وزارت دفاع
ہندوستانی فوج کا دستہ ہند - امریکہ مشترکہ خصوصی افواج مشق ’وَجر پرہار‘ کے لیے روانہ
Posted On:
01 NOV 2024 2:40PM by PIB Delhi
ہندوستانی فوج کا دستہ آج ہند - امریکہ مشترکہ خصوصی افواج مشق ’وَجر پرہار‘ کے 15ویں ایڈیشن کے لئے روانہ ہوا۔ یہ مشق 2 سے 22 نومبر 2024 تک امریکہ کے ایڈاہو میں واقع آرچرڈ کمبیٹ ٹریننگ سینٹر میں منعقد کی جائے گی۔ اس مشق کا آخری ایڈیشن دسمبر 2023 میں میگھالیہ کے اُمروئی میں منعقد کیا گیا تھا۔ یہ ہندوستانی اور امریکی فوج کے درمیان سال کی دوسری مشق ہوگی، اس سے پہلے کی مشق یُدھ ابھیاس 2024 ہے، جو ستمبر 2024 میں راجستھان میں کی گئی تھی۔
مشترکہ مشق میں حصہ لینے والے دونوں ممالک کے دستے 45، 45 اہلکاروں پر مشتمل ہوں گے۔ ہندوستانی فوجی دستے کی نمائندگی اسپیشل فورسز یونٹس کریں گی اور امریکی فوجی دستے کی نمائندگی امریکہ کے گرین بیریٹس کریں گے۔
وجر پرہار مشق کا مقصد انٹر آپریبلٹی میں اضافہ کرنا، مشترکہ اور خصوصی آپریشن کی حکمت عملی کے باہمی تبادلے کے ذریعے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان فوجی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یہ مشق صحرائی/ نیم صحرائی ماحول میں مشترکہ اسپیشل فورسز کے آپریشنز کو انجام دینے کے تعلق سے مشترکہ صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی۔ اس مشق میں اعلیٰ درجے کی جسمانی فٹنس، مشترکہ منصوبہ بندی اور مشترکہ حکمت عملی کی مشقوں پر توجہ دی جائے گی۔
مشق کے دوران جن ڈرلس / پہلوؤں کا ریہرسل کیا جائے گا ان میں مشترکہ ٹیم مشن کی منصوبہ بندی، جاسوسی مشن، بغیر پائلٹ کے فضائی نظام کی تعیناتی، خصوصی آپریشنز کی تعمیل، مشترکہ ٹرمینل اٹیک کنٹرولر کی کارروائیاں اور خصوصی آپریشنز میں نفسیاتی جنگ شامل ہیں۔
مشق ’وجر پرہار‘ دونوں فریقوں کو مشترکہ اسپیشل فورسز آپریشنز کے انعقاد کے لیے اپنے بہترین طور طریقوں اور تجربات کا اشتراک کرنے کے قابل بنائے گی۔ یہ مشق دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور فوجیوں کے مابین دوستی کو فروغ دے گی۔
*****
ش ح۔م م ۔ م ر
U-NO.2000
(Release ID: 2070120)
Visitor Counter : 39