کامرس اور صنعت کی وزارتہ

بھارت اور متحدہ عرب امارات دو طرفہ تجارت کو 100 بلین امریکی ڈالر تک بڑھانےکے خواہشمند ہیں:جناب پیوش گوئل


جناب گوئل نےبھارت-مڈل ایسٹ-یوروپ اقتصادی راہداری جیسے بھارت -یو اے ای تعاون اور روپے کو فروغ دینے اور روپیہ اور درہم کے درمیان براہ راست تجارت کو آسان بنانے کے اقدامات کو اجاگر کیا

یو اے ای انڈیا بزنس سمٹ یو اے ای-انڈیا شراکت داری سے وسیع امکانات کو بروئے کار لایا جاسکے گا:جناب گوئل

بھارت-متحدہ عرب امارات کی شراکت داری 21ویں صدی کا ایک واضح اتحاد ہے، جس کی جڑیں مشترکہ تاریخ اور باہمی ترقی کی خواہشات سے منسلک ہیں:جناب گوئل

جناب گوئل نے ڈبلیو ٹی او ایم سی13 کی وزارتی کانفرنس کی سربراہی میں ڈاکٹر ثانی کی قیادت کی تعریف کی اور ہندوستان کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا

Posted On: 10 JAN 2024 8:38PM by PIB Delhi

تجارت اور صنعت، امور صارفین، خوراک اور عوامی نظام تقسیم نیز ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے کہا ہے کہ بھارت اور متحدہ عرب امارات اپنی باہمی تجارت کو 100 بلین امریکی ڈالر تک بڑھانے کے  خواہش مند ہیں۔ آج گاندھی نگر، گجرات میں وائبرنٹ گجرات گلوبل سمٹ (درخشاں گجرات عالمی سربراہ کانفرنس) کے 10ویں ایڈیشن میں منعقدہ 'یو اے ای انڈیا بزنس سمٹ' سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے بھارت -یو اے ای شراکت داری کی کثیر جہتی نوعیت پر زور دیا، جس میں خلائی تحقیق، سلامتی، تعلیم اور آب و ہوا کی کارروائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون شامل ہے۔

جناب گوئل نے کہا کہ دونوں ممالک اپنی شراکت داری کو مزید بڑھانے کے لیے صنعت اور کاروبار سے نئی تجاویز  کے متمنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت  یو اے ای جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سی ای پی اے) کے تحت دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بھارت -مشرق وسطیٰ-یوروپ اقتصادی راہداری اور روپے کو فروغ دینے اور روپے اور درہم کے درمیان براہ راست تجارت کو آسان بنانے جیسے اہم تعاون کو بھی اجاگر کیا۔

دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے  یواے ای انڈیا بزنس سمٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای-انڈیا شراکت داری کی وسیع امکانات کو بروئے کار لانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بلندیوں تک لے جانے میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی غیر معمولی قیادت کی تعریف کی۔

وزیر موصوف نے نئی شرا کت داریاں دریافت کرنے ، مواقع کی نشاندہی کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے بے پناہ امکانات پر زور دیا۔ انہوں نے 21ویں صدی کے ایک متعین اتحاد کے طور پر بھارت -یو اے ای شراکت داری کا تصور کیا، جس کی جڑیں مشترکہ تاریخ اور باہمی ترقی کی خواہشات سے منسلک ہیں۔

جناب گوئل نے متحدہ عرب امارات کے عزت مآب غیر ملکی تجارت کے وزیر مملکت  ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی؛ اور ڈی پی ورلڈ گروپ کے چیئرمین اور سی ای او، سلطان احمد بن سلیم کو بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پائیدار دوستی کو فروغ دینے میں ان کی انمول شراکت کےتئیں اظہار تشکر کیا۔

جناب گوئل نے مختلف شعبوں میں یو اے ای-انڈیا کاروباری تعلقات کو مستحکم  بنانے میں ان کے اہم کرداروں کا اعتراف کیا، انہوں نے خاص طور پر سلطان احمد بن سلیم کی رہنمائی میں جبل علی فری زون میں بھارت پارک قائم کرنے کے منصوبے کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان اور اس سے آگے بین الاقوامی تجارت کے بے شمار مواقع سامنے آئیں گے، جس سے ہندوستان کی عالمی سطح پر نمایاں تشہیر ہوگی۔

وزیرموصوف  نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے وائس چیئرمین یوسف علی عبدالقادر کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا نیزبھارت کی ترقی کی کہانی میں کی جانے والی اہم سرمایہ کاری کا ذکر کیا، جس میں کشمیر میں ایک شاپنگ مال کا قیام شامل ہے۔

اقوام کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے، جناب گوئل نے متحدہ عرب امارات کے سیاسی استحکام، کاروبار کے لیے دوستانہ پالیسیوں، اور بنیادی ڈھانچے کے فروغ کو باہمی ترقی اور خوشحالی کے لیے سازگار عوامل کے طور پر سراہا۔

جناب پیوش گوئل نے فروری میں ابوظہبی میں منعقد ہونے والی ڈبلیو ٹی او وزارتی کانفرنس 13 کی صدارت کرنے میں ڈاکٹر ثانی کی قیادت کی تعریف کی اور اس کی کامیابی کو یقینی بنانے میں ہندوستان کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

ہندوستان کے آبادیاتی فائدہ اور اس کی نوجوانوں کی  خواہش سے بھری آبادی کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر موصوف نے سرمایہ کاروں کو بھارت کی ترقی کی کہانی میں حصہ لینے کی دعوت دی۔ انہوں نے  خاطر خواہ منافع پیش کرنے اور اس کے 1.4 بلین لوگوں کے خوابوں اور امنگوں میں تعاون دینے کی ملک کی صلاحیت پر زور دیا۔

مستقبل کے لیے غیر متزلزل امید اور مشترکہ وژن کے ایک بیان پر اختتام کرتے ہوئے، وزیرموصوف  نے ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پائیدار شراکت داری قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جس کے دونوں ممالک پردوررس نتائج مرتب ہوں گے۔

*****

ش ح ۔ش م ۔ ج ا

U. No.3481



(Release ID: 1995081) Visitor Counter : 59