وزارتِ تعلیم
azadi ka amrit mahotsav

جناب جینت چودھری نے کیندریہ ودیالیوں اور نووودیہ ودیالیوں کے نوجوان کھلاڑیوں سے بات چیت کی


اپنی خوداعتمادی کوپہچاننا اور زندگی بھر سیکھتے رہنا اہم ہے: جینت چودھری

Posted On: 20 NOV 2024 4:39PM by PIB Delhi

 ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری (آزادانہ چارج) کے مرکزی وزیرمملکت اور وزیرمملکت برائے تعلیم،جناب جینت چودھری نے آج کیندریہ ودیالیوں اور نوودیہ ودیالیوں کے نوجوان ایتھلیٹس اور پیرا-ایتھلیٹس سے بات چیت کی، جنہوں نے مختلف قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انفرادی اولمپک گولڈمیڈل  جیتنے والےاور ایئر رائفل شوٹنگ میںورلڈ چیمپئن شپ  کا طلائی تمغہ حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی جناب ابھینو بندرا بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ شعبۂ اسکول تعلیم و خواندگی کے سکریٹری،جناب سنجے کمار، کے وی ایس کی کمشنر، محترمہ ندھی پانڈے اور وزارتِ تعلیم، کے وی اور این وی کے دیگر عہدیدار بھی اس پروگرام  میں موجود تھے۔ چودہ ایوارڈ یافتہ طلبہ- ایتھلیٹس نے وزیرموصوف اور جناب بندرا سے بات چیت کی، اور کے وی اور جے این وی کے سینکڑوں طلبہ اور اساتذہ نے ورچوئل وسیلے سے اس پروگرام میں شرکت کی۔

جناب جینت چودھری نے اپنے خطاب کے دوران اس بات پر زور دیا کہ یہ دن طلبہ -ایتھلیٹس کی کامیابیوں کو منانے کے لیے مخصوص کیا گیا ہے اورجناب بندرا کا اپنے ہنر کا تبادلہ کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدان میں چیمپئن صرف میدان میں نہیں بنتے؛ ایک مخصوص ذہنیت، منظم طریقہ کار اور نظم و ضبط کامیابی حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم اور وزارت مہارت کی ترقی اور صنعت کاری ،دونوں وزارتیں نوجوانوں کو مختلف شعبوں سے متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہیں۔ جناب بندرا کی مثال دیتے ہوئے، انہوں نے اپنے اعتماد پر بھروسہ کرنے اور زندگی بھر سیکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا، جیسا کہ این ای پی 2020 میں بھی زور دیا گیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image001L5ZM.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002AXUQ.jpg

جناب ابھینوبندرا نے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کھیل تعلیم میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور وزیر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس پروگرام کا آغاز کیا، جو طلباء کو ترغیب دے گا۔ انہوں نے اپنے 22 سالہ سفر کو مختصر طور پر بیان کیا اور اس دوران حاصل کی گئی سیکھ کو شیئر کیا۔ جناب بندرا نے کہا کہ کھیل نے انہیں جیت اور ہار کے بارے میں نہیں سکھایا، بلکہ محنت، ایمانداری، سنجیدگی سے سننا، قواعد کا احترام، حریفوں کا احترام، نتائج کی اہمیت اور خود اعتمادی کے بارے میں سکھایا۔ انہوں نے اولمپک  کی تین اقدار عظمت، احترام اور دوستی کا بھی تذکرہ کیا۔

جناب سنجے کمار نے جینت چودھری کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس پروگرام کا تصور پیش کیا اور کہا کہ جناب بندرا کی بچوں کے درمیان موجودگی حوصلہ افزائی کاذریعہ بنے گی۔ انہوں نے یہ بھی اجاگر کیا کہ کس طرح قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے اہم اجزاء اور وژن کو مرکزی ودیالیوں اور نوودیہ ودیالیوں میں نافذ کیا جا رہا ہے تاکہ ملک کے طلباء کے روشن مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔

چودہ طلبہ ایتھلیٹس—چھ کے وی سے اور آٹھ این وی سےنے اپنی کامیابیوں اور تجربات کا اشتراک معزز شخصیات کے ساتھ کیا، جنہوں نے ان کی کوششوں کی تعریف کی اور سراہا۔ اس کے علاوہ، کئی طلباء جنہوں نے ورچوئل طور پر شرکت کی، انہیں جناب بندراسے اپنے سوالات پوچھنے کا موقع ملا، جنہوں نے ہر سوال کا تفصیل سے جواب دیا۔

*********************************

UR-2688

(ش ح۔   م ش ۔ ص ج)


(Release ID: 2075116) Visitor Counter : 17


Read this release in: English , Hindi , Tamil