صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ ہند نے بھونیشور کے قریب ہریدمدا گاؤں میں برہما کماریوں کےمقدس روحانی مرکز کا افتتاح کیا اور قومی مہم ’’پائیداری کے لیے طرز زندگی‘‘ کا آغاز کیا

Posted On: 08 JUL 2024 7:39PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (8 جولائی 2024) بھونیشور، اوڈیشہ کے قریب ہریدمدا گاؤں میں برہما کماریوں کے مقدس روحانی مرکز کا افتتاح کیا۔ انہوں نے برہما کماریوں کی ایک قومی مہم ’پائیداری کے لیے طرز زندگی ‘ بھی شروع کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرجمہوریہ  نے کہا کہ فطرت  نعمتوں سے بھری ہوئی ہے۔ جنگل، پہاڑ، دریا، جھیلیں، سمندر، بارش، ہوا یہ سب جانداروں کی بقا کے لیے ضروری ہیں۔ لیکن انسانوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ فطرت میں فراوانی ان کی ضروریات کے لیے ہے نہ کہ ان کے لالچ کے لیے۔ انسان اپنی عیش و عشرت کے لیے فطرت کا استحصال کر رہا ہے اور ایسا کر کے قدرت کے قہر کا شکار ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فطرت کے ساتھ ہم آہنگی قائم کرنا اور فطرت دوست زندگی گزارنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستانی ثقافت نے ہمیشہ فطرت سے ہم آہنگ طرز زندگی پر زور دیا ہے۔ ہمارے فلسفے میں زمین کو ماں اور آسمان کو باپ کہا گیا ہے۔ دریا کو ماں کا خطاب بھی دیا گیا ہے۔ پانی کو زندگی کہا گیا ہے۔ ہم بارش کو اندرا اور سمندر کو ورون کے طور پر پوجتے ہیں۔ ہماری کہانیوں میں پہاڑ اور درخت حرکت کرتے ہیں اور جانور بھی ایک دوسرے سے باتیں کرتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ فطرت غیر فعال نہیں ہے، اس کے اندر شعور کی طاقت بھی ہے۔ یہ سب فطرت کے تحفظ کے لیے ہندوستانی فلسفیوں کے خوبصورت خیالات ہیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، عالمی حدت اور موسم کی غیر یقینی صورتحال بڑے چیلنج ہیں جن کا آج دنیا کو سامنا ہے۔ قدرتی آفات جیسے سیلاب، مٹی کے تودے، برفانی تودے، زلزلے، جنگل میں لگنے والی آگ اور سونامی اب کبھی کبھار نہیں ہوتے۔ اب یہ تواتر کے واقعات بن گئے ہیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہماری روزمرہ کی زندگی میں چھوٹی تبدیلیاں معاشرے میں بڑی تبدیلیوں کی راہ ہموار کرتی ہیں۔ قدرتی وسائل کے کم سے کم استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ہمیں اپنی عادات کو بدلنا ہوگا۔ اکثر نلکے کھلے رہنے کی وجہ سے پینے کا پانی ضائع ہو جاتا ہے۔ دن کے وقت بھی بتیاں جلتی رہتی ہیں۔ اسی طرح گھر ہو یا دفتر، ہم پنکھے یا لائٹ بند کرنے پر توجہ نہیں دیتے۔ ہم پلیٹوں میں کچھ کھانا چھوڑنے کی عادت سے خود کو آزاد نہیں کر سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صرف فطرت دوست طرز زندگی پر بات کرنا کافی نہیں ہے، ہمیں اسے اپنی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے ہر ایک پر زور دیا کہ وہ قدرتی وسائل کو بچانے کے لیے اسے بچانے کی عادت ڈالیں۔

صدر جمہوریہ نے قومی مہم’پائیداری کے لیے طرز زندگی‘سے وابستہ تمام لوگوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو فطرت سے جوڑنے کی سمت میں یہ ایک قابل تعریف قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم صرف اجلاسوں، کمیٹیوں یا کانفرنسوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے مہم سے وابستہ سبھی پر زور دیا کہ وہ ملک کے مختلف حصوں میں جائیں اور لوگوں کو خاص طور پر دیہی لوگوں کو ماحولیات کے بارے میں آگاہ کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔ رض  ۔ ت ع(

8163

 



(Release ID: 2031627) Visitor Counter : 34