امور داخلہ کی وزارت
مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر برائے تعاون، جناب امیت شاہ نے مہاراشٹر کے شہر پونے میں پردھان منتری آواس یوجنا - دیہی (مرحلہ دوم) کے تحت 20 لاکھ مستفیدین کو منظوری کے خطوط اور مہاراشٹر کے 10 لاکھ مستفیدین میں پہلی قسط تقسیم کی
پہلی بار ملک میں ، 20 لاکھ مستفیدین کے اپنے گھر حاصل کرنے کے خواب کو ایک ساتھ پورا کیا جا رہا ہے
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے پردھان منتری آواس یوجنا (مرحلہ دوم) کا آغاز کیا، جس کے تحت مہاراشٹر کو سب سے زیادہ مکانات فراہم کیے گئے
گھروں کے ساتھ ساتھ بیت الخلاء کی فراہمی کے ذریعے، مودی جی نے غریبوں کی عزت اور خودداری کا تحفظ کیا ہے
مودی حکومت کے 2029 تک خواتین، پسماندہ طبقات، درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور دیگر معاشی طور پر کمزور طبقات کو 5 کروڑ مکانات دینے کے ہدف کے تحت، اب تک 3 کروڑ 80 لاکھ مکانات فراہم کیے جا چکے ہیں
مہاراشٹر میں، جناب دیویندر فڈنویس، جناب ایکناتھ شندے اور جناب اجیت پوار کی قیادت میں، مرکز کی تمام فلاحی اسکیمیں مؤثر طریقے سے نافذ کی گئی ہیں
Posted On:
22 FEB 2025 7:44PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر برائے تعاون، جناب امیت شاہ نے آج مہاراشٹر کے شہر پونے میں پردھان منتری آواس یوجنا – دیہی (دوسرے مرحلے) کے تحت 20 لاکھ مستفیدین کو منظوری کے مراسلے اور 10 لاکھ مستفیدین میں امدادی رقم کی پہلی قسط تقسیم کی۔
اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے تعاون جناب مرلی دھر موہول، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ جناب دیویندر فڈنویس، نائب وزرائے اعلیٰ جناب ایکناتھ شندے اور جناب اجیت پوار سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔
اپنے خطاب میں مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر برائے تعاون، جناب امیت شاہ نے کہا کہ یہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت کا نتیجہ ہے کہ ہندوستان میں پہلی بار ایک ساتھ 20 لاکھ مکانات مستفیدین کو الاٹ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 20 لاکھ مکانات کی منظوری دی گئی ہے، اور تقریب کے اختتام سے قبل ہی مہاراشٹر نے 10 لاکھ مستفیدین میں پہلی قسط بھی تقسیم کر دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مشترکہ کاوشیں 20 لاکھ افراد کے لیے اپنے گھر کا خواب حقیقت میں بدل رہی ہیں۔
جناب شاہ نے کہا کہ گھر کے ساتھ ساتھ مستفیدین کو بیت الخلاء، سولر پینلز اور جلد ہی گیس سلنڈر بھی فراہم کیے جائیں گے، اور یہ سب کچھ وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ جناب دیویندر فڈنویس کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی بدولت ممکن ہوا ہے۔
جناب امیت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2047 تک ہندوستان کو ایک مکمل ترقی یافتہ ملک بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس میں ہر شہری کی ترقی، اس کے خاندان کے لیے رہائش اور بنیادی انفراسٹرکچر کی سہولیات تک رسائی شامل ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ پردھان منتری آواس یوجنا (دوسرا مرحلہ) کے تحت مہاراشٹر کو سب سے زیادہ مکانات الاٹ کیے گئے ہیں۔ جناب شاہ نے کہا کہ یہ مکانات ترقی کے خوابوں کی تعبیر ہیں اور آئندہ نسلوں کی خوشحالی کی جانب پہلا قدم ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گھروں اور بیت الخلاء کی فراہمی کے ذریعے غریبوں کی عزت اور خودداری کا تحفظ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’’سب کے لیے گھر‘‘ اسکیم کے تحت 2029 تک خواتین، پسماندہ طبقات، درج فہرست ذاتوں (ایس سی) ، درج فہرست قبائل (ایس ٹی) اور معاشی طور پر کمزور دیگر طبقات کو 5 کروڑ مکانات فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جن میں سے 3 کروڑ 80 لاکھ خاندان پہلے ہی اپنے گھروں سے مستفید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اسکیم کے تحت مہاراشٹر کو ابتدائی طور پر 13.50 لاکھ مکانات الاٹ کیے گئے تھے، جن کی تعداد اب بڑھا کر 19.50 لاکھ کر دی گئی ہے، اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری انتظامات کیے گئے ہیں کہ یہ تمام مکانات بروقت فراہم کیے جائیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ 10 سالوں سے ہر فرد کو ہر ماہ 5 کلو مفت غذائی اجناس فراہم کرکے کروڑوں لوگوں کے لیے خوراک کی حفاظت یقینی بنائی ہے، 4 کروڑ خاندانوں کو گھر دے کر رہائشی تحفظ فراہم کیا ہے، اور 4 کروڑ لوگوں کے گھروں میں بجلی پہنچا کر روشنی کی کرن پیدا کی ہے۔
اس کے علاوہ، 13 کروڑ بیت الخلاء تعمیر کیے گئے تاکہ ماؤں اور بہنوں کی عزت و وقار میں اضافہ ہو، 36 کروڑ آیوشمان بھارت کارڈ تقسیم کیے گئے تاکہ صحت کی سہولتوں تک سب کی رسائی ممکن ہو، اور 1 کروڑ ’’لکھپتی دیدی‘‘ کو خود انحصاری کی راہ پر گامزن کیا گیا، جس سے غریب خواتین کو معاشی خود مختاری ملی۔ جناب امیت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 25 کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے اوپر اٹھایا ہے۔
جناب امیت شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مہاراشٹر کی ترقی کے لیے کئی بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار کی قیادت میں حکومت نے ریاست بھر میں تمام فلاحی اسکیموں کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف آبپاشی منصوبوں نے مہاراشٹر کو خشک سالی سے نمٹنے میں مدد دی ہے، 11 وندے بھارت ٹرینیں شروع کی گئی ہیں، اور امرت بھارت اسکیم کے تحت 128 ریلوے اسٹیشنوں کی ازسرنو تعمیر جاری ہے۔
جناب شاہ نے بتایا کہ ممبئی، پونے اور ناگپور میں میٹرو پروجیکٹس تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں، جبکہ شردی اور سندھودرگ میں نئے ہوائی اڈے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹل سیتو ٹرانس-ہاربر لنک انجینئرنگ کا ایک شاہکار ہے اور یہ عالمی سطح پر ایک ماڈل کے طور پر کام کرے گا۔
مرکزی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کی سب سے بڑی اور دنیا کا سب سے بڑا کنٹینر پورٹ مہاراشٹر میں 76,000 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے، جو وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7471
(Release ID: 2105567)
Visitor Counter : 16