شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

حکومت ہند نے شمال مشرقی خطے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اسکیمیں نافذ کی ہیں


شمال مشرقی خطے میں سرمایہ کاری

Posted On: 04 DEC 2024 2:07PM by PIB Delhi

شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر سکنتا مجمدار نے آج لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں مطلع کیا کہ حکومت ہند نے شمال مشرقی خطے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مختلف اسکیمیں نافذ کی ہیں۔ شمال مشرقی خطے کی صنعت کاری کو فروغ دینے کے مقصد سے شمال مشرقی صنعتی اور سرمایہ کاری کے فروغ کی پالیسی(این ای آئی آئی پی پی)، 2007 کویکم اپریل 2007 سے 31مارچ 2017 تک نوٹیفائی کیا گیا تھا۔ مقامی نقصانات کو کم کرنے اور پہاڑی، دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں صنعت کاری کے عمل کو آسان بنانے کے لیے، صنعتی اکائیوں کو ان کی تیار مصنوعات اور خام مال کی نقل و حمل کے لیے،مال برداری سبسڈی اسکیم(ایف ایس ایس) سبسڈی دینے کے لیے2013 میں ٹرانسپورٹ سبسڈی اسکیم1971 کی جگہ متعارف کروائی گئی تھی۔  شمال مشرقی صنعتی ترقی کی اسکیم(این ای آئی ڈی ایس)، 2017 کو مینوفیکچرنگ اور سروس سیکٹر کا احاطہ کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔اس کے بعد ایک نئی صنعتی ترقی کی اسکیم،اتر پوروا ٹرانسفارمیٹو انڈسٹریلائزیشن اسکیم(اُنّتی) 2024، جو کہ ایک مرکزی سیکٹر کی اسکیم ہے، شمال مشرقی خطے میں صنعتوں کی ترقی اور روزگار پیدا کرنے کی غرض سے 09 مارچ 2024 شروع کی گئی۔

حکومت ہند شمال مشرقی خطے کی ترقی کے لیے مختلف اہم پروگرام اور اسکیمیں نافذ کررہی ہے۔ حکومت ہند کی موجودہ پالیسی کے مطابق،55 غیر مستثنیٰ مرکزی وزارتوں/محکموں کے لیے لازمی ہے کہ وہ شمال مشرقی خطے کی مجموعی ترقی کے لیے شمال مشرقی خطے میں اپنے مجموعی بجٹ تعاون(جی بی ایس) کا کم از کم 10فیصد مرکزی سیکٹر کے لیے خرچ کریں۔ مزید برآں، شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت بھی شمال مشرقی خصوصی بنیادی ڈھانچہ ترقیاتی اسکیم(این ای ایس آئی ڈی ایس)، شمال مشرقی خطے کے لیے وزیر اعظم کی ترقیاتی پہل (پی ایم-ڈیو آئی این ای) اور شمال مشرقی کونسل کی اسکیمیں جیسی متعدد اسکیمیں نافذ کررہی ہے، تاکہ شمال مشرقی خطے میں رابطہ اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جاسکے۔

 

*************

 

 

(ش ح ۔م ع۔ن ع(

U.No 3414


(Release ID: 2080584)