وزارت اطلاعات ونشریات
بھارت اور کولمبیا نے فلم کو-پروڈکشن اور ثقافتی تعلقات کو تقویت بہم پہنچانے کے لیے آڈیو – ویژوَل کوپروڈکشن معاہدے پر دستخط کیے
Posted On:
15 OCT 2024 7:18PM by PIB Delhi
بھارت اور کولمبیا نے آڈیو ویژول کو-پروڈکشن معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو بھارتی اور کولمبیا کے فلم سازوں کو فلم سازی کے مختلف پہلوؤں پر باہمی تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم کا استعمال کرنے کے قابل بنائے گا۔ اس معاہدے سے دونوں ممالک کی فلمی صنعتوں کے اہم شعبوں کے درمیان تعلقات کے مزید عمیق ہونے کی توقع ہے، اور اس طرح تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔ اس معاہدے پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر ایل مروگن اور جمہوریہ کولمبیا کے نائب وزیر خارجہ جناب جارج اینریک روہاس روڈریگیز نے دستخط کئے۔
کولمبیا بھارت کے ساتھ آڈیو ویژوَل کو-پروڈکشن معاہدے پر دستخط کرنے والا 17 ملک ہے
بھارت اور کولمبیا کے درمیان معاہدے سے دونوں ممالک کے فلم پروڈیوسروں کو اپنے تخلیقی، فنکارانہ، تکنیکی، مالیاتی اور مارکیٹنگ کے وسائل کو مشترکہ پروڈکشن کے لیے جمع کرنے میں فائدہ حاصل ہونے کی امید ہے۔ یہ فن اور ثقافت کے تبادلے کا باعث بنے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان خیر سگالی پیدا کرے گا اور اس طرح ثقافتی تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔
یہ معاہدہ ہندوستان کی ’ثقافتی قوت‘ پیدا کرنے اور اس کی نمائش کا موقع بھی فراہم کرے گا اور فلم پروڈکشن میں مصروف فنکارانہ، تکنیکی اور غیر تکنیکی انسانی وسائل بشمول پوسٹ پروڈکشن اور مارکیٹنگ میں روزگار پیدا کرنے کا باعث ثابت ہوگا۔
اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مروگن نے بھارت اور کولمبیا کے درمیان مضبوط ثقافتی اور امداد باہمی پر مبنی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ دیرینہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کولمبیا کے ساتھ بھارت کے متنوع اور کثیر جہتی تعاون پر زور دیا۔
محترم وزیر نے کہا، "بھارت نے گزشتہ برسوں کے دوران کولمبیا کے ساتھ ایک بھرپور ثقافتی تبادلہ ملاحظہ کیا ہے۔ سائنس اور تکنالوجی، دفاع، آئی آئی ٹی، صحت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں ہمارا تعاون رہا ہے۔ حکومت ہند مشترکہ پیداوار کے معاہدوں کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے، جو بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ہمارا پہلا مشترکہ پروڈکشن معاہدہ ایک تاریخی لمحہ تھا، اور ہم نے اس بنیاد پر مستقل بنیاد آگے بڑھے ہیں‘‘۔
توقع ہے کہ اس معاہدے سے فلم شوٹنگ کے لیے بھارتی مقامات کے استعمال کو فروغ ملے گا۔ یہ معاہدہ پوری دنیا میں فلم کی شوٹنگ کے ایک پسندیدہ مقام کے طور پر بھارت کو نمایاں کرے گا اور امکانات میں اضافہ کرے گا، نیز ملک میں غیر ملکی زرمبادلہ کی آمد کا باعث بنے گا۔ یہ معاہدہ فلم پروڈکشن کی شفاف فنڈنگ کا باعث بنے گا اور کولمبیا کی منڈی میں بھارتی فلموں کی برآمدات کو فروغ دے گا۔
مختلف ممالک کے ساتھ آڈیو-ویژوَل کوپروڈکشن معاہدات
اس سے قبل حکومت ہند نے 2005 میں جمہوریہ اٹلی کی حکومت اور حکومت برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کی حکومت کے ساتھ، 2007 میں وفاقی جمہوریہ جرمنی، 2007 میں وفاقی جمہوریہ برازیل کی حکومت، 2010 میں جمہوریہ فرانس کے ساتھ ، 2011 میں جمہوریہ نیوزی لینڈ، 2012 میں جمہوریہ پولینڈ اور جمہوریہ اسپین کے ساتھ اسی طرح کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔ حالیہ برسوں میں، 2014 میں کناڈا اور چین کے ساتھ، 2015 میں جمہوریہ کوریا، 2016 میں بنگلہ دیش، 2017 میں پرتگال، 2018 میں اسرائیل، 2019 میں روس اور 2023 میں آسٹریلیا کے ساتھ بھی اسی طرح کے معاہدات پر دستخط کیے گئے۔
