وزارت دفاع
پہلے تربیتی اسکواڈرن کا مسقط عمان کا دورہ اختتام پذیر
Posted On:
12 OCT 2024 6:12PM by PIB Delhi
پہلے تربیتی اسکواڈرن (ٹی ایس 1) کے ہندوستانی بحری جہاز تیر اور شردل کے ساتھ بھارتی ساحلی گارڈ جہاز ویرا نے 9 اکتوبر 2024 کو مسقط، عمان کا دورہ مکمل کیا ہے۔ چار روزہ دورے کے دوران بھارتی بحریہ نے رائل نیوی آف عمان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کیا، جس سے دونوں سمندری ممالک کے درمیان دوستی کے پل مضبوط ہوگئے۔
فلیگ آفیسر کمانڈنگ اِن چیف، ساؤدرن نیول کمانڈ(ایف او سی آئ این سی، ساؤتھ) وائس ایڈمرل وی سرینیواس اور دورے پر آئے جہازوں کے کمانڈنگ افسروں نے رائل نیوی آف عمان کے کمانڈر، ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر بن محسن الرحبی اور چیف آف اسٹاف سلطان کے مسلح افواج وائس ایڈمرل عبداللہ بن خمیس بن عبداللہ الرئیسی سے ملاقات کی۔ بات چیت میں دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے تربیتی تبادلے، معلومات کے اشتراک اور مشترکہ تربیتی مشقوں کے مواقع پر زور دیا گیا۔ دورے کے دوران، ایف او سی آئی این سی (ساؤتھ) نے دونوں بحریہ کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری، زیادہ سے زیادہ تعاون اور مشترکہ عملیاتی صلاحیتوں کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
بھارتی بحری وفد نے سید بن سلطان بحری بیس کا دورہ کیا اور انہیں جہازوں، مرمتی اکائیوں اور طبی سہولیات کے متعلق ایک رہنمائی کے تحت تفصیلی جائزہ دیا گیا۔ ٹی ایس – 1 کے سمندری تربیت کاروں نے سلطان قابوس نیول اکیڈمی کے اسپورٹس کمپلیکس کے علاوہ مختلف سہولیات اور سمیولیٹرز کا دورہ کیا۔ ٹرینیز کو رائل نیوی آف عمان کے فلیٹ کے رکھ رکھاؤ سے متعلق اکائیوں اور اہلکاروں کو لانے لے جانے والے جہاز’الناصر‘ کا مشاہدہ کرنے کا بھی موقع ملا۔ رائل نیوی آف عمان کے اہلکاروں نے ٹی ایس 1کے جہازوں کا مشاہدہ کیا، جہاں انہوں نے باہمی تعاون اور خیالات کے تبادلے کے ذریعے دوستی اور خیر سگالی کو فروغ دینے کا کام کیا۔
ایک اسکول آؤٹ ریچ پروگرام کے دوران، نوجوان ذہنوں کو بھارتی بحریہ کے کردار اور صلاحیتوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔ ایک اور ایونٹ میں، بھارتی بحریہ کے سمفونک بینڈ نے عمان ایونیو مال میں موسیقی کا ایک شاندار مظاہرہ کیا، جس نے زبان اور ثقافتی سرحدوں کو عبور کرتے ہوئے حاضرین کو مسحور کیا۔ نیوی ویلفیئر اینڈ ویلنس ایسوسی ایشن (جنوبی خطہ) کی صدر محترمہ وجیا سرینیواس نے بھارتی اسکول وادی کبیر میں ایک ابتدائی مداخلتی مرکز اے ۔ بی۔ ایل۔ ای کا دورہ کیا۔ انہوں نے اساتذہ اور خصوصی طور سے بچوں کے ساتھ ملاقات کی اور اسکول کی کاوشوں کو سراہا۔ دورے کے دوران، اسکول کے بچوں، عمان میں بھارتی سفارتخانے کے اراکین اور بھارتی برادری نے جہازوں کا دورہ کیا۔ عمان میں بھارت کے سفیر، جناب امیت نارنگ نے بھی ٹی ایس 1 کے جہازوں کا دورہ کیا اور سمندری تربیت کاروں کے ساتھ ایک راست بات چیت میں شرکت کی۔
وائس ایڈمرل وی سرینیواس، ایف او سی آئی این سی (ساؤتھ) نے ٹی ایس 1 کے جہازوں پر ایک رسمی استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ عمان میں بھارت کے سفیر، جناب امیت نارنگ اور کموڈور علی البلوشی، اسسٹنٹ چیف آف اسٹاف، سلطان کی مسلح افواج (انتظامیہ اور لاجسٹکس) نے اس استقبالیہ میں شرکت کی۔ اس تقریب میں سفارت کاروں، عمانی معززین اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی حصہ لیا ۔
بھارتی بحری جہازوں کا سلطنت عمان کا دورہ انتہائی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس کی بدولت دونوں سمندری ملکوں کے درمیان تعلقات مضبوط ہوئے اور گہرے اور طویل المدتی روابط کو فروغ بھی ملا۔
*****
ش ح ۔ ش ا ر ۔ م ت
U - 1190
(Release ID: 2064445)
Visitor Counter : 34