صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت

مرکزی وزارت صحت كی جانب سے  ڈاکٹروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی یقین دہانی


ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے  اقدامات تجویز کرے گی

Posted On: 17 AUG 2024 1:51PM by PIB Delhi

فیڈریشن آف ریذیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (فورڈا)، انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) اور دہلی کے سرکاری میڈیکل کالجوں اور اسپتالوں کے رہائشی ڈاکٹروں کی انجمنوں کے نمائندوں نے  كلكتے كے آر جی کار میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل كی ایک رہائشی ڈاکٹر کے ساتھ پیش آنے والے سانحے كے پس منظر میں  نئی دہلی میں صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت سے ملاقات کی ہے۔

انجمنوں نے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کی اُن كے کام کی جگہ پرحفاظت اور سلامتی پر اپنی تشویش کے تعلق سے اپنے مطالبات پیش کیے ۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے نمائندوں کے مطالبات پر توجہ دینے كے بعد صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انہیں  ہر ممکن کوشش كرنے کا یقین دلایا۔ تمام انجمنوں کے نمائندوں کو یہ بتایا گیا کہ حکومت صورتحال سے بخوبی آگاہ اور اُن کے مطالبات کے تئیں حساس ہے۔ 26 ریاستیں اپنی اپنی ریاستوں میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کے تحفظ کے لیے پہلے ہی قانون سازی کر چکی ہیں۔ انجمنوں کی طرف سے ظاہر کردہ  خدشات کے پیش نظر وزارت نے انہیں یقین دلایا كہ صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایسے تمام ممکنہ اقدامات تجویز کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ ریاستی حکومتوں سمیت تمام ذمہ دار حلقوں کے نمائندوں کو کمیٹی کے سامنے اپنی تجاویز پیش كرنے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔

وزارت نے احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں سے درخواست کی کہ وہ وسیع تر عوامی مفاد میں اور ڈینگو اور ملیریا کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے پیش نظر  دوبارہ اپنے كام پر لوٹ جائیں۔

***

ش ح۔ ع س۔ ک ا



(Release ID: 2046282) Visitor Counter : 13