی فوری ضرورت پر روشنی ڈالی اور سڑک تعمیرات کی صنعت سے اپیل کی کہ وہ نئی تکنالوجی اور پائیدار ازسر نو قابل استعمال تعمیراتی مواد کو اپنا کر سڑک سلامتی میں اضافے کے لیے حکمت عملی وضع کریں۔
آج نئی دہلی میں منعقدہ دو روزہ عالمی سڑک بنیادی ڈھانچہ تکنالوجی سربراہ ملاقات اور ایکسپو (جی آر آئی ایس) کے موضوع کے ساتھ "وژن زیرو: پائیدار بنیادی ڈھانچہ تکنالوجی اور پالیسی برائے محفوظ سڑک" کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے، جناب گڈکری نے کہا کہ ملک میں ہونے والے بیشتر سڑک حادثات سڑکوں کے ڈیزائن، تعمیر، اور انتظام میں ناقص سول انجینئرنگ کے طریقہ کار کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ اسپین، آسٹریا اور سوئٹزرلینڈ جیسے ممالک میں جو طور طریقے اپنائے جا رہے ہیں ان کی تقلید کرتے ہوئے اِن کی اصلاح کی جا سکتی ہے۔
ہندوستان میں 4,80,000 سڑک حادثات، 1,80,000 اموات اور تقریباً 4,00,000 شدید زخمی ہوئے۔ ان میں سے 1,40,000 حادثاتی اموات 18-45 سال کی عمر میں ہوتی ہیں اور زیادہ تر دو پہیہ گاڑیوں کے سواروں اور پیدل چلنے والوں کو متاثر کرتی ہیں۔ جناب گڈکری نے کہا کہ یہ حادثات جی ڈی پی میں 3 فیصد کے معاشی نقصان کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔
سڑکوں کی ناقص منصوبہ بندی اور ڈیزائن کی وجہ سے سڑک حادثات میں اضافے کے لیے انجینئروں کو بڑے پیمانے پر ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے مرکزی وزیر نے غیر معیاری تفصیلی پروجیکٹ رپورٹس (ڈی پی آر) کی جانب بھی اشارہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑک کی حفاظت کو اولین ترجیح کے ساتھ، حکومت کا ہدف ہے کہ 2030 تک حادثات کی شرح میں 50 فیصد کمی لائی جائے۔
جناب گڈکری نے صنعت اور حکومت پر زور دیا کہ وہ سڑک حادثات کو روکنے کے لیے حل تلاش کرنے میں تعاون کریں، محفوظ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیں اور ڈرائیونگ کی محفوظ عادات کے بارے میں بیداری کو فروغ دیں۔ انہوں نے مضبوط قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ذمہ دار ہنگامی طبی خدمات کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
انٹرنیشنل روڈ فیڈریشن-انڈیا چیپٹر (آئی آر ایف – آئی سی) کی جانب سے منعقد ہونے والی سربراہ ملاقات کو جدت کی ترغیب دینے، صنعت فراہم کرنے والوں کے جدید حل کی نمائش، علم کے تبادلے کو فروغ دینے، اور سرکاری اداروں اور نجی تنظیموں کے ماہرین اور فیصلہ سازوں کے لیے نیٹ ورکنگ کے قیمتی مواقع کھولنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
’’کانفرنس اور ایکسپو موڈ کے توسط سے منعقدہ اس سربراہ ملاقات کا مقصد ایک ایسا جامع تجربہ فراہم کرنا تھا جو تعلیم و ترغیب فراہم کرتا ہو اور مختلف فارمیٹس کو بآسانی ایک دوسرے میں ضم کرکے صنعت میں ترقی کو مہمیز کرے۔ ‘‘ ان خیالات کا اظہار دنیا بھر میں بہتر اور محفوظ تر سڑکوں کے لیے کام کرنے والی ایک عالمی سڑک سلامتی انجمن، بین الاقوامی سڑک فیڈریشن (آئی آر ایف) کے اعزازی صدر جناب کے کے کپیلا نے کیا۔
محترمہ سوسانا زاماٹارو، ڈائرکٹر جنرل، آئی آر ایف، جنیوا، لیفٹیننٹ جنرل ہرپال سنگھ، صدر آئی آر ایف- انڈیا چیپٹر اور اکھلیش شری واستو، نائب صدر، آئی آر ایف نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔




**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:7919
(Release ID: 2108928)
Visitor Counter : 30