صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ  ہند نے  پردھان منتری راشٹریہ  بال پُرسکار    پیش کئے

Posted On: 22 JAN 2024 10:03PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (22 جنوری 2024) کو نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں 19 بچوں کو پردھان منتری  راشٹریہ بال پُرسکار پیش کئے۔ شجاعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور جدت طرازی  کے زمرے  میں ایک ایک بچے  ؛ سوشل سروس  کے زمرے میں چار بچوں ؛ کھیل کود کے زمرے میں پانچ بچوں اور فن و ثقافت کے زمرے میں سات بچوں نے یہ ایوارڈ حاصل کئے۔

اس موقع پراظہارخیال کرتے ہوئے، صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ تفویض ایوارڈ کی یہ تقریب  کامیابی حاصل کرنے والے  نوجوان افراد  کی شاندار لیاقت اور صلاحیت کی حوصلہ افزائی کرنے کا ایک موقع ہے۔ یہ بچوں کی حصولیابیوں کا جشن منانے کا  بھی ایک موقع  ہے۔ انہوں نے سبھی بچوں کی ان کے بہترین کاموں کے لئے ستائش کی۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ ہمارے بچوں میں ہمہ جہت صلاحیتیں ہیں ، ان میں لگن اور محنت کے ذریعے اپنی شناخت بنانے کی بے پناہ صلاحیت ہے۔ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم انہیں صحیح سمت دکھائیں، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں اور توانائیوں کا  زیادہ سے زیادہ  استعمال کر سکیں۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ آج ہندوستان کے پاس نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کی شکل میں انمول وسائل موجود ہیں۔ یہ وسائل نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کے استعمال میں ماہر  بنانا ہوگا ۔ ان کی جدت طرازی اور صنعت کاری کے لیے حوصلہ افزائی کرنی ہوگی، تبھی وہ اس تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں اپنا صحیح مقام حاصل کر سکیں گے۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ آج کل کے بچے ٹیکنالوجی میں ماہر ہیں۔ وہ اپنی تعلیم کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں، لیکن ٹیکنالوجی کا اکثر غلط استعمال ہوتا ہے۔ڈیپ فیک، مالی دھوکہ دہی ، بچوں کا استحصال جیسے بہت سے جرائم ٹیکنالوجی کے ذریعے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کسی بھی معاملے پر اپنے خیالات کے اظہار اور لوگوں میں بیداری پھیلانے کا ایک طاقتور وسیلہ ہے، لیکن افواہیں پھیلانے کے لیے بھی اس کا بیجا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بچوں کو مشورہ دیا کہ وہ محتاط رہیں اور غلط کاموں سے دور رہیں کیونکہ ایک غلط قدم ان کے مستقبل کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

صدر جمہوریہ نے اس بات کو نمایاں کیا کہ  نوجوان نسل میں جسمانی سرگرمیاں کم ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم جسمانی سرگرمی کی وجہ سے بہت سی بیماریاں جو بچوں اور نوجوانوں میں بہت کم ہوتی تھیں آج بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سیکھیں اور کم از کم ایک کھیل میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کھیل کود کو بھلے ہی کیریئر کے طور پر نہ لیں لیکن کھیل انہیں جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند رکھتے ہیں ۔ اس سے ان میں ٹیم اسپرٹ پیدا ہوتی ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ بچے اور نوجوان افراد ہمارے ملک کے مستقبل کے رہنما ہیں۔ انہیں جدید تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم انہیں ہندوستانی ثقافت اور زندگی کی اقدار سے روشناس کرائیں۔ ایودھیا میں بھگوان شری رام کی مورتی کی پران پرتشٹھا کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں بھگوان رام کے نظریات اور رامائن میں بیان کردہ زندگی کی اقدار کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کا عہد کرنا چاہیے۔

صدرجمہوریہ کا خطاب ملاحظہ کرنےکےلئےیہاں کلک کریں

******

ش ح۔  ع م  ۔ م  ص

U-NO. 3902


(Release ID: 1998743) Visitor Counter : 101