وزارت دفاع
آئی آئی ٹی منڈی کے 16ویں یوم تاسیس کے موقع پروزیر دفاع نے کہاکہ ہندوستان کا تکنیکی شعبہ ترقی کر رہا ہے اور اگلے پانچ سالوں میں اس کے 300 سے 350 ڈالر بلین تک پہنچنے کی امید ہے
‘‘آج سب سے بڑا چیلنج نہ صرف تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کو اپنانا ہے، بلکہ نئی ٹیکنالوجیز کی تخلیق بھی ہے، صرف اڈاپٹر نہ بنیں؛ اختراع کی قیادت کرنے والے ، تبدیلی لانے والے بن جائیں’’
Posted On:
24 FEB 2025 3:22PM by PIB Delhi
‘‘ہندوستان کا تکنیکی شعبہ ترقی کر رہا ہے اور اگلے پانچ سالوں میں اس کے 300 سے350 بلین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ 1.25 لاکھ سے زیادہ اسٹارٹ اپس اور 110 یونیکورنز کے ساتھ، ہمارا ملک دنیا میں تیسرے سب سے بڑے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے طور پر ابھر رہا ہے،’’ وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 24 فروری2025 کو انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی(آئی آئی ٹی) منڈی ہماچل پردیش کے 16ویں یوم تاسیس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ نہ صرف ہندوستان کی تکنیکی ترقی میں اپنا تعاون دیتے ہیں بلکہ تحقیق اور ترقی کے کلیدی شعبوں میں عالمی سطح پر رہنمائی کرتے ہیں۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے ٹیکنالوجی کے مستقبل کی تشکیل کے لیے اختراع اور علم کی تخلیق کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے انٹرپرینیورشپ اور اختراع کے کلچر کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا جو ہندوستان کو مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں قیادت کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے ہندوستان کی تکنیکی اور سائنسی ترقی کو تشکیل دینے میں ادارے کی شاندار شراکت کی ستائش کی۔ انہوں نے اختراعات اور تحقیق کو فروغ دینے میں آئی آئی ٹی منڈی کے اہم رول پر بھی روشنی ڈالی اور ٹیکنالوجی میں عالمی رہنما کے طور پر ہندوستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیا۔
قومی سلامتی کے تناظر میں جناب راج ناتھ سنگھ نے آئی آئی ٹی منڈی پر زور دیا کہ وہ دفاع سے متعلق ٹیکنالوجیز میں زیادہ اہم کردار ادا کرے۔ انہوں نےڈی آر ڈی او کے ساتھ موجودہ تعاون کی تعریف کی اور جنگ کے طریقوں میں مصنوعی ذہانت(اے أئی) کا استعمال ، مقامی مصنوعی ذہانت چپ ڈیولپمنٹ، سائبر سیکورٹی اور کوانٹم ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں مزید تعاون پر زور دیا۔
وزیر دفاع نے دفاعی خود انحصاری میں ہندوستان کی پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی، اس بات پر روشنی ڈالی کہ ‘‘ہندوستان نے گولہ بارود کی پیداوار میں 88 فیصد خود کفالت حاصل کی ہے، اور دفاعی برآمدات 2023-24 میں تقریباً 23,000 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہیں۔ ہمارا ہدف 2029 تک دفاعی برآمدات کو 50,000 کروڑ روپے تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے ہندوستان میں ایک مضبوط دفاعی صنعت کی تشکیل میں حکومت کے عزم کو تقویت بخشی، جو ملک کی سلامتی کی حمایت کرتی ہے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں تعاون کرتی ہے۔ انہوں نے آئی آئی ٹی منڈی کے طلباء سے کہا کہ وہ تکنیکی حل پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اس وژن میں اپنا تعاون دیں جو ہندوستان کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھا سکتے ہیں اور اس اہم شعبے میں ملک کی خود انحصاری کو مزید آگے بڑھا سکتے ہیں۔’’
