وزارتِ تعلیم
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے پریکشا پے چرچا دوہزار پچّیس کی پہلی قسط کے دوران طلبہ سے گفتگو کی
سدھ گُرو نے پریکشا پے چرچا دوہزار پچیس کی پانچویں قسط میں شرکت کی
Posted On:
15 FEB 2025 10:10PM by PIB Delhi
پریکشا پے چرچا 2025 اپنے نئے اور مزید دلچسپ انداز میں ملک بھر کے طلبہ، اساتذہ اور والدین سے زبردست پذیرائی حاصل کر رہا ہے!
روایتی ٹاؤن ہال طرز سے ہٹ کر، آٹھواں ایڈیشن ایک انٹرایکٹیو اور دلچسپ سیشن کے ساتھ 10 فروری 2025 کو نئی دہلی کے سرسبز سندر نرسری میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی میزبانی میں شروع ہوا۔
پہلی قسط میں وزیر اعظم نے ملک بھر کے 36طلبہ سے گفتگو کی اور ان کے ساتھ مختلف فکری موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے غذا اور تندرستی، دباؤ پر قابو پانے، خود کو چیلنج کرنے، قیادت کے فن، کتابوں سے آگے مجموعی ترقی اور مثبت پہلو تلاش کرنے جیسے اہم موضوعات پر قیمتی مشورے دیے۔ یہ سیشن طلبہ کو تعلیمی چیلنجوں سے اعتماد کے ساتھ نمٹنے کے لیے عملی بصیرت اور مؤثر حکمت عملی فراہم کرتا ہے، جس سے ان میں مثبت ذہنیت اور متوازن تعلیمی نقطۂ نظر پیدا ہوتا ہے۔
ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانے کے لیے، مختلف شعبوں کی نمایاں شخصیات، بشمول کھیلوں کے مشہور کھلاڑی، تکنیکی ماہرین، مقابلہ جاتی امتحانات کے ٹاپرز، تفریحی صنعت کے ماہرین، اور روحانی رہنما اپنے تجربات شیئر کر رہے ہیں۔ اب تک تین مزید ایپیسوڈ نشر ہو چکے ہیں، اور ہر سیشن طلبہ کو تعلیمی اور ذاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مفید رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔
آج کے پانچویں ایپیسوڈ میں، سدھ گرو نے نہ صرف امتحانی دباؤ بلکہ زندگی کے دیگر چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے ذہنی سکون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ کھلی فضا میں طلبہ کی موجودگی میں انہوں نے ایک رواں اور بے تکلف گفتگو کی اور گہری بصیرت فراہم کی۔ انہوں نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے طلبہ کے امتحانی دباؤ کو منظم کرنے میں مدد کے لیے اس اہم پہل کا آغاز کیا۔
سدھ گرو نے مشاہدات مشترک کرتے ہوئے کہا کہ امتحانی دباؤ کے باعث بہت سے بچے ذہنی تناؤ سے جڑے صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم محض امتحانات تک محدود نہیں بلکہ یہ زندگی تک رسائی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے طلبہ کو اپنی ذہانت کو ’’ڈائنامک موڈ‘‘ میں رکھنے کا مشورہ دیا اور وضاحت کی کہ تعلیم بنیادی علم تک رسائی فراہم کرتی ہے، جو زندگی کے دروازے کھولتی ہے۔
سدھ گرو نے مہارت حاصل کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر فرد کے اندر چمکنے اور ناقابلِ تصور کامیابیاں حاصل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، مگر سچ میں چمکنے کے لیے مسلسل محنت ضروری ہے۔
انہوں نے دلچسپ اور تخلیقی انداز میں سیکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور ذہانت کو اس کی عملی افادیت سے آگے بڑھا کر زندگی کے گہرے تجربات سمجھنے کی ترغیب دی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے طلبہ کو ارتکاز برقرار رکھنے کے لیے اسمارٹ فون کے استعمال کو محدود کرنے کے عملی مشورے بھی دیے۔
اس سیشن کے دوران، سدھ گرو نے طلبہ کو ’’ناڈا یوگا‘‘ سے متعارف کرایا، تین بنیادی صوتی ارتعاشات کی مشق کروائی اور انہیں روزانہ سات منٹ اس کی دوہرانے کا مشورہ دیا۔ طلبہ نے اس سرگرمی میں بھرپور شرکت کی اور اپنے سوالات بھی پیش کیے، جن کے جواب میں سدھ گرو نے عملی اور بصیرت انگیز حل فراہم کیے۔
12فروری 2025 کو مشہور اداکارہ دیپیکا پادوکون نے پریکشا پے چرچا کے آٹھویں ایڈیشن کے دوسرے ایپیسوڈ میں تقریباً 60 طلبہ سے مکالمہ کیا۔ دیپیکا نے بتایا کہ ذہنی صحت سے جڑے چیلنجز پر قابو پانا کس طرح خود کو بااختیار بنانے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے تجربات سے سیکھے گئے قیمتی اسباق بھی شیئر کیے۔
13فروری 2025 کو مشہور یوٹیوبر گورو چودھری (ٹیکنیکل گروجی) اور رادھیکا گپتا (ایم ڈی اور سی ای او، ایڈل وِز میوچل فنڈ) نے طلبہ کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور مشین لرننگ کے بنیادی اصولوں سے متعارف کرایا۔ انہوں نے چیٹ جی پی ٹی اور اے آئی امیج جنریشن کے آلات کے عملی استعمال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
14فروری 2025 کو معروف ماہرینِ غذائیت، شونالی سابھروال، رُجوتا دیویکر، اور ریونت ہماسنگھکا (جو ’’فوڈ فارمر‘‘ کے نام سے مشہور ہیں) نے طلبہ سے مکالمہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ امتحانات کے دوران متوازن غذا اور صحت بخش خوراک کس طرح جسمانی و ذہنی تندرستی برقرار رکھنے اور دباؤ کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
Link to watch the 1st episode: https://www.youtube.com/watch?v=G5UhdwmEEls
Link to watch the 2nd episode: https://www.youtube.com/watch?v=DrW4c_ttmew
Link to watch the 3rd episode: https://www.youtube.com/watch?v=wgMzmDYShXw
Link to watch the 4th episode: https://www.youtube.com/watch?v=3CfR4-5v5mk
Link to watch the 5th episode: https://www.youtube.com/watch?v=3GD_SrxsAx8
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7167
(Release ID: 2103747)
Visitor Counter : 21