وزارت دفاع
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے موجودہ سکیورٹی کے ماحول کے پیش نظر عالمی برادری کے مابین ہم آہنگی بڑھانے پر زور دیا
’’ہندوستان گلوبل ساؤتھ کے لیے ایک سرکردہ آواز کے طور پر ابھر رہا ہے اور کثیر جہتی پالیسی کے نقطہ نظر کی وکالت کر رہا ہے‘‘
’’ایرو انڈیا ایک ایسا ایونٹ ہے جہاں قومیں اکٹھی ہوتی ہیں اور سرحدوں سے باہر ربط بناتی ہیں‘‘
’’ایشیا کا سب سے بڑا اِیرو شو اقوام کے لیے مشترکہ طور پر طاقتوں اور صلاحیتوں کو تلاش کرنے اور اسٹریٹجک اور حکمت عملی کی ضروریات کو پورا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے‘‘
’’ایرو اسپیس پاور فوجی غلبے کی نئی سرحد ہے جو اسٹریٹجک ڈیٹرنس کے طور پر کام کرتی ہے‘‘
Posted On:
10 JAN 2025 5:15PM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے موجودہ سکیورٹی کے ماحول کے پیش نظر عالمی برادری کے مابین ہم آہنگی کو بڑھانے پر زور دیا ہے، جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ متعدد تنازعات اور چیلنجوں سے دوچار ہے۔ 10 جنوری 2025 کو نئی دہلی میں اِیرو انڈیا 2025 کی پیشکش کے طور پر منعقدہ سفیروں کے گول میز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے باہمی خوش حالی اور عالمی امن کو یقینی بنانے کے لیے موجودہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی پر قابو پانے کی ضرورت پر زور دیا ۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے تقریب میں شرکت کرنے والے مختلف ممالک کے سفیروں اور ہائی کمشنروں سے کہا کہ ’’یہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ ہم خیال ممالک کو امن اور خوش حالی کی خاطر اجتماعی اقدامات کے لیے مل کر کوشش کرنی چاہیے۔ ان کے بغیر، ہماری آنے والی نسلیں اقتصادی ترقی یا تکنیکی اختراعات سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گی، جن کا ہم آج کے دور میں تجربہ کر رہے ہیں ۔‘‘
وزیر دفاع نے نشان دہی کی کہ ہندوستان گلوبل ساؤتھ کے لیے ایک سرکردہ آواز کے طور پر ابھر رہا ہے اور یہ ایک کثیر جہتی پالیسی نقطہ نظر کی وکالت کرتا ہے، جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ خوش حالی کے اجتماعی حصول میں متنوع نظریات پر غور کیا جائے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے پانچ رہنما اصولوں یعنی احترام، مذاکرات، تعاون، امن اور خوش حالی کے ذریعے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے تئیں ہندوستان کے عزم کو واضح کیا ہے۔ آج کے جغرافیائی سیاسی منظر نامے میں ہم خیال ممالک کے درمیان اتحاد کو فروغ دینا عصری چیلنجوں سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ باہمی خوش حالی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔ ہندوستان نے ہمیشہ وسو دھیو کٹم بکم، ’ایک زمین، ایک خاندان‘ کے بنیادی اصول کی بنیاد پر مشترکہ خوش حالی اور مشترکہ ذمہ داری کی حمایت کی ہے، جو 2023 میں جی-20 سربراہ اجلاس کا موضوع بھی تھا۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے ایشیا کے سب سے بڑے ایرو شو، اِیرو انڈیا کو ایک ایسا ایونٹ قرار دیا، جہاں قومیں اکٹھی ہوتی ہیں اور سرحدوں سے باہر رابطے بناتی ہیں۔ دو سالہ تقریب کے پس پشت کارفرما وژن کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایرو اسپیس اور دفاعی شعبوں کے لیے اپنی مصنوعات/ٹیکنالوجیز کی نمائش کے لیے میٹنگ گراؤنڈ ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے اسے کاروبار کے مواقع بڑھانے، ٹیکنالوجی کی منتقلی، مشترکہ ترقی اور مختلف صنعتوں کے درمیان مشترکہ پیداوار کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کی خاطر ایک فورم کے طور پر بیان کیا۔
وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ آج ہندوستان کے پاس ایشیا کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی ماحولیاتی نظام میں سے ایک نظام موجود ہے اور حکومت اس صلاحیت کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان ایرو اسپیس اور دفاعی شعبہ غیر ملکی کمپنیوں کے لیے ایک پرکشش موقع کی نمائندگی کرتا ہے جو نئے کاروبار اور شراکت داری قائم کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز لمیٹڈ اور ایئربس ڈیفنس اینڈ اسپیس کے درمیان تعاون کے ذریعے ہندوستانی فضائیہ کے لیے سی-295 ٹرانسپورٹ طیارے کی مینوفیکچرنگ سہولت کے قیام کے اہم سنگ میل کا حوالہ دیا۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مقام