خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
اپنی نوعیت کے پہلے اقدام کے طور پر، وزارت نے بچوں کی دیکھ بھال کی خدمات میں آنگن واڑی مع کریش (اے ڈبلیو سی سی) کے ذریعے توسیع کی
کریش خدمات بچوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داریوں کو باقاعدہ بناتی ہیں جنہیں اب تک گھریلو کام کا حصہ سمجھا جاتا تھا
پالنا کے تحت کریش کی سہولیات تمام ماؤں کو فراہم کی جائیں گی، خواہ ان کی ملازمت کی حیثیت کچھ بھی ہو
Posted On:
29 NOV 2024 4:22PM by PIB Delhi
تعلیم، ہنر مندی اور روزگار کے حوالے سے حکومت کے مسلسل اقدامات کے نتیجے میں خواتین کے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے، اور اب زیادہ سے زیادہ خواتین اپنے گھروں کے اندر یا باہر کام کر رہی ہیں۔ بڑھتی ہوئی صنعت کاری اور شہری کاری نے بھی شہروں میں نقل مکانی میں اضافہ کیا ہے۔ پچھلی چند دہائیوں میں واحد کنبوں (نوکلیئر فیملی) میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح، ایسی کام کرنے والی خواتین کے بچے، جو پہلے کام کے دوران مشترکہ خاندانوں سے تعاون حاصل کر رہے تھے، اب انہیں بچوں کی معیاری دیکھ بھال اور تحفظ کے لیے دیکھ بھال خدمات کی ضرورت ہے۔ مناسب دیکھ بھال خدمات کا فقدان، اکثر خواتین کے لیے باہر جانے اور کام کرنے میں رکاوٹ کا سبب بنتا ہے۔ لہذا، منظم اور غیر منظم دونوں شعبوں میں تمام سماجی اقتصادی گروپوں میں کام کرنے والی خواتین کے لیے ڈے کیئر خدمات/کریش تک بہتر معیار اور رسائی کی فوری ضرورت ہے۔
کام کرنے والی ماؤں کو اپنے بچوں کی مناسب دیکھ بھال اور تحفظ فراہم کرنے میں درپیش مشکلات کو دور کرنے کے لیے پالنا خدمات کے ذریعے ڈے کیئر کریش کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کریش خدمات بچوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داریوں کو باقاعدہ بناتی ہیں جنہیں اب تک گھریلو کام کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔ نگہداشت کے کام کو باقاعدہ بنانے سے پائیدار ترقی کے ہدف 8 – ’’مناسب کام اور اقتصادی ترقی‘‘ کو حاصل کرنے کے لیے ’’مناسب کام کی مہم‘‘ کو تعاون حاصل ہوتا ہے۔ اس سے اور زیادہ تعداد میں ماؤں کو، بچوں کی دیکھ بھال کی بلا معاوضہ ذمہ داریوں سے آزادی حاصل ہوگی اور انھیں فائدہ مند روزگار حاصل کرنے کا موقع فراہم ہوگا۔
آنگن واڑی مراکز دنیا کے سب سے بڑے بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے ادارے ہیں جو بچوں کو ضروری دیکھ بھال اور مدد فراہم کرنے کے لیے وقف ہیں اور آخری میل تک دیکھ بھال کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناتے ہیں۔ اپنی نوعیت کے پہلے نقطہ نظر میں، وزارت نے بچوں کی دیکھ بھال کی خدمات کو آنگن واڑی مع کریش (اے ڈبلیو سی سی) کے ذریعے بڑھایا ہے۔ یہ محفوظ ماحول میں ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پورے دن بچوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنائے گا۔ آنگن واڑی مع کریش پہل کا مقصد معیشت میں ’خواتین کی ورک فورس کی شرکت‘ کو بڑھانا ہے۔ پالنا جزو کا مقصد (6 ماہ سے 6 سال کی عمر تک)، بچوں کے لیے غذائیت کی مدد، بچوں کی صحت اور علمی نشوونما، نشوونما کی نگرانی اور حفاظتی ٹیکہ جات سمیت محفوظ ماحول میں معیاری کریش کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔ پالنا کے تحت کریش کی سہولیات تمام ماؤں کو فراہم کی جائیں گی، چاہے ان کی ملازمت کی حیثیت کچھ بھی ہو۔
اے ڈبلیو سی سی کے قیام اور عمل آوری کے لیے تجاویز متعلقہ ریاستی حکومتوں/مرکز کے زیر انتظام علاقہ کی انتظامیہ سے موصول ہوتی ہیں، جو اسکیم کے نفاذ کے لیے اپنے متعلقہ حصہ میں تعاون دینے کے لیے بھی ذمہ دار ہیں۔ آج تک، مختلف ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے موصولہ تجاویز کے مطابق کل 10,609 اے ڈبلیو سی سی کو منظوری دی گئی ہے۔ مغربی بنگال کی ریاستی حکومت نے 10 اے ڈبلیو سی سی کے قیام کے لیے تجاویز بھیجی ہیں، جن میں سے سبھی کو وزارت نے منظوری دے دی ہے۔ مغربی بنگال کی حکومت کو ابھی ان منظور شدہ اے ڈبلیو سی سی کو فعال بنانا باقی ہے۔
خواتین و اطفال کی بہبود کی وزیر مملکت محترمہ ساوتری ٹھاکر نے آج لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب میں یہ معلومات فراہم کیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ش ب ۔ م ر
Urdu No. 3207
(Release ID: 2079115)
Visitor Counter : 7