ہندوستان کی ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کے مطابق، جناب راج ناتھ سنگھ نے ملک کی نمایاں ڈیجیٹل پیش رفت پر کلیدی جھلکیاں شیئر کیں۔ انہوں نے کہا ‘‘ہندوستان کا ٹیلی کام سیکٹر اب دنیا میں دوسرا سب سے بڑا شعبہ ہے۔ یو پی آئی جیسے اقدامات کی کامیابی کے ساتھ، ہندوستان ڈیجیٹل لین دین میں عالمی معیار قائم کر رہا ہے۔ ہم ایک بے مثال ڈیجیٹل انقلاب کے درمیان ہیں۔’’ انہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ہندوستان کے ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کی ترقی میں فعال طور پر تعاون دیں ، اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہ آنے والی دہائیوں میں ہندوستان کی ترقی کی کہانی میں تکنیکی اختراع مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔
سال2047 تک ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے طلباء سے تکنیکی اختراعات میں سبقت لے جانے کی تاکید کرتے ہوئےوزیر دفاع نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ انیشیٹ،(آغاز) امپروو (اصلاح)اور ٹرانسفارم (تبدیلی)(آئی آئی ٹی) کے اصولوں پر عمل کریں۔ جناب راج ناتھ سنگھ نے انہیں علم کے حصول میں جرات مندانہ بننے اور چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے ثابت قدم رہنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے ہمت اور لچک کی ضرورت کے بارے میں بھی بات کی کیونکہ ملک کو مستقبل کے چیلنجوں کا سامنا ہے اور ٹیکنالوجی اور جدت کے ساتھ قومی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے طلباء کو ٹیکنالوجی کی تیز رفتار دنیا میں صرف اڈاپٹر نہیں بلکہ تبدیلی لانے والا بننے کی ترغیب دی۔ انہوں نے مزید کہا ‘‘آج سب سے بڑا چیلنج تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کو اپنانا ہے، بلکہ نئی ٹیکنالوجیز بھی تخلیق کرنا ہے۔ صرف ٹیکنالوجی کو حاصل کرنے والے نہ بن کر ٹیکنا لوجی بنانے والے بن جائیں، جو اختراع کی قیادت کرتے ہیں۔’’ انہوں نے نوجوان اختراع کاروں کے لیے دستیاب اہم مواقع کے بارے میں بات کی، صرف موجودہ رجحانات کی پیروی کرنے کی بجائے نئے نمونوں کی تشکیل کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ یہ‘ ہرہندوستانی کے خواب دیکھنے اور انہیں پورا کرنے کا وقت ہے - ایک ایسا وقت جہاں خواہشات اور کامیابیاں عالمی منظر نامے کی نئی وضاحت کر سکتی ہیں۔’ انہوں نے طلباء کو پرجوش اہداف طے کرنے اور اپنے کیریئر میں اعلیٰ مقصد حاصل کرنے کی ترغیب دی، کیونکہ ان کے کام کا اس منظر نامے میں ہندوستان کی رفتار پر دیرپا اثر پڑے گا۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے آئی آئی ٹی منڈی کو اس کی کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ‘‘گزشتہ 15 سالوں میں، ادارے نے نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے تعلیمی نقشے پر ایک ممتاز مقام حاصل کیا ہے۔ یہ قدیم ورثے اور جدید تکنیکی تعلیم کا بہترین امتزاج ہے۔’’ انہوں نے اس خطے کی بھرپور تاریخی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ثقافتی اور تاریخی اعتبار سے اس قدر افزودہ مقام پر آئی آئی ٹی منڈی کا وجود قدیم اور جدیدیت کے اتحاد کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ ادارہ، علم، تحقیق اور اختراع میں اپنی مضبوط بنیاد کے ساتھ، ہندوستان کی ترقی اور عالمی تکنیکی ترقی دونوں میں اہم شراکت کرتا رہے گا۔
وزیر دفاع نے تقریب کے دوران دو نئی عمارتوں، گائیڈنس اینڈ کاؤنسلنگ سینٹر اورسینٹر فار کنٹینیونگ ایجوکیشن کا افتتاح کیا۔ دونوں عمارتیں تعلیمی ماحولیاتی نظام کو بڑھانے اور طلباء اور فیکلٹی کی ذاتی اور پیشہ ورانہ ترقی میں تعاون کرنے کے لیے بنائی گئی ہیں۔ یہ اضافے طلباء کی ہمہ گیر ترقی اور ٹیکنالوجی اور اختراع کی تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں ان کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی ضروری انفراسٹرکچر فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا، ‘‘یہ نئے مراکز طلباء، فیکلٹی، اور محققین کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے، سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، ریاضی اور منیجمنٹ آئی آئی ٹی منڈی کے تعاون کو بھی مزید مضبوط کریں گے۔’’
***
(ش ح۔ام۔ش ت)
U:7501
(Release ID: 2105766)
Visitor Counter : 22