وزارت دفاع
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے دنیا کے بلند ترین میدان جنگ سیاچن کا دورہ کیا؛ انہوں نےسکیورٹی کی صورتحال کا زمینی جائزہ لیا
سخت موسم اور دشوار گزار خطوں میں بہادری اور عزم کے ساتھ قوم کی حفاظت کرنے پر سپاہیوں کی تعریف کی
‘‘بریلے سیاچن گلیشیئر میں ہمارے سپاہیوں کی بہادری اور فولادی عزم، مستقبل کی نسلوں کو ہمیشہ متاثر کرے گا’’
Posted On:
22 APR 2024 1:55PM by PIB Delhi
وزیردفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 22 اپریل 2024 کو دنیا کے سب سے بلند میدان جنگ سیاچن کا دورہ کیا اور سیکورٹی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے سخت موسم اور دشوار گزار خطوں کے حالات میں تعینات فوجیوں سے بھی بات چیت کی۔ وزیردفاع کے ساتھ آرمی چیف جنرل منوج پانڈے ؛جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف شمالی کمان لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار اور جنرل آفیسر کمانڈنگ 14 کور لیفٹیننٹ جنرل راشد بالی بھی موجودتھے۔
فضائی معائنہ کے بعد، وزیر دفاع 15,100 فٹ کی بلندی پر ایک فارورڈ پوسٹ پر اترے اور وہاں انہیں سیاچن گلیشیئر میں آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سیکورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے زمینی کمانڈرز کے ساتھ آپریشنل چیلنجز سے منسلک پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے انتہائی حالات میں بہادری اور عزم کے ساتھ مادر وطن کی حفاظت کے نیک راستے پر چلنے کے لیے ان کی ستائش کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ قوم ،مسلح افواج کے جوانوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی کیونکہ ان کی قربانیوں کی بدولت ہر شہری خود کو محفوظ محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ‘‘ہم پرامن زندگی گزار رہے ہیں کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے بہادر سپاہی، سرحدوں پر ثابت قدم ہیں۔ آنے والے وقت میں جب قومی سلامتی کی تاریخ لکھی جائے گی تو برفانی سرد گلیشئر میں ہمارے سپاہیوں کی بہادری اور فولادی قوتوں کے کارناموں کو فخر سے یاد رکھا جائے گا۔ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ ایک تحریک رہے گی’’۔
وزیردفاع نے سیاچن کو ایک عام زمین نہیں بلکہ ہندوستان کی خودمختاری اور عزم کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دہلی ہندوستان کا قومی دارالحکومت ہے، ممبئی مالیاتی دارالحکومت ہے اور بنگلورو ٹیکنالوجی راجدھانی ہے؛ اسی طرح سیاچن ہمت، حوصلہ اور عزم کا دارالحکومت ہے۔
قوم نے حال ہی میں آپریشن میگھدوت کی کامیابی کی 40ویں سالگرہ منائی۔ جناب راج ناتھ سنگھ نے 13 اپریل 1984 کو سیاچن میں ہندوستانی فوج کی جانب سے شروع کیے گئے آپریشن کو ملک کی فوجی تاریخ کا سنہری باب قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ‘‘آپریشن میگھ دوت کی کامیابی ہم سب کے لیے فخر کی بات ہے’’۔
اس موقع پر، وزیردفاع نے سیاچن جنگ کی یادگار پر گلہائے عقیدت بھی نذر کئے، جو مادر وطن کی خدمت میں عظیم قربانیاں دینے والے بہادروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ جناب راج ناتھ سنگھ نے 24 مارچ 2024 کو لیہہ کا دورہ کیا تھااور فوجیوں کے ساتھ ہولی منائی تھی۔ انہوں نے سیاچن کا دورہ کرنا تھا لیکن موسم کی خرابی کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا۔ لیہہ سے، وزیردفاع نے سیاچن میں تعینات فوجیوں سے فون پر بات کی اور انہیں بتایا کہ وہ جلد ہی دنیا کے بلند ترین میدان جنگ کا دورہ کریں گے اور ان کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ اس طرح آج کے دورے کے ساتھ، جناب راج ناتھ سنگھ نے اپنے مصروف شیڈول کے باوجود اپنا وعدہ پورا کیا۔
*****
(ش ح –ا ع- ر ا)
U.No.6618
(Release ID: 2018448)
Visitor Counter : 100