خلا ء کا محکمہ
azadi ka amrit mahotsav

اسرو کی 100ویں لانچنگ،ہندوستان کے خلائی سفر میں ایک بڑی چھلانگ کی علامت ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ


اس موقع پر خلائی محکمہ  سے وابستہ ہونا میرے لئے اعزاز کی بات ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ

Posted On: 29 JAN 2025 4:17PM by PIB Delhi

خلائی امورکےمرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سری ہری کوٹا سے ہندوستانی خلائی تحقیقاتی تنظیم (اسرو) کی 100ویں کامیاب لانچنگ پر اپنے پہلے ردعمل میں کہاکہ جی ایس ایل وی –ایف 15/این وی ایس-02 مشن کا آغاز محض ایک اور سنگ میل نہیں ہے، بلکہ یہ 100ویں لانچنگ ہونے کے ناطے، ہندوستان کے خلائی سفر میں ایک زبردست پیش رفت کی علامت ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس تاریخی موقع پر محکمۂ خلائی تحقیق سے وابستہ ہونے پر انتہائی خوشی اور فخر کا اظہار کیا، جب دنیا اسرو کی ایک کے بعد ایک غیرمعمولی کامیابیوں پر حیران ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں اسرو کی شاندار ترقی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خلائی تحقیق کے میدان میں اسرو ایک نئی بلندی پر پہنچ چکا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image00134CX.jpg

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ ، سری ہری کوٹا سے جی ایس ایل ای کی 100ویں لانچنگ کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اسرو 1969 میں قائم ہوا تھا، لیکن پہلے لانچ پیڈ کے قیام میں دو دہائیوں سے زیادہ وقت لگا اور یہ 1993 میں مکمل ہوا۔ دوسرا لانچ پیڈ 2004 میں قائم کیا گیا، جس میں ایک اور دہائی کا وقفہ آیا۔ تاہم، پچھلے 10 سالوں میں ہندوستان کے خلائی شعبے میں بے مثال ترقی ہوئی ہے، خواہ وہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ہو یا سرمایہ کاری میں اضافہ۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ 100ویں لانچنگ، ہندوستان کے خلائی شعبے میں ایک زبردست پیش رفت کی علامت ہے، جو گزشتہ چھ دہائیوں میں ممکن نہ ہو سکی۔ اب ہم سری ہری کوٹا میں تیسرا لانچ پیڈ بنا رہے ہیں اور پہلی بار سری ہری کوٹا سے آگے تمل ناڈو کے توتی کورن ضلع میں ایک نیا لانچ سائٹ قائم کر رہے ہیں، جس کا سنگ بنیاد وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ سال فروری میں رکھا تھا۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے خلائی تحقیق میں نجی شعبے کی بڑھتی ہوئی شرکت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ 2021 میں ہمارے پاس بمشکل چند اسپیس اسٹارٹ اپس تھے، لیکن آج ان کی تعداد 300 کے قریب پہنچ چکی ہے، جن میں سے کئی عالمی معیار کے ادارے اور کاروباری کامیابی کی مثالیں بن چکے ہیں۔ ہندوستان خود کو عالمی نجی خلائی شعبے کے ایک نمایاں لیڈر کے طور پر متعارف کروا رہا ہے۔یہ ترقی اقتصادی اثرات کے طور پر بھی سامنے آئی ہے۔ 2023 میں خلائی شعبے میں 1,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی، اور اس وقت ہندوستان کی اسپیس اکانومی 8 ارب ڈالر کی ہے، جو اگلی دہائی میں 44 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ جس سے عالمی خلائی  پاور ہاؤس کے طور پر بھارت کا رول مزید مضبوط ہوگا۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کمرشل سیٹلائٹ لانچنگ میں بھی اپنی بالادستی قائم کر رہا ہے۔ آج، 90 فیصد غیر ملکی سیٹلائٹ لانچنگ اسرو کے ذریعے کی جا رہی ہیں، جو دنیا کے ہمارے خلائی شعبے پر غیر متزلزل اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دہائی میں کی گئی اصلاحات، جن میں نجی کمپنیوں کے لیے خلائی شعبے کو کھولنا شامل ہے، نے اختراع، سرمایہ کاری، اور بین الاقوامی اشتراک کو فروغ دیا ہے۔ اس تیز رفتار ترقی کے ساتھ، ہندوستان ایک عالمی خلائی طاقت کے طور پر اپنی شناخت مزید مستحکم کر رہا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0021V7F.jpg

سوشل میڈیا پر ، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ہندوستانی خلائی تحقیقاتی تنظیم (اسرو) کو اس کی غیر متزلزل وابستگی، شاندار کارکردگی، اور خلائی تحقیق میں مسلسل نئی بلندیوں کو چھونے کی صلاحیت پر مبارکباد دی۔  انہوں نے کہا: 100ویں لانچنگ: سری ہری کوٹا سے 100ویں لانچنگ کے تاریخی سنگ میل پر اسرو کو دلی مبارکباد! اس تاریخی لمحے پر خلائی محکمہ سے وابستہ ہونا میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ ٹیم اسرو، آپ نے ایک بار پھر جی ایس ایل وی –ایف 15/این وی ایس-02 مشن کی کامیاب لانچنگ کے ذریعے ہندوستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ہندوستان کے خلائی پروگرام کے شاندار سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے، ابتدائی دور کے عظیم سائنسدانوں ڈاکٹر وکرم سارابھائی اور ستیش دھون کی دور اندیش قیادت کو خراج تحسین پیش کیا، جن کی انتھک محنت نے آج ہندوستان کو ایک مضبوط خلائی طاقت میں تبدیل کر دیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ سری ہری کوٹا سے 100ویں لانچنگ محض ایک عددی سنگ میل نہیں بلکہ ہندوستان کی خلائی تحقیق میں تیز رفتار ترقی کی علامت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرو کے سفر نے بتدریج ترقی کے دور سے لے کر گزشتہ ایک دہائی میں ایک انقلابی تبدیلی تک، ہندوستان کی تکنیکی مہارت اور عالمی خلائی معیشت میں قیادت کے عزائم کو ثابت کر دیا ہے۔جدید بنیادی ڈھانچے، نجی شعبے کی بڑھتی ہوئی شمولیت، اور ریکارڈ سرمایہ کاری کے ساتھ، ہندوستان آنے والے برسوں میں خلائی تحقیق کے میدان میں مزید بڑی  کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے تیار ہے۔ 🚀

****

 

ش ح۔ع ح-ص ج

Urdu No. 5784

           


(Release ID: 2097384) Visitor Counter : 38