سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

دویہ کلا میلہ: کے آئی آئی ٹی یونیورسٹی، بھونیشور میں 5 سے 11 جولائی 2024 تک معذور کاروباری افراد کی تخلیقی صلاحیتوں اور ہنر کا ایک انوکھا سنگم


قابلیت، صنعت کاری، اور تخلیقی صلاحیتوں کا جشن: حکومت ہند کے معذور افراد کو با اختیار بنانے کے محکمے کی طرف سے ایک عظیم الشان تقریب

Posted On: 05 JUL 2024 6:50PM by PIB Delhi

حکومت ہند کی سماجی انصاف اور عطائے اختیار کی وزارت کے تحت معذور افراد کو با اختیار بنانے کا محکمہ، قومی معذور مالیاتی و ترقیاتی کارپوریشن (این ایچ ایف ڈی سی) کے تعاون سے بھونیشور، اوڈیشہ میں معذور کاروباریوں، کاریگروں، اور فنکاروں کی صلاحیتوں اور دستکاری کا جشن منانے کے لیے ”دویہ کلا میلہ“ کا انعقاد کر رہا ہے۔ یہ تقریب 5 جولائی سے 11 جولائی 2024 تک کلنگا انسٹی ٹیوٹ آف انڈسٹریل ٹیکنالوجی (کے آئی آئی ٹی) میں منعقد کی جا رہی ہے۔

 

 

دویہ کلا میلہ اور دویہ کلا شکتی پروگرام کا افتتاح سماجی انصاف اور عطائے اختیار کے وزیر مملکت جناب بی ایل ورما نے کیا۔

 

 

اپنے خطاب میں، جناب بی ایل ورما نے کہا، ”آج، ہم ’قابلیت‘ کا جشن منا رہے ہیں۔ ’دویہ کلا میلہ‘ میں حصہ لینے والے ہمارے معذور بھائی اور بہنیں حدود سے تجاوز کرتے ہوئے اپنی منفرد اور قابل قدر صلاحیتوں، ہنر اور کاروباری صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ دویہ کلا شکتی پروگرام کے ذریعے، موسیقی، رقص، اور اظہار میں ان کی کارکردگی نہ صرف ہمیں محظوظ کرتی ہے بلکہ ان کے جذبے اور لگن سے ہمیں متاثر بھی کرتی ہے۔ ہمارے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا معذور افراد کے ساتھ ہمیشہ سے جذباتی تعلق رہا ہے، ان کا وژن ان کو با اختیار بنانا ہے یہ مانتے ہوئے کہ سماج کے ہر طبقے کو با اختیار بنانا ملک کو مجموعی طور پر با اختیار بنانے کے لیے ضروری ہے۔ وزیر اعظم کے وژن کے تحت ہماری حکومت نے معذور افراد کو فائدہ پہنچانے والی مختلف اسکیمیں متعارف کروائی ہیں۔

 

 

جناب ورما نے مزید کہا، ”بھگوان جگناتھ کی مقدس سرزمین، اوڈیشہ میں پہلی بار، ہم اس شاندار دویہ کلا میلے میں دویہ کلا شکتی اور روزگار میلے دونوں کا ایک ساتھ اہتمام کر رہے ہیں۔ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان با صلاحیت کاروباریوں اور فنکاروں کو گلے لگائیں، ان کی تعریف کریں اور ان کا احترام کریں تاکہ جامع ترقی اور ایک بااختیار معاشرے کی تعمیر کی جا سکے۔“

 

 

معذور افراد کو با اختیار بنانے کے محکمے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جناب کشور بی سوروادے نے کہا، ”ہمارا مقصد ایک جامع معاشرے کی تشکیل کرنا ہے جہاں ہمارے ملک کے مختلف معذور افراد کو اپنی ترقی کے مساوی مواقع حاصل ہوں، جس کے نتیجے میں وہ جسمانی، سماجی، تعلیمی، اور اقتصادی طور پر با اختیار بنیں اور وہ پیداواری، محفوظ اور با وقار زندگی گزارنے کے قابل بنیں۔

                                               **************

ش ح۔ ف ش ع- م ف

05-07-2024

U: 8106


(Release ID: 2031131) Visitor Counter : 67