عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
’’مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اُدھم پور ضلع انتظامیہ کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی صدارت کی‘‘
’’ عوامی سہولیات کی تیز رفتار اور بہترین بہم رسانی کو یقینی بنائیں ‘‘: ڈاکٹر سنگھ کی انتظامیہ کو ہدایت
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت جن بھاگیداری اور سنکلپ سے سدھی کے جذبے کے ساتھ کام کر رہی ہے
Posted On:
14 JUL 2024 7:28PM by PIB Delhi
سائنس اور تکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت؛ وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، ایٹمی توانائی اور خلاء کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج یہاں کہا کہ، ’’ ادھم پور انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو عوامی سہولیات کی بروقت اور بغیر کسی رکاوٹ کے فراہمی کو یقینی بنانے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرنا چاہئے۔‘‘
ڈپٹی کمشنر سلونی رائے، ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران اور پی آر آئی کے ایک درجن سے زائد نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پانی کی قلت، بجلی سپلائی میں رکاوٹ، خستہ حال سڑکوں اور غیر مجاز پارکنگ جیسے اہم مسائل کے فوری حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہے اور اس کے تمام اقدامات معاشرے کے تمام طبقات کے لیے زندگی کی آسانی کو یقینی بنانے پر مرکوز ہیں۔
مرکزی وزیر نے تصدیق کی کہ ملک کو اولیت کے اصول کے ساتھ مودی حکومت کا حکمرانی کا ماڈل جن بھاگیداری اور سنکلپ سے سدھی کے جذبے سے سرشار ہے۔ مرکزی وزیر نے ڈی ڈی سی پر زور دیا کہ وہ عوامی شکایات اور مطالبات کے ازالے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آج کی میٹنگ میں اٹھائے گئے مسائل کو حل کرنے کے لیے کونسلرز کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔
ضلع کے متعدد علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کے ذریعہ بار بار بجلی گُل ہوجانے کے مسئلہ پر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ہدایت جاری کی کہ محکمہ بجلی کے متعلقہ عہدیداروں کو موقع پر تجزیہ کرنے اور مسئلہ کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے دورہ کرنا چاہئے۔ وزیر موصوف نے اس امر کو اجاگر کیا کہ، "اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ بجلی گل ہو جانے کی وجہ سے شدید گرمی میں عوام کو کم تکلیف کا سامنا کرنا پڑے" ۔
اسی طرح وزیر موصوف نے خستہ حال سڑکوں کی مرمت اور دیہی علاقوں میں دیگر سڑکوں کو پکا کرنے پر زور دیا تاکہ کنکٹیویٹی کو بہتر بنایا جا سکے اور حادثات کو روکا جا سکے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے تمام افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ شہریوں کو خدمات کی بہتر فراہمی کے لیے اسٹیک ہولڈرز بشمول پی آر آئیز کے ساتھ قریبی تال میل بنا کر کام کریں۔ انہوں نے افسران کو مقامی لوگوں کے ساتھ رابطے میں رہنے، متاثرہ علاقوں کا باقاعدگی سے دورہ کرنے اور دور دراز کے دیہاتوں میں بیداری کیمپوں کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی تاکہ لوگوں کو صفائی ستھرائی، رہائش اور تعلیم سے متعلق اسکیموں کے فوائد کے بارے میں معلومات حاصل ہوں۔
جائزہ میٹنگ کے دوران، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ضلع میں لیوینڈر کی کاشت کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نئی صنعت سے وابستہ اسٹارٹ اپس مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے ذرائع بن گئے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت کے لیے سب کو ملازمتیں فراہم کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس لیے انہوں نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو روزی روٹی کمانے کے لیے روزگار کے دیگر منافع بخش راستے تلاش کرنے چاہئیں۔
**********
(ش ح –ا ب ن۔ م ف)
U.No:8323
(Release ID: 2033184)
Visitor Counter : 37