پوسٹ کرنے کی تاریخ:
05 SEP 2024 6:53PM by PIB Delhi
نوجوانوں کے امور اور کھیل اور محنت و روزگار کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے آج پیرس 2024 پیرا اولمپکس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد ہندوستانی پیرا ایتھلیٹکس دستے کے ارکان کی ہندوستان واپسی پر مبارک باد دی۔ مرکزی وزیر نے تقریب کے دوران کھلاڑیوں، کوچ اور معاون عملے کو بھی مبارک باد دی۔
دستے سے خطاب کرتے ہوئے، ڈاکٹر منڈاویہ نے ان کی شاندار کامیابیوں کے لیے اپنے تعریفی کلمات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ”میں آج پیرا اولمپکس میں آغاز کرنے والے چھ ایتھلیٹس سے مل کر بہت خوش ہوں۔ میں دیپتی کو اس با وقار تقریب میں پہلی ہی شرکت میں تمغہ جیتنے پر مبارک باد دینا چاہتا ہوں۔ دوسروں کے لیے، میں آپ کو مستقبل کے پیرا اولمپکس کے لیے اپنی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں، جہاں مجھے یقین ہے کہ آپ تمغے جیتیں گے۔ یاد رکھیں، کھیل صرف تمغوں کے لیے نہیں ہوتا ہے، آپ میں سے ہر ایک نے زندگی کے پیش کردہ چیلنجوں پر قابو پایا ہے اور فاتح بن کر ابھرا ہے۔ آپ سبھی ہندوستان بھر کے لاکھوں نوجوانوں کے لیے ایک تحریک ہیں۔“
تقریب میں ایتھلیٹوں میں سے دیپتی جیونجی، جنہوں نے اپنے پیرا اولمپکس کے آغاز پر خواتین کے 400 میٹر T20 زمرے میں کانسی کا تمغہ جیتا، اور ان کے ساتھی ڈیبیو کرنے والے ایتھلیٹس روی رونگالی (مردوں کے شاٹ پٹ F40)، رکشیتا راجو (خواتین کی 1500 میٹر T11)، کنچن لکھانی (ویمن ڈسک تھرو F53)، ساکشی کاسانہ (ویمن ڈسکس تھرو F55)، اور مانو (مردوں کا شاٹ پٹ F37) کے ساتھ ان کے کوچ راہل بالا کرشنا، سریش کمار کروبا، سنیل لاکھانی اور عملے کے دیگر افراد موجود تھے۔
دیپتی، جس کی صلاحیتوں کو ایس اے آئی کے کوچ این رمیش نے حیدرآباد میں دریافت کیا تھا، اس نے 2019 میں اپنا پیرا ایتھلیٹکس سفر شروع کیا۔ وہ 2018 سے کھیلو انڈیا کی ایتھلیٹ رہی ہے اور اب ایک سرکردہ ایتھلیٹ ہے۔ مختصر عرصے میں، اس نے کئی بین الاقوامی مقابلے جیتے ہیں جن میں ایشین پیرا گیمز میں گولڈ میڈل اور 2024 ورلڈ چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل شامل ہے، جہاں اس نے عالمی ریکارڈ توڑا۔ ڈومیسٹک سرکٹ میں، اس نے 2020 میں کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں دو تمغے جیت کر نمایاں کارنامہ انجام دیا۔
تہنیتی پروگرام کے بعد دیپتی نے کہا، ”میں بہت خوش ہوں کہ میں ملک کے لیے تمغہ جیت سکی۔ میں نے اب کانسی کا تمغہ جیتا ہے، لیکن میں اگلی بار سونے کا تمغہ جیتنے کی کوشش کروں گی۔“
4 ستمبر 2024 کو دن کے مقابلوں کے اختتام تک ہندوستان نے کل 24 تمغے حاصل کیے ہیں، جن میں 5 گولڈ، 9 سلور اور 10 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
**********
ش ح۔ ف ش ع- م ر
U: 10600