یہ معاہدے سرکاری مالی تعاون اور حمایت کے دروازے کھولتے ہیں
کوپروڈکشن کے معاہدوں پر اب تک کیے گئے دستخط کا مقصد اقتصادی، ثقافتی اور سفارتی اہداف کی حصولیا بی ہے۔ فلم سازوں کے لیے، معاہدے کی مشترکہ پروڈکشن کی اہم کشش یہ ہے کہ یہ شراکت دار ممالک میں سے ہر ایک میں نیشنل پروڈکشن کے طور پر اہل ہے ، اور فلم ساز وہ فوائد حاصل کر سکتے ہیں جو ہر ملک میں مقامی فلم اور ٹیلی ویژن صنعت کے لیے دستیاب ہیں۔ اس طرح کے معاہدوں سے حاصل ہونے والے فوائد میں حکومت کی مالی امداد، ٹیکس میں رعایتیں اور گھریلو ٹیلی ویژن کے نشریاتی کوٹے شامل ہیں۔
بھارت میں سرکاری کو پروڈکشن اور غیر ملکی پیداوار کے لیے بہتر مالی تعاون
بھارت نے ملک کے اندر فلم پروڈکشن کے لیے مراعات میں 12 گنا اضافہ کیا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ ترغیب 300 ملین روپے کے بقدر ہے۔ آفیشل کو پروڈکشن کے لیے مراعات کی اسکیم بھارت میں زیادہ سے زیادہ 300 ملین روپے کے ساتھ 30فیصد تک کی لاگت کی واپسی کی پیشکش کرتی ہے۔ غیر ملکی فلم پروڈکشن کمپنیوں کے لیے بھارت میں شروع کی گئی خدمات زیادہ سے زیادہ 300 ملین روپے سے مشروط اہم بھارتی مواد کی نمائش کے لیے 5فیصد کے اضافی بونس کا دعوی کر سکتی ہیں۔ 15فیصد یا اس سے زیادہ ہندوستانی افرادی قوت کو ملازمت دینے کے لیے مزید 5فیصد کا دعویٰ کیا جا سکتا ہے جس کی ادائیگی کو اخراجات کے 40فیصد تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
اطلاعات و نشریات کی وزارت کے سکریٹری نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سنیما، میڈیا اور تفریح کے شعبے میں بہترین عالمی پلیٹ فارم کے طور پر بھارتکے آئندہ کردار کے بارے میں بتایا۔ سکریٹری نے کہا، ’’بھارت گوا میں بھارت کے بین الاقوامی فلمی میلےکی میزبانی کرے گا جس کا آغاز 20 نومبر سے ہونے جا رہا ہے، اور جس میں دنیا بھر کی اور بھارت کی بہترین فلمیں پیش کی جائیں گی۔‘‘
سکریٹری نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ فروری 2025 میں، بھارت ’ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ (ڈبلیو اے وی ای ایس)‘ کی میزبانی بھی کرے گا جس کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب کے دوران روایتی نشریات، فلموں، اور میڈیا اور تفریح کی نئی شکلوں کے یکجا ہونے کا عمل ملاحظہ کیا جائے گا، جو اس صنعت کے مستقبل میں ایک اہم لمحہ ثابت ہوگا۔
اطلاعات و نشریات کی وزارت، حکومت ہند کی جانب سے شرکاء کی تفصیلات
- ڈاکٹر ایل مروگن، اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت
- جناب سنجے جاجو، سکریٹری (آئی اینڈ بی)
- III. محترمہ نیرجا شیکھر، ایڈشنل سکریٹری (آئی اینڈ بی)
- محترمہ ورُندا منوہر دیسائی، جوائنٹ سکریٹری (فلمس)
- محترمہ شلپا راؤ تنوگولا، ڈائرکٹر (آئی آئی ایس، آئی آئی ایم سی، سی آر ایس)
جمہوریہ کولمبیا کی جانب سے شرکاء کی تفصیلات
- محترم جناب جارج اینریک روجاز روڈریگز، جمہوریہ کولمبیا کے نائب وزیر خارجہ (وفد کے سربراہ)
- محترم ڈاکٹر وکٹر ایچ ایچویری جرامیلو، بھارت میں جمہوریہ کولمبیا کے سفیر
- III. جناب ہُوان کارلوس روہاس، بھارت میں کولمبیا کے سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن
- محترمہ لورا مونتیو ایسپتیا، سکریٹری اول، کولمبیا کی وزارت خارجہ
- محترمہ الیندرا ماریہ روڈریگیز، دوسری سکریٹری دوم، بھارت میں کولمبیا کا سفارتخانہ
- محترمہ منی ساہنی، ریسورس پرسن
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No: 1300
(Release ID: 2065131)
Visitor Counter : 35