لوک سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

عوامی پالیسی میں ہر ایک کو شامل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے: لوک سبھا اسپیکر


عوام  نے ان لوگوں کو مسترد کر دیا جنہوں نے جمہوری اصولوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی: لوک سبھا اسپیکر

دنیا میں امن اور استحکام کا واحد حل  ‘وسودھیوا کٹمبکم’  کا فلسفہ ہے: لوک سبھا اسپیکر

‘قانون کی حکمرانی’ کے مضبوط ڈھانچہ  کی وجہ سے ہندوستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے: لوک سبھا اسپیکر

ایک تعلیم یافتہ معاشرہ جدت، اقتصادی ترقی، سماجی ہم آہنگی کو آگے بڑھاتا ہے: لوک سبھا اسپیکر

Posted On: 27 OCT 2024 10:00PM by PIB Delhi

لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج کہا کہ عوامی پالیسی میں ہماری کمیونٹی کی متنوع ضروریات کو تسلیم کرتے ہوئے سب کو شامل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب پالیسیاں تمام افراد کی آوازوں اور تجربات کی عکاسی کرتی ہیں تو ان سے تعلق کا احساس پیدا ہوتا ہے اور جمہوری عمل میں فعال شرکت کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ بھونیشور میں واقع  کلنگا انسٹی ٹیوٹ آف انڈسٹریل ٹکنالوجی (کے آئی آئی ٹی )، کے آئی آئی ٹی  اسکول آف پبلک پالیسی کا افتتاح کرتے ہوئے، لوک سبھا اسپیکر نے آج مشاہدہ کیا کہ کمیونٹی کی اجتماعی طاقت کو بروئے کار لاتے ہوئے، ہم ایسے جامع حل تشکیل دے سکتے ہیں جو نہ صرف سماجی رشتوں کو مضبوط کریں گے بلکہ مؤثر طریقے سے  حقیقی دنیا کے چیلنجوں سے نمٹنے اور ، کوئی بھی پیچھے نہ رہے، اس کو بھی یقینی بنائیں گے۔

اس موقع پر مجمع سے خطاب کرتے ہوئے  جناب  برلا نے ہندوستان کی جمہوری اقدار کی لچک کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اپنی آزادی اور حقوق کے حتمی محافظ ہیں۔ جمہوریت کے تحفظ کے اجتماعی عزم پر زور دیتے ہوئے، جناب برلا نے حاضرین کو یاددہانی کراتے ہوئے کہا کہ جب بھی جمہوری اصولوں کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ہے، عوام کی آوازیں ایسے چیلنجوں کے خلاف مضبوطی سے گونجی ہیں۔ یہ عزم ہر الیکشن اور تحریک میں ظاہر ہوتا ہے، جو  اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ جمہوریت متحرک اور مشکلات کے باوجود پائیدار رہے۔ انہوں نے تنوع کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی جو ہندوستانی جمہوریت کو مضبوط کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ثقافتوں، زبانوں اور روایات کی بھرپور آمیزش اس کےگوناگونیت  میں معاون ہے۔

 

ہندوستان کے اقتصادی منظرنامے پر غور کرتے ہوئے، جناب برلا نے ذکر کیا کہ ہندوستان میں ‘قانون کی حکمرانی’  کے غلبہ کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے ‘قانون کی حکمرانی’ کے مضبوط فریم ورک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ کرتا ہے بلکہ ملک کی اقتصادی ترقی اور ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک اچھی طرح سے قائم عدلیہ اور شفاف انضباطی عمل کے ساتھ، ہندوستان سرمایہ کاروں کو انصاف اور اعتماد کا یقین دلاتا ہے اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ہندوستان کے قانونی ڈھانچہ کا استحکام اور پیشین گوئی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دے رہی ہے۔

 

لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ عالمی سطح پر ہندوستان کا قد بڑھ رہا ہے اور دنیا ہندوستان کی طرف امید کی  نظروں سے دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی موثر قیادت اور دور اندیشی کو اجاگر کیا جس نے معیشت، ٹیکنالوجی اور سماجی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں ہندوستان کو آگے بڑھایا ہے۔

انہوں نے قدیم ہندوستانی فلسفہ‘‘واسودھائیو کٹمبکم’’کی اہمیت کو دہرایا – جس کا  خیال ہے کہ ‘‘دنیا ایک کنبہ ہے’’۔ انہوں نے ثقافتی اور قومی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے عالمی سطح پر امن اور استحکام کے حصول میں اس کے اہم کردار پر زور دیا۔ لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ اتحاد اور تعاون کے اس جذبے کو اپناتے ہوئے، قومیں اجتماعی طور پر عالمی چیلنجوں سے نمٹ سکتی ہیں اور تمام انسانیت کے لیے پائیدار ہم آہنگی اور مشترکہ خوشحالی کی راہ ہموار کر سکتی ہیں۔

قبل ازیں جناب برلا نے بھونیشور میں کلنگا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز(کے آئی ایس ایس ) کے طلباء سے بات چیت کی۔ مجمع سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم قوم کی تعمیر کی بنیاد ہے۔ جناب برلا نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ معاشرہ اختراعات، معاشی ترقی اور سماجی ہم آہنگی کو آگے بڑھاتا ہے، جس سے شہریوں کو حقائق پر مبنی فیصلے کرنے کا اہل بناتا ہے جس سے پوری قوم کو فائدہ ہوتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ مقامی قبائلی طلباء میں اقدار کی تعلیم اور تربیت کے ذریعے، کے آئی ایس ایس ،  شخصیت سازی کے ذریعے قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی ذمہ داری ہمت اور اعتماد سے بھرے ہونہار طلباء کے کندھوں پر ہے، انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نوجوان ہندوستان کے ترقی یافتہ اور روشن ترقی کے سفر میں اپنی ذمہ داری کو پورا کریں گے۔

******

ش ح۔عح  ۔ ا ک م

U-NO.1828


(Release ID: 2068873) Visitor Counter : 43