کے طور پر ابھرا ہے اور ایرو انڈیا 2025 دوست ممالک کے لیے دفاعی شعبے میں طاقت اور صلاحیتوں کو مشترکہ طور پر تلاش کرنے کا ایک موقع پیش کرتا ہے، جس میں اسٹریٹجک ضروریات کے ساتھ ساتھ حکمت عملی سے متعلق ضروریات کو بھی پورا کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تقریب صنعت کے قائدین، ٹیکنالوجی کے قائدین، دانشوروں اور کاروباریوں کو دفاعی صنعتی کاروباری اداروں میں تعاون کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔ ایرو انڈیا 2025 شراکت داریوں کی تلاش کے لیے ایک اہم فورم کے طور پر کام کرے گا، جو مستقبل کے چیلنجوں کے لیے بنیادی طور پر کام کرے گا۔ ہم مل کر ترقی کے لیے ایسے راستے بنا سکتے ہیں جو جامع اور پائیدار ہوں۔
وزیر دفاع نے زور دے کر کہا کہ حکمت عملی کی تشکیل میں ہوا اور خلائی طاقت اہم عناصر بن چکے ہیں، کیونکہ مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ سسٹم کے ساتھ شامل اس طرح کے اثاثے میدان جنگ کے منظرناموں میں بے مثال فائدہ پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے ایرو اسپیس پاور کو فوجی غلبے کا نیا محاذ قرار دیا جو اسٹریٹجک ڈیٹرنس کے طور پر کام کرتا ہے۔
دفاع اور ایرو اسپیس کے شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری اور تکنیکی تعاون کے ذریعے خود انحصاری پر ہندوستان کی توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’حالیہ برسوں میں حکومت نے کئی تبدیلی لانے والی پالیسی اصلاحات کی ہیں جن کا مقصد ایک مضبوط دفاعی صنعت کے ماحولیاتی نظام کو تقویت دینا ہے۔ اس میں ایسے اقدامات شامل ہیں جو گھریلو ڈیزائن، ترقی، مینوفیکچرنگ اور برآمدات کو فروغ دیتے ہیں۔ اس کی اسٹریٹجک اہمیت اور وسیع صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت نے ایرو اسپیس کو ’آتم نربھر بھارت‘ کے بنیادی شعبوں میں سے ایک کے طور پر نشان زد کیا ہے۔ اس کے نتیجے میں، ہندوستان میں ایرو اسپیس اور دفاع عوامی اور نجی صنعت کی شراکت داری کے ذریعے جدید ترین ٹیکنالوجیز تیار کرنے میں نمایاں پیش رفت کر رہے ہیں ۔‘‘
وزیر دفاع، ایرو انڈیا 2025 میں مختلف ممالک کے وزراء، عہدیداروں اور کاروباری وفود کا خیرمقدم کرنے اور تعاون بڑھانے کے لیے نئے شعبوں کو تلاش کرنے کے لیے پلیٹ فارم کا استعمال کرنے کے منتظر نظر آئے۔
گول میز کے دوران، مختلف ممالک کے سفیروں اور ہائی کمشنروں کو ایرو انڈیا 2025 کے اہم واقعات کے بارے میں بتایا گیا اور وزیر دفاع کی طرف سے ان کی سینئر ترین قیادت کے لیے ذاتی طور پر دعوت دی گئی۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اوپیندر دویدی، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ، سکریٹری دفاع جناب راجیش کمار سنگھ، سکریٹری (دفاعی پیداوار) جناب سنجیو کمار اور وزارت دفاع کے ساتھ ساتھ حکومت کرناٹک کے دیگر سینئر عہدیداروں نے گول میز کانفرنس میں شرکت کی۔
ایرو انڈیا 2025
ایرو انڈیا کا یہ 15 واں ایڈیشن 10 سے 14 فروری 2025 تک ایئر فورس اسٹیشن، یلاہنکا، بنگلورو ، کرناٹک میں منعقد ہو رہا ہے۔ پانچ روزہ ایونٹ میں ایک پریڈ ریزر ایونٹ، افتتاحی تقریب، وزرائے دفاع کونکلیو، سی ای اوز راؤنڈ ٹیبل، آئی ڈی ای ایکس اسٹارٹ اپ ایونٹ، بریتھ- ٹیکنگ ایئر شوز، انڈیا پویلین پر مشتمل ایک بڑا نمائشی علاقہ اور ایرو اسپیس کمپنیوں کا تجارتی میلہ شامل ہے۔ اس کا وسیع تر موضوع ’دی رَن وے ٹو اے بلین اپارچونٹیز‘ یعنی ’ایک ارب مواقع کی راہ‘ ہے۔
ایونٹ کے پہلے تین دن (10، 11 اور 12 فروری) کاروباری دن ہوں گے، جبکہ 13 اور 14 کو عوامی دن کے طور پر مقرر کیا گیا ہے، تاکہ لوگ شو دیکھ سکیں۔ یہ تقریب غیر ملکی اور ہندوستانی فرموں کے درمیان شراکت داری قائم کرنے اور مقامی کاری (انڈیجینائزیشن) کے عمل کو تیز کرنے کے لیے عالمی ویلیو چین میں نئے مواقع کی دریافت کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
اِیرو انڈیا، ایرو اسپیس اور دفاع کے شعبے میں دنیا کی سرکردہ صنعتوں سے بڑی تعداد میں نمائش کنندگان کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ یہ صنعت کو اپنی صلاحیتوں، مصنوعات اور خدمات کو ہدف شدہ سامعین تک پہنچانے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ دو سالہ تقریب صنعت کے قائدین کے لیے ایرو اسپیس اور دفاعی صنعتوں کے مستقبل کو جوڑنے اور تشکیل دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ م م ۔ م ر
Urdu No. 5074
(Release ID: 2091872)
Visitor Counter : 32