وزارت اطلاعات ونشریات
مہاکمبھ 2025: برطانیہ کے مشہور سفر نامہ نگار 25 سے 26 فروری کو پریاگ راج آئینگے
Posted On:
10 FEB 2025 7:14PM by PIB Delhi
پریاگ راج کمبھ میلہ 2025 کی عظمت اور تقدس نہ صرف ملک بھر سے یاتریوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہے بلکہ غیر ملکی سیاحوں اور سفری مصنفین کی توجہ بھی مبذول کر رہی ہے۔ اس تناظر میں، برطانیہ کے مشہور سفرنامہ نگاروں کا ایک گروپ 25 سے26 فروری کو پریاگ راج میں مہاکمبھ کا دورہ کرے گا۔ اس سفر کے دوران، گروپ نہ صرف کمبھ میلہ بلکہ دیگر مذہبی، تاریخی اور ثقافتی مقامات کا بھی جائزہ لے گا۔
اترپردیش کے وزیر سیاحت جناب جے ویر سنگھ نے بتایا کہ اتر پردیش میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت ہے، لیکن اسے غیر ملکی سیاحوں کے درمیان فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح کے سفری مصنفین اور صحافیوں کو مدعو کیا جا رہا ہے کہ وہ ریاست کے سیاحتی مقامات کو عالمی سطح پر پیش کریں۔ برطانوی ٹریول رائٹرز کا دورہ اسی کوشش کا حصہ ہے، جس کا مقصد عالمی سیاحتی نقشے پر اتر پردیش کے ثقافتی اور مذہبی ورثے کو مضبوطی سے قائم کرنا ہے۔
محکمہ سیاحت اور ثقافت کی جانب سے مہاکمبھ کے دوران غیر ملکی سیاحوں کے لیے خصوصی پلان تیار کیا گیا ہے، تاکہ وہ اس منفرد تقریب کا تجربہ کرسکیں۔ حکومت غیر ملکی سیاحوں کو ہندوستانی ثقافت اور روایات سے جڑنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے رہائش کی سہولیات، رہنمائی کی خدمات، ڈیجیٹل معلوماتی مراکز، اور مختلف ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کر رہی ہے۔
برطانوی سفرنامہ نگارون کا گروپ نہ صرف کمبھ میلے کا دورہ کرے گا بلکہ پریاگ راج اور دیگر اہم مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔ اس دورے کے دوران، وہ پریاگ راج قلعہ، آنند بھون، اکشے وات، الفریڈ پارک، اور سنگم کے علاقے جیسے مقامات دیکھنے جائینگے۔ مزید برآں، وہ ریاست کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کا مشاہدہ کرنے کے لیے اتر پردیش کے دیگر اہم سیاحتی مقامات، بشمول ایودھیا، وارانسی اور لکھنؤ کا قریب سے دورہ کریں گے۔
برطانوی سفر نامہ نگاروں کا دورہ ریاست میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ دورہ نہ صرف کمبھ میلے کی شان کو دنیا کے سامنے دکھانے میں مدد کرے گا بلکہ اتر پردیش کو عالمی سیاحتی مقام کے طور پر قائم کرنے میں بھی اہم رول ادا کرے گا۔ حکومت کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اتر پردیش کے بھرپور ورثے، روحانی مقامات اور قدرتی خوبصورتی کو بین الاقوامی سطح پر پہچانا جائے اور ریاست کو دنیا کے اعلیٰ سیاحتی مقامات میں شامل کیا جائے۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 6379 )
(Release ID: 2101489)
Visitor Counter